صحيح البخاري
كتاب الهبة— کتاب: ہبہ کےمسائل فضیلت اور ترغیب کا بیان
بَابُ مَنْ أَهْدَى إِلَى صَاحِبِهِ وَتَحَرَّى بَعْضَ نِسَائِهِ دُونَ بَعْضٍ: باب: اپنے کسی دوست کو خاص اس دن تحفہ بھیجنا جب وہ اپنی ایک خاص بیوی کے پاس ہو۔
حَدَّثَنَا سُلَيْمَانُ بْنُ حَرْبٍ ، حَدَّثَنَا حَمَّادُ بْنُ زَيْدٍ ، عَنْ هِشَامِ بْنِ عُرْوَةَ ، عَنْ أَبِيهِ ، عَنْ عَائِشَةَ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهَا ، قَالَتْ : " كَانَ النَّاسُ يَتَحَرَّوْنَ بِهَدَايَاهُمْ يَوْمِي " . وَقَالَتْ أُمُّ سَلَمَةَ : إِنَّ صَوَاحِبِي اجْتَمَعْنَ ، فَذَكَرَتْ لَهُ فَأَعْرَضَ عَنْهَا .´ہم سے سلیمان بن حرب نے بیان کیا ، کہا کہ ہم سے حماد بن زید نے بیان کیا ہشام سے ، ان سے ان کے والد نے ، ان سے عائشہ رضی اللہ عنہا نے بیان کیا کہ` لوگ تحائف بھیجنے کے لیے میری باری کا انتظار کیا کرتے تھے ۔ اور ام سلمہ رضی اللہ عنہا نے کہا میری سوکنیں ( امہات المؤمنین رضوان اللہ علیہن ) جمع تھیں اس وقت انہوں نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے ( بطور شکایت لوگوں کی اس روش کا ) ذکر کیا ۔ تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے انہیں کوئی جواب نہیں دیا ۔
حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے، انہوں نے فرمایا: لوگ اپنے ہدایا بھیجتے وقت میری باری کے دن کا خیال رکھتے تھے۔ حضرت ام سلمہ رضی اللہ عنہا کا بیان ہے کہ میری سوکنیں اکٹھی ہوئیں، پھر انہوں نے آپ ﷺ سے (بطور شکایت) ذکر کیا تو آپ ﷺ نے ان کو جواب ہی نہ دیا۔
تشریح، فوائد و مسائل
لوگ رسول اللہ ﷺ کی خوشنودی کے لیے یہ اہتمام کرتے تھے کہ حضرت عائشہ ؓ کی باری کے دن کا انتظار کرتے۔
دوسری ازواج کو یہ اہتمام ناگوار گزرا تو انہوں نے مل کر اس کے متعلق احتجاج کیا۔
رسول اللہ ﷺ سے عرض کی کہ آپ لوگوں کو تحائف کے متعلق ہدایت کریں کہ وہ کسی خاص دن کا انتظار نہ کیا کریں بلکہ آپ جس گھر میں تشریف فرما ہوں ہدایا وہاں بھیج دیا کریں۔
رسول اللہ ﷺ نے اس بات کی طرف کوئی توجہ نہ دی کیونکہ اس معاملے میں آپ کا کوئی کردار نہ تھا، نہ آپ کے حکم سے لوگوں نے یہ عادت بنائی تھی اور آپ کے لیے انہیں روکنا مناسب بھی نہیں تھا۔
اس احتجاج کی تفصیل اگلی حدیث میں بیان ہوئی ہے۔
چنانچہ ام المؤمنین حضرت ام سلمہ ؓ نے عرض کیا، لیکن آنحضرت ﷺ نے ان کے معروضہ پر کچھ التفات نہیں فرمایا۔
وجہ التفات نہ فرمانے کی یہ تھی کہ ام المؤمنین ام سلمہ ؓ کی درخواست معقول نہ تھی۔
تحفہ بھیجنے والے کی مرضی جب چاہے بھیجے، اس کو جبراً کوئی حکم نہیں دیا جاسکتا کہ فلاں وقت بھیجے فلاں وقت نہ بھیجے۔
اس طویل حدیث میں اسی واقعہ کی تفصیل مذکور ہے اور حدیث اور باب میں مطابقت ظاہرہے۔
جہاں تک بیویوں کے حقوق واجبہ کا تعلق تھا آنحضرت ﷺ نے سب کے لیے ایک ایک رات کی باری مقرر فرمائی ہوئی تھی اور اسی کے مطابق عمل درآمد ہورہا تھا۔
چونکہ حضرت عائشہ ؓ کے کچھ خصوصی اوصاف حسنہ تھے اور آپ انہیں کی وجہ سے ان سے زیادہ محبت فرمایا کرتے تھے۔
اس لیے تحائف بھیجنے والے بعض صحابہ ؓ نے یہ سوچا کہ جب حضور ﷺ عائشہ ؓ کی باری میں ان کے ہاں آیا کریں اس وقت ہدیہ تحفہ بھیجا کریں گے۔
اس پر دوسری ازواج مطہرات نے آپ ﷺ کی خدمت میں درخواست کی کہ صحابہ ؓ کو اس خصوصیت سے روک دیں۔
مطالبہ درست نہ تھا لہٰذا آپ ﷺ نے اس پر کوئی توجہ نہ فرمائی حتیٰ کہ حضرت فاطمۃ الزہراء ؓ کو درمیان میں لایاگیا۔
آپ ﷺ نے فرمایا اے میری پیاری بیٹی! کیا تم ان کو دوست نہیں رکھتی جن کو میں دوست رکھتا ہوں۔
اس پر حضرت فاطمہ ؓ نے فرمایا ہاں حضور بے شک میں بھی جسے آپ دوست رکھتے ہیں اس کو دوست رکھتی ہوں۔
اس کے بعد حضرت فاطمہ ہمیشہ حضرت عائشہ ؓ کو دوست رکھتی رہیں۔
حضرت علی ؓ مناقبت عائشہ ؓ میں فرماتے ہیں کہ اللہ جانتا ہے حضرت عائشہ صدیقہ ؓ دنیا و آخرت میں رسول کریم ﷺ کی بیوی ہیں۔
خدا کی پھٹکار ہو ان بدزبان بے لگام نالائق لوگوں پر جو حضرت عائشہ صدیقہ ؓ کی شان میں زبان درازی کریں۔
هداهم اﷲ إلیٰ صراط مستقیم، آمین۔
حضرت عائشہ صدیقہ ؓ کی فضیلت کے لیے اتنا ہی کافی ہے کہ وہ سیدنا حضرت ابوبکر صدیق ؓ کی صاحبزادی ہیں اور جس طرح حضرت صدیق اکبر ؓ صحابہ کرام میں زیادہ علم و فضل رکھتے تھے ویسے ہی ان کی صاحبزادی بھی عورتوں میں عالمہ اور فاضلہ اور مقررہ تھیں۔
ہزاروں اشعار ان کو برزبان یاد تھے۔
فصاحت اور بلاغت میں کوئی ان کا مثیل نہ تھا۔
وذلك فضل اﷲ یؤتیه من یشاء اور سب سے بڑی فضیلت یہ کہ سرکار رسالت نے ان کو بہت سی خصوصیات کی بنا پر اپنی خاص رفیقہ حیات قرار دیا۔
حضرت جبرائیل ؑ نے آپ کا خاص اکرام کیا۔
و کفی به فضلا حضرت امام بخاری ؒ اس طویل حدیث کو یہاں اس لیے لائے کہ باب کا مضمون اس سے صراحتاً ثابت ہوتا ہے کہ کوئی شخص اپنے کسی خاص دوست کو تحفے تحائف اس کی خاص بیوی کی باری میں پیش کرسکتا ہے۔
الحمد للہ اپریل1970ءکی پانچ تاریخ تک کعبہ شریف مکۃ المکرمہ میں یہ پارہ اس حدیث تک پڑھاگیا اور احادیث نبویہ کے لفظ لفظ پر غور و فکر کرکے اللہ سے کعبہ میں دعاءکی گئی کہ وہ مجھے اس کے سمجھنے اور تحقیق حق کے ساتھ اس کا اردو ترجمہ و مختصر جامع شرح لکھنے کی توفیق عطا کرے اور اس باقیات الصالحات کا ثواب عظیم میرے مرحوم بھائی حاجی محمد علی عرف بلاری پیارو قریشی بنگلور کے حق میں بھی قبول کرے جن کی طرف سے حج بدل کرنے کے سلسلے میں مجھ کو زیارت حرمین شریفین کی یہ سعادت نصیب ہوئی۔
ربنا تقبل منا إنك أنت السمیع العلیم
(1)
اس طویل حدیث سے امام بخاری ؒ نے یہ ثابت کیا ہے کہ کوئی شخص اپنے کسی خاص دوست کو تحائف و ہدایا اس کی خاص بیوی کی باری میں پیش کر سکتا ہے۔
یہ تحفہ بھیجنے والے کی مرضی ہے کہ وہ جب چاہے جہاں چاہے بھیجے، اس پر زبردستی کوئی حکم نہیں ٹھونسا جا سکتا کہ فلاں وقت بھیجے اور فلاں وقت نہ بھیجے۔
(2)
رسول اللہ ﷺ کی ازواج مطہرات میں سے صدیقۂ کائنات حضرت عائشہ ؓ کو ایک خاص مقام حاصل تھا۔
اللہ تعالیٰ کی پھٹکار ہو ان نالائق لوگوں پر جو حضرت عائشہ ؓ کے متعلق زبان درازی کرتے ہیں۔
(3)
رسول اللہ ﷺ نے ان کے متعلق فرمایا: ’’ آخر یہ حضرت ابوبکر ؓ کی دختر ہیں۔
‘‘ حافظ ابن حجر ؒ لکھتے ہیں: اس کا مطلب یہ ہے کہ حضرت عائشہ ؓ شریف الطبع، زیرک و دانا اور معاملہ فہم ہیں جیسا کہ ان کے والد گرامی نہایت شریف اور عقلمند انسان ہیں۔
(فتح الباري: 256/5)
رسول اللہ ﷺ کا مقصد فتنے کا سدباب تھا۔
اگر فریقین دل کی بھڑاس نہ نکالتے تو قصہ دراز ہو جاتا۔
اچھا ہوا کہ رسول اللہ ﷺ کی موجودگی میں قصہ کوتاہ (مختصر)
ہو گیا۔
واللہ أعلم
راوی کے بیان کا یہی مطلب ہے۔
جس دن رسول اللہ ﷺ حضرت عائشہ ؓ کے گھر تشریف فرما ہوتے تو لوگ آپ کو ہدایا اور نذرانے بھیجا کرتے تھے۔
لوگوں کے دلوں میں حضرت عائشہ ؓ کا احترام دو پہلوؤں سے تھا: ٭ رسول اللہ ﷺ کو آپ سے خصوصی تعلق خاطر تھا، اس بنا پر لوگ رسول اللہ ﷺ کی خوشنودی حاصل کرنا چاہتے تھے۔
٭ اپنے علم اور مرتبے کے لحاظ سے بھی ان کا ایک خاص مقام تھا، اس بنا پر لوگوں کا احترام اپنی جگہ پر قابل تعریف تھا۔
خدمت نبوی میں تحفہ اور پھر اسے حضرت عائشہ ؓ کی باری میں پیش کرنا ہر دو امور رسول اللہ ﷺ کی خوشی کا باعث تھے۔
اس کے باوجود رسول اللہ ﷺ اس طریقے سے جو چیزیں حضرت عائشہ ؓ کے گھر پہنچتی تھیں ان میں سے تمام ازواج کو بھیجتے تھے۔
(فتح الباري: 256/5)
يتحرون: قصد و ارادہ کرتے تھے، حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا کی باری کے دن کا انتظار کرتے۔
فوائد ومسائل: اس حدیث سے معلوم ہوتا ہے، صحابہ کرام کو پتہ تھا کہ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے زیادہ محبت کرتے ہیں، اس لیے اس دن تحفہ پیش کرنے سے آپ کو زیادہ مسرت ہو گی اور آپ زیادہ خوش ہوں گے، اس لیے وہ اس انتظار میں رہتے کہ کب حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا کی باری آئے اور ہم رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو خوش کرنے کی سعادت حاصل کریں۔