حدیث نمبر: 2549
حَدَّثَنَا إِسْحَاقُ بْنُ نَصْرٍ ، حَدَّثَنَا أَبُو أُسَامَةَ ، عَنِ الْأَعْمَشِ ، حَدَّثَنَا أَبُو صَالِحٍ ، عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُ ، قَالَ : قَالَ النَّبِيُّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ : " نِعْمَّا لِأَحَدِهِمْ يُحْسِنُ عِبَادَةَ رَبِّهِ وَيَنْصَحُ لِسَيِّدِهِ " .
مولانا داود راز

´ہم سے اسحاق بن نصر نے بیان کیا ، کہا ہم سے ابواسامہ نے بیان کیا ، انہوں نے اعمش سے ، ان سے ابوصالح نے بیان کیا اور ان سے ابوہریرہ رضی اللہ عنہ نے کہ` نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ” کتنا اچھا ہے کسی کا وہ غلام جو اپنے رب کی عبادت تمام حسن و خوبی کے ساتھ بجا لائے اور اپنے مالک کی خیر خواہی بھی کرتا رہے ۔ “

حوالہ حدیث صحيح البخاري / كتاب العتق / حدیث: 2549
درجۂ حدیث محدثین: أحاديث صحيح البخاريّ كلّها صحيحة
اس موضوع سے متعلق مزید احادیث و آثار کے حوالے ملاحظہ کریں : صحيح البخاري: 2548 | صحيح مسلم: 1665 | صحيح مسلم: 1666 | صحيح مسلم: 1667 | سنن ترمذي: 1985 | صحيفه همام بن منبه: 119

تشریح، فوائد و مسائل

✍️ الشیخ عبدالستار الحماد
2549. حضرت ابوہریرہ ؓ ہی سے روایت ہے انھوں نے کہا: نبی کریم ﷺ نے فرمایا: ’’ کتنااچھا ہے کسی کا وہ غلام جو اپنے رب کی عبادت اچھی طرح کرتا ہے اور اپنے آقا کی خیر خواہی بھی کرتا ہے۔‘‘[صحيح بخاري، حديث نمبر:2549]
حدیث حاشیہ:
رسول اللہ ﷺ نے جہاں آقاؤں کو اپنے لونڈی غلاموں کے ساتھ اچھا برتاؤ کرنے کی تلقین فرمائی ہے وہاں لونڈی غلاموں سے توقع رکھی ہے کہ وہ اسلامی فرائض کی ادائیگی کے بعد اپنے آقاؤں کی خیرخواہی کو اہم فریضہ خیال کریں، ان کے ساتھ وفاداری کریں اور انہیں تکلیف پہنچانے کا تصور تک نہ کریں۔
اگر وہ ان تعلیمات پر عمل کریں گے تو اللہ کے ہاں دوگنا اجر پائیں گے۔
ایسے غلاموں کی رسول اللہ ﷺ نے تعریف کی ہے جیسا کہ حدیث مذکور میں ہے۔
واللہ أعلم
درج بالا اقتباس هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 2549 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 2548 کی شرح از مولانا داود راز ✍️
2548. حضرت ابوہریرہ ؓ سے روایت ہے انھوں نے کہا کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ’’نیک غلام کے لیے دوہرا ثواب ہے۔‘‘ اس ذات کی قسم جس کے ہاتھ میں میری جان ہے!اگر اللہ کے راستے میں جہاد کرنا اور حج بیت اللہ نیز والدہ کے ساتھ اچھا برتاؤ کرنا نہ ہوتا تو میں یہ پسند کرتا کہ میں کسی کا مملوک (غلام) رہ کر مرتا۔[صحيح بخاري، حديث نمبر:2548]
حدیث حاشیہ: حضرت ابوہریرہ ؓ کا مطلب یہ ہے کہ غلام پر جہاد فرض نہیں ہے، اسی طرح حج اور وہ بغیر اپنے مالک کی اجازت کے جہاد اور حج کے لیے جا بھی نہیں سکتا۔
اسی طرح اپنی ماں کی خدمت بھی آزادی کے ساتھ نہیں کرسکتا۔
اس لیے اگر یہ باتیں نہ ہوتیں تو میں آزادی کی نسبت کسی کا غلام رہنا زیادہ پسند کرتا۔
قال ابن بطال هو من قول أبي هریرة و کذلك قاله الداودي وغیرہ أنه مدرج في الحدیث و قد صرح بالإدراج الإسماعیلي من طریق آخر عن عبداﷲ بن المبارك بلفظ والذي نفس أبي هریرة بیدہ الخ و صرح مسلم أیضا بذلك۔
(حاشیہ بخاری)
یعنی یہ قول حضرت ابوہریرۃ رضی اللہ عنہ کا ہے۔
عبداللہ بن مبارک سے صراحتاً یہ آیا ہے اور مسلم میں بھی یہ صراحت موجود ہے۔
واللہ أعلم
درج بالا اقتباس صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 2548 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 2548 کی شرح از الشیخ عبدالستار الحماد ✍️
2548. حضرت ابوہریرہ ؓ سے روایت ہے انھوں نے کہا کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ’’نیک غلام کے لیے دوہرا ثواب ہے۔‘‘ اس ذات کی قسم جس کے ہاتھ میں میری جان ہے!اگر اللہ کے راستے میں جہاد کرنا اور حج بیت اللہ نیز والدہ کے ساتھ اچھا برتاؤ کرنا نہ ہوتا تو میں یہ پسند کرتا کہ میں کسی کا مملوک (غلام) رہ کر مرتا۔[صحيح بخاري، حديث نمبر:2548]
حدیث حاشیہ:

اس حدیث پر ایک اعتراض ہے کہ رسول اللہﷺ کی والدہ ماجدہ تو رسول اللہﷺ کی صغر سنی ہی میں وفات پا گئی تھیں تو حدیث کے مطابق اپنی ماں سے نیکی کرنے کے کیا معنی ہیں؟ اس کا جواب یہ دیا گیا ہے کہ مذکورہ کلام رسول اللہﷺ کا نہیں بلکہ یہ حضرت ابو ہریرہؓ کا مقولہ ہے جیسا کہ صحیح مسلم میں ہے، رسول اللہﷺ نے فرمایا: ’’نیک اور صالح غلام کو دوہرا اجر ملتا ہے‘‘ اور اس ذات کی قسم جس کے قبضے میں ابو ہریرہ کی جان ہے! اگر اللہ کی راہ میں جہاد اور حج نہ ہوتا، نیز والدہ سے نیک کرنا ضروری نہ ہوتا تو میری خواہش یہی تھی کہ میں غلامی میں فوت ہوتا۔
(صحیح مسلم، الإیمان، حدیث: 4320(1665)
۔

حضرت ابو ہریرہؓ کا مطلب ہے کہ غلام پر جہاد فرض نہیں ہے اسی طرح حج کرنا بھی اس کے فرائض میں شامل نہیں ہے، ماں کی خدمت بھی آزادی سے نہیں کر سکتا، اس لیے اگر یہ باتیں نہ ہوتیں تو میں آزادی کی نسبت کسی کا غلام رہنا پسند کرتا۔
(فتح الباري: 217/5)
درج بالا اقتباس هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 2548 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: سنن ترمذي / حدیث: 1985 کی شرح از ڈاکٹر عبدالرحمٰن فریوائی ✍️
´نیک سیرت غلام کی فضیلت کا بیان۔`
ابوہریرہ رضی الله عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ان کے لیے کیا ہی اچھا ہے کہ اپنے رب کی اطاعت کریں اور اپنے مالک کا حق ادا کریں ، آپ کے اس فرمان کا مطلب لونڈی و غلام سے تھا ۱؎۔ کعب رضی الله عنہ کہتے ہیں: اللہ اور اس کے رسول نے سچ فرمایا۔ [سنن ترمذي/كتاب البر والصلة/حدیث: 1985]
اردو حاشہ:
وضاحت:
1؎:
گویا وہ غلام اور لونڈی جو رب العالمین کی عبادت کے ساتھ ساتھ اپنے مالک کے جملہ حقوق کو اچھی طرح سے ادا کریں ان کے لیے دوگنا ثواب ہے، ایک رب کی عبادت کا دوسرا مالک کا حق اداکرنے کا۔
درج بالا اقتباس سنن ترمذي مجلس علمي دار الدعوة، نئى دهلى، حدیث/صفحہ نمبر: 1985 سے ماخوذ ہے۔