حدیث نمبر: 2535
حَدَّثَنَا أَبُو الْوَلِيدِ ، حَدَّثَنَا شُعْبَةُ ، قَالَ : أَخْبَرَنِي عَبْدُ اللَّهِ بْنُ دِينَارٍ ، سَمِعْتُ ابْنَ عُمَرَ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُمَا ، يَقُولُ : " نَهَى رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ عَنْ بَيْعِ الْوَلَاءِ ، وَعَنْ هِبَتِهِ " .
مولانا داود راز

´ہم سے ابوالولید نے بیان کیا ، انہوں نے کہا ہم سے شعبہ نے بیان کیا ، انہوں نے کہا مجھے عبداللہ بن دینار نے خبر دی ، انہوں نے عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے سنا ، آپ بیان کیا کرتے تھے کہ` رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ولاء کے بیچنے اور اس کے ہبہ کرنے سے منع فرمایا تھا ۔

حوالہ حدیث صحيح البخاري / كتاب العتق / حدیث: 2535
درجۂ حدیث محدثین: أحاديث صحيح البخاريّ كلّها صحيحة

تشریح، فوائد و مسائل

✍️ مولانا داود راز
2535. حضرت ابن عمر ؓ سے روایت ہے، انھوں نے کہا: نبی کریم ﷺ نے ولا کے بیچنے اور اس کے ہبہ کرنے سے منع فرمایا ہے۔[صحيح بخاري، حديث نمبر:2535]
حدیث حاشیہ: کیوں کہ ولاءایک حق ہے جو آزاد کرنے والے کو اس غلام پر حاصل ہوتا ہے جس کو وہ آماد کرے۔
ایسے حقوق کی بیع نہیں ہوسکتی۔
معلوم نہیں مرتے وقت اس غلام کے پاس کچھ مال وغیرہ رہتا ہے یا نہیں۔
درج بالا اقتباس صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 2535 سے ماخوذ ہے۔

✍️ الشیخ عبدالستار الحماد
2535. حضرت ابن عمر ؓ سے روایت ہے، انھوں نے کہا: نبی کریم ﷺ نے ولا کے بیچنے اور اس کے ہبہ کرنے سے منع فرمایا ہے۔[صحيح بخاري، حديث نمبر:2535]
حدیث حاشیہ:
ولاء اس تعلق کو کہتے ہیں جو آزاد کردہ غلام اور اسے آزاد کرنے والے کے درمیان قائم ہو۔
جب آزاد کردہ غلام فوت ہو جائے تو اس کا وارث اس کا آزاد کرنے والا ہو گا یا اس کے دیگر ورثاء؟ دور جاہلیت میں لوگ اس تعلق کو بیچنا اور کسی کو ہبہ کرنا جائز خیال کرتے تھے۔
رسول اللہ ﷺ نے اس سے منع فرمایا کیونکہ ولاء نسب کی طرح ہے جو کسی طور پر بھی زائل نہیں ہو سکتا، اس کے متعلق کسی کو اختلاف نہیں ہے۔
درج بالا اقتباس هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 2535 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 6756 کی شرح از الشیخ عبدالستار الحماد ✍️
6756. حضرت عبداللہ بن عمر ؓ سے روایت ہے انہوں نے کہا کہ نبی ﷺ نے ولا کی خرید و فروخت اور اس کے ہبہ کرنے سے منع فرمایا ہے۔[صحيح بخاري، حديث نمبر:6756]
حدیث حاشیہ:
(1)
چونکہ خرید و فروخت اور ہبہ کرنے میں قبضہ اور تسلیم بنیادی شرط ہے جو ولا میں نہیں ہوسکتا، اس لیے شریعت نے اسے ناجائز ٹھہرایا ہے۔
ولا، نسب کی طرح ہے۔
جس طرح نسب کی خرید و فروخت حرام ہے اسی طرح ولا کی خرید و فروخت بھی ناجائز ہے۔
(2)
بعض صحابۂ کرام رضی اللہ عنہم سے ولا کے ہبے کا جو جواز مذکور ہے تو اس میں اور مذکورہ حدیث میں تطبیق یہ ہے کہ انھیں منع والی روایت کا علم نہیں ہوگا۔
(فتح الباري: 54/12)
بہر حال یہ تعلق ناقابلِ انتقال اور ناقابلِ خرید و فروخت ہے۔
واللہ أعلم
درج بالا اقتباس هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 6756 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح مسلم / حدیث: 1506 کی شرح از مولانا عبد العزیز علوی ✍️
حضرت ابن عمر رضی اللہ تعالی عنہما سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ولاء کو بیچنے اور اس کے ہبہ کرنے سے منع فرمایا، امام مسلم فرماتے ہیں، اس حدیث کے سلسلہ میں تمام لوگ عبداللہ بن دینار کے محتاج ہیں، (ان کے سوا کسی سے یہ روایت مروی نہیں ہے)۔ [صحيح مسلم، حديث نمبر:3788]
حدیث حاشیہ: مفردات الحدیث:
ولاء: واؤ پر زبر ہے، نسبت آزادی، جس کی بناء پر آزاد کرنے والا جس کو آزاد کرتا ہے اس کا وارث بنتا ہے، تو جس طرح نسب (خاندان)
کی تبدیلی کسی صورت میں ممکن نہیں ہے، یہی حکم ولاء کا ہے۔
فوائد ومسائل: اس مسئلہ پر اب علماء کا اتفاق ہے کہ جاہلیت کے رواج کے مطابق یا اس پر عمل کرتے ہوئے ولاء کی خریدو فروخت یا ہبہ کرنا جائز نہیں ہے اور بعض صحابہ سے جو اس کے خلاف منقول ہے تو اس کی وجہ یہ ہے ان تک یہ روایت نہیں پہنچتی تھی اور یہ روایت عام طور پر حضرت ابن عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہما سے صرف عبد اللہ بن دینار رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے واسطہ سے ہی مروی ہے اگرچہ صحیح ابن عوانہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ اور ثقات ابن حبان رحمۃ اللہ علیہ میں عبداللہ بن دینار رحمۃ اللہ علیہ کے ساتھ نافع کو بھی شریک کیا گیا ہے۔
درج بالا اقتباس تحفۃ المسلم شرح صحیح مسلم، حدیث/صفحہ نمبر: 1506 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: سنن ترمذي / حدیث: 1236 کی شرح از ڈاکٹر عبدالرحمٰن فریوائی ✍️
´میراث ولاء کو بیچنے اور اس کو ہبہ کرنے کی کراہت کا بیان۔`
عبداللہ بن عمر رضی الله عنہما سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ولاء ۱؎ کو بیچنے اور ہبہ کرنے سے منع فرمایا ۲؎۔ [سنن ترمذي/كتاب البيوع/حدیث: 1236]
اردو حاشہ:
وضاحت:
1؎:
ولاء اس حق وراثت کوکہتے ہیں جوآزادکرنے والے کوآزاد کردہ غلام کی طرف سے ملتا ہے۔

2؎:
عرب آزاد ہونے والے کی موت سے پہلے ہی ولاء کوفروخت کردیتے یا ہبہ کردیتے تھے، تورسول اللہ ﷺنے اسے ممنوع قراردیا تاکہ ولاء آزاد کرنے والے کے وارثوں کوملے یا اگرخود زندہ ہے تووہ خود حاصل کرے، لہٰذا ایسے غلام کا بیچنا یا اسے ہبہ کرنا جائزنہیں جمہور علماء سلف وخلف کا یہی مذہب ہے۔

2؎:
عرب آزاد ہونے والے کی موت سے پہلے ہی ولاء کوفروخت کردیتے یا ہبہ کردیتے تھے، تورسول اللہ ﷺنے اسے ممنوع قراردیا تاکہ ولاء آزاد کرنے والے کے وارثوں کوملے یا اگرخود زندہ ہے تووہ خودحاصل کرے، لہٰذا ایسے غلام کا بیچنا یا اسے ہبہ کرنا جائزنہیں جمہور علماء سلف وخلف کا یہی مذہب ہے۔
درج بالا اقتباس سنن ترمذي مجلس علمي دار الدعوة، نئى دهلى، حدیث/صفحہ نمبر: 1236 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: سنن ترمذي / حدیث: 2126 کی شرح از ڈاکٹر عبدالرحمٰن فریوائی ✍️
´ولاء کے بیچنے اور اسے ہبہ کرنے کی ممانعت کا بیان۔`
عبداللہ بن عمر رضی الله عنہما سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ولاء کے بیچنے اور اسے ہبہ کرنے سے منع فرمایا۔ [سنن ترمذي/كتاب الولاء والهبة/حدیث: 2126]
اردو حاشہ:
وضاحت:
1؎:
یعنی نافع کی جگہ عبداللہ بن دینار کا واسطہ صحیح ہے۔
درج بالا اقتباس سنن ترمذي مجلس علمي دار الدعوة، نئى دهلى، حدیث/صفحہ نمبر: 2126 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: سنن ابي داود / حدیث: 2919 کی شرح از الشیخ عمر فاروق سعیدی ✍️
´ولاء (میراث) بیچنے کا بیان۔`
عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ولاء کو بیچنے اور اسے ہبہ کرنے سے منع فرمایا ہے ۱؎۔ [سنن ابي داود/كتاب الفرائض /حدیث: 2919]
فوائد ومسائل:
صحیح ابن حبان میں ہے کہ ولاء کی قرابت ایسے ہی ہے، جیسے کہ نسب کی قرابت اسے بیچا یا ہبہ نہیں کیا جاسکتا (صحیح ابن حبان، ابن بلبان البیع المنھي عنه، حدیث: 4950) نیز دیکھئے گزشتہ باب 12)
درج بالا اقتباس سنن ابی داود شرح از الشیخ عمر فاروق سعیدی، حدیث/صفحہ نمبر: 2919 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: سنن نسائي / حدیث: 4661 کی شرح از حافظ محمد امین ✍️
´ولاء (حق وراثت) کے بیچنے کا بیان۔`
عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ولاء (وراثت) کو بیچنے اور اسے ہبہ کرنے سے منع فرمایا ہے ۱؎۔ [سنن نسائي/كتاب البيوع/حدیث: 4661]
اردو حاشہ: ولا وہ تعلق اور رشتہ ہے جو آزاد کرنے والے اور آزاد شدہ غلام کے درمیان آزادی سے قائم ہوتا ہے۔ ظاہر ہے رشتے اور تعلقات نہ بیچے جا سکتے ہیں نہ کسی عطیتاً دیے جا سکتے ہیں۔ بسا اوقات اس تعلق کی وجہ سے آزاد کرنے والے کو آزاد شدہ غلام کی وراثت بھی حاصل ہو جاتی ہے، اس لیے جاہل لوگ یہ رشتہ بیچ دیا کرتے تھے کہ وارثت تو سنبھال لینا، مجھے اتنی رقم فوراً دے دے۔ شریعت نے اس زر پرستی سے منع فرمایا کہ رشتے بیچنے یا تحفتاً دینے کی چیز نہیں۔
درج بالا اقتباس سنن نسائی ترجمہ و فوائد از الشیخ حافظ محمد امین حفظ اللہ، حدیث/صفحہ نمبر: 4661 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: سنن ابن ماجه / حدیث: 2748 کی شرح از مولانا عطا اللہ ساجد ✍️
´حق ولا ء (میراث) کو بیچنا اور ہبہ کرنا ممنوع ہے۔`
عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے حق ولاء (میراث) کو بیچنے اور اس کو ہبہ کرنے سے منع فرمایا ہے۔ [سنن ابن ماجه/كتاب الفرائض/حدیث: 2748]
اردو حاشہ:
فوائد و مسائل:
(1)
آزاد کرنے والے کا آزاد ہونے والے سے جو تعلق ہوتاہے۔
اسے ’’ولاء‘‘ کہتے ہیں۔
اس کے نتیجے میں اسے بعض خاص حقوق حاصل ہوتے ہیں، مثلاً: آزاد ہونے والے کا کوئی وارث نہ ہو تو آزاد کرنے والا اس کا وراث ہوتا ہے۔
اور آزاد ہونے والا آزاد کرنے والے کے قبیلے کا فرد شمار ہوتا ہے۔

(2)
ولاء کا تعلق ناقابل انتقال ہے۔
اسے نہ بیچا خریدا جا سکتا ہے، نہ بلامعاوضہ کسی کو دیا جا سکتا ہے۔
درج بالا اقتباس سنن ابن ماجہ شرح از مولانا عطا الله ساجد، حدیث/صفحہ نمبر: 2748 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: موطا امام مالك رواية ابن القاسم / حدیث: 521 کی شرح از حافظ زبیر علی زئی ✍️
´رشتہ ولاء بیچنا یا ہبہ کرنا جائز نہیں ہے`
«. . . 289- وبه: أن رسول الله صلى الله عليه وسلم نهى عن بيع الولاء وعن هبته. . . .»
. . . اور اسی سند کے ساتھ (سیدنا ابن عمر رضی اللہ عنہما سے) روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے رشتہ ولاء کے بیچنے اور ہبہ کرنے سے منع فرمایا ہے . . . [موطا امام مالك رواية ابن القاسم: 521]
تخریج الحدیث: [وأخرجه النسائي 306/7 ح 4662، من حديث مالك به ورواه البخاري 2535، ومسلم 1506، من حديث عبدالله بن دينار به]
تفقه:
➊ جو شخص کسی غلام کو آزاد کرے تو وہ اس کا ولی (وارث) بن جاتا ہے اور اسی کی طرف غلام کو منسوب کیا جاتا ہے۔ اسے رشتۂ ولاء کہتے ہیں۔
➋ رشتۂ ولاء بیچنا جائز نہیں ہے لہٰذا غلام اسی کا مولیٰ ہے جس نے اسے آزاد کیا ہے۔
درج بالا اقتباس موطا امام مالک روایۃ ابن القاسم شرح از زبیر علی زئی، حدیث/صفحہ نمبر: 289 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: بلوغ المرام / حدیث: 663 کی شرح از الشیخ صفی الرحمن مبارکپوری ✍️
´بیع کی شرائط اور بیع ممنوعہ کی اقسام`
سیدنا ابن عمر رضی اللہ عنہما سے ہی یہ بھی مروی ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ولاء کے فروخت کرنے اور اس کے ہبہ کرنے سے منع فرمایا ہے۔ (بخاری و مسلم) «بلوغ المرام/حدیث: 663»
تخریج:
«أخرجه البخاري، الفرائض، باب إثم من تبرأ من مواليه، حديث:6756، ومسلم، العتق، باب النهي عن بيع الولاء وهبة، حديث:1506.»
تشریح: 1. اس حدیث میں ولا کے فروخت کرنے اور اسے ہبہ کرنے کی ممانعت ہے۔
2. ولا‘ وراثت کے حق کو کہتے ہیں جو آزاد کرنے والے کو آزاد کردہ غلام کی طرف سے ملتا ہے۔
3. اہل عرب آزاد کرنے والے کی وفات سے پہلے ہی غلام کی ولا کو فروخت یا ہبہ کر دیتے تھے۔
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اسے ممنوع قرار دے دیا تاکہ ولا آزاد کرنے والے کے وارثوں کو ملے‘ یا اگر خود زندہ ہے تو وہ خود حاصل کر لے‘ لہٰذا ایسے غلام کی ولا فروخت کرنا یا اسے ہبہ کرنا جائز نہیں۔
جمہور علمائے سلف و خلف سب کا یہی موقف ہے۔
درج بالا اقتباس بلوغ المرام شرح از صفی الرحمن مبارکپوری، حدیث/صفحہ نمبر: 663 سے ماخوذ ہے۔