صحيح البخاري
كتاب الرهن— کتاب: رہن کے بیان میں
بَابُ الرَّهْنُ مَرْكُوبٌ وَمَحْلُوبٌ: باب: گروی جانور پر سواری کرنا اس کا دودھ پینا درست ہے۔
حَدَّثَنَا مُحَمَّدُ بْنُ مُقَاتِلٍ ، أَخْبَرَنَا عَبْدُ اللَّهِ ، أَخْبَرَنَا زَكَرِيَّاءُ ، عَنْ الشَّعْبِيِّ ، عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُ ، قَالَ : قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ : " الرَّهْنُ يُرْكَبُ بِنَفَقَتِهِ إِذَا كَانَ مَرْهُونًا ، وَلَبَنُ الدَّرِّ يُشْرَبُ بِنَفَقَتِهِ إِذَا كَانَ مَرْهُونًا ، وَعَلَى الَّذِي يَرْكَبُ وَيَشْرَبُ النَّفَقَةُ " .´ہم سے محمد بن مقاتل نے بیان کیا ، کہا ہم کو عبداللہ بن مبارک نے خبر دی ، انہیں زکریا نے خبر دی ، انہیں شعبی نے اور ان سے ابوہریرہ رضی اللہ عنہ نے بیان کیا کہ` رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ، گروی جانور پر اس کے خرچ کے بدل سواری کی جائے ۔ اسی طرح دودھ والے جانور کا جب وہ گروی ہو تو خرچ کے بدل اس کا دودھ پیا جائے اور جو کوئی سواری کرے یا دودھ پئے وہی اس کا خرچ اٹھائے ۔
حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ ہی سے روایت ہے، انہوں نے کہا کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ”سواری کا جانور اگر گروی ہے تو بقدرِ خرچ اس پر سواری کی جا سکتی ہے اور اگر دودھ والا جانور گروی ہے تو خرچ کے عوض اس کا دودھ پیا جا سکتا ہے۔ سوار ہونے اور دودھ پینے والے کے ذمے اس کا خرچ ہے۔“
تشریح، فوائد و مسائل
جب اس کی درستی اور اصلاح کی خبرگیری کرتا رہے۔
گو مالک نے اس کو اجازت نہ دی ہو اور جمہور فقہاءنے اس کے خلاف کہا ہے کہ مرتہن کو شی مرہونہ سے کوئی فائدہ اٹھانا درست نہیں۔
اہل حدیث کے مذہب پر مرتہن کو مکان مرہونہ بعوض اس کی حفاظت اور صفائی وغیرہ کے رہنا، اسی طرح غلام لونڈی سے بعوض ان کے نان اور پارچہ کے خدمت لینا درست ہوگا۔
جمہور فقہاءاس حدیث سے دلیل لیتے ہیں کہ جس میں قرض سے کچھ فائدہ حاصل کیا جائے وہ سود ہے۔
اہل حدیث کہتے ہیں کہ اول تو یہ حدیث ضعیف ہے، اس صحیح حدیث کے معارضہ کے لائق نہیں۔
دوسرے اس حدیث میں مراد وہ قرضہ ہے جو بلا گروی کے بطور قرض حسنہ ہو۔
طحاوی نے اپنے مذہب کی تائید کے لیے اس حدیث میں یہ تاویل کی ہے کہ مراد یہ ہے کہ راہن اس پر سواری کرے اور اس کا دودھ پیے اور وہی اس کا دانہ چارہ کرے۔
اور ہم کہتے ہیں کہ یہ تاویل ظاہر کے خلاف ہے کیوں کہ مرہونہ جانور مرتہن کے قبضہ میں اور حراست میں رہتا ہے نہ کہ راہن کے۔
اس کے علاوہ حماد بن سلمہ نے اپنی جامع میں حماد بن ابی سلیمان سے جو حضرت امام ابوحنیفہ ؒ کے استاد ہیں، روایت کی، انہوں نے ابراہیم نخعی سے، اسمیں صاف یوں ہے کہ جب کوئی بکری رہن کرے تو مرتہن بقدر اس کے دانے چارے کے اس کا دودھ پیے۔
اگر دودھ اس کے دانے چارے کے بعد بچ رہے تو اس کا لینا درست نہیں وہ ربوا ہے۔
(از مولانا وحید الزما ںمرحوم)
ابوہریرہ رضی الله عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: " سواری کا جانور جب رہن رکھا ہو تو اس پر سواری کی جائے اور دودھ والا جانور جب گروی رکھا ہو تو اس کا دودھ پیا جائے، اور جو سواری کرے اور دودھ پیے جانور کا خرچ اسی کے ذمہ ہے " ۱؎۔ [سنن ترمذي/كتاب البيوع/حدیث: 1254]
وضاحت:
1؎:
مرہون (گروی رکھی ہوئی چیز) سے فائدہ اٹھانا مرتہن (رہن رکھنے والے) کے لیے درست نہیں البتہ اگرمرہون جانورہو تو اس حدیث کی روسے اس پراس کے چارے کے عوض سواری کی جا سکتی ہے اوراس کا دودھ استعمال کیا جا سکتا ہے۔
ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: " جانور پر سواری کی جائے گی جب وہ اس کے ذمہ گروی ہو، اور دودھ والے جانور کا دودھ پیا جائے گا جب وہ گروی ہو، اور جو سواری کرے یا دودھ پیئے اس جانور کی خوراک کا خرچ ہو گا " ۱؎۔ [سنن ابن ماجه/كتاب الرهون/حدیث: 2440]
فوائد و مسائل:
(1)
رہن رکھے ہوئے جانور کی دیکھ بھال کرنی پڑتی ہے اوراسے چار ہ کھلانا پڑٹا ہے ورنہ وہ مر سکتا ہے یا سخت بیمار یا کمزور ہو سکتا ہے اس طرح جانور پرظلم بھی ہو گا اورراہن یا مرتہن کو کوئی فائدہ بھی نہیں ہوگا اس لیے جانور کی دیکھ بھال کرنے والے کو اس کی محنت کے عوض اس سے فائدہ اٹھانے کا حق دیا گیا ہے۔
(2)
اگرگاڑی (کار وغیرہ)
رہن رکھی جائے تو اس پرسفر کیا جا سکتا ہے تاہم اس کے پٹرول کا خرچ اور مرمت وغیرہ کےاخراجات قرض خواہ (قرض وہندہ)
کے ذمے ہوں گے جو اس سے فائدہ اٹھا رہا ہے۔
سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا " رہن رکھے ہوئے جانور پر (اس پر اٹھنے والے) مصارف و اخراجات کے بدلے سواری کی جا سکتی ہے۔ اور دودھ دینے والے جانور کا دودھ (اس پر اٹھنے والے) مصارف کے بدلے پیا جا سکتا ہے، جبکہ وہ رہن ہو اور جو آدمی سواری کرتا ہے اور دودھ پیتا ہے۔ اس کے اخراجات کا ذمہ دار بھی وہی ہے۔ " (بخاری) «بلوغ المرام/حدیث: 723»
«أخرجه البخاري، الرهن، باب الرهن مركوب ومحلوب، حديث:2512.»
تشریح: 1. اس حدیث سے ثابت ہوا کہ جب مرہونہ کی دیکھ بھال اور حفاظت کی ذمہ داری مرتھن پر ہے تو اس کے لیے اس سے انتفاع بھی جائز ہے‘ خواہ اس چیز یا جانور کا مالک اس کی اجازت نہ دے۔
امام احمد اور اسحاق رحمہما اللہ وغیرہ کی یہی رائے ہے‘ وہ کہتے ہیں کہ جس کے پاس چیز رہن رکھی گئی ہے وہ اس پر آنے والے اخراجات کے بقدر اس کے دودھ اور سواری کا فائدہ لے سکتا ہے۔
ان دونوں کے سوا فائدہ نہیں اٹھا سکتا اور نہ اخراجات سے زیادہ فائدہ اٹھانا جائز ہے۔
2.جمہور علماء کا قول ہے کہ مرہونہ چیز سے کسی قسم کا فائدہ اٹھانا جائز نہیں بلکہ سارے فوائد رہن رکھنے والا اٹھا سکتا ہے۔
اس پر جو مشقت و محنت اور مصارف ہوں گے‘ وہ بھی اس کے ذمے ہوں گے۔
مگر یہ حدیث جمہور کے خلاف حجت ہے۔