صحيح البخاري
کتاب المظالم والغصب— کتاب: ظلم اور مال غصب کرنے کے بیان میں
بَابُ إِذَا أَذِنَ إِنْسَانٌ لآخَرَ شَيْئًا جَازَ: باب: جب کوئی شخص کسی دوسرے کو کسی چیز کی اجازت دیدے تو وہ اسے استعمال کر سکتا ہے۔
حَدَّثَنَا حَفْصُ بْنُ عُمَرَ ، حَدَّثَنَا شُعْبَةُ ، عَنْ جَبَلَةَ ، كُنَّا بِالْمَدِينَةِ فِي بَعْضِ أَهْلِ الْعِرَاقِ فَأَصَابَنَا سَنَةٌ ، فَكَانَ ابْنُ الزُّبَيْرِ يَرْزُقُنَا التَّمْرَ ، فَكَانَ ابْنُ عُمَرَ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُمَا يَمُرُّ بِنَا ، فَيَقُولُ : إِنَّ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ " نَهَى عَنِ الْإِقْرَانِ ، إِلَّا أَنْ يَسْتَأْذِنَ الرَّجُلُ مِنْكُمْ أَخَاهُ " .´ہم سے حفص بن عمر نے بیان کیا ، کہا ہم سے شعبہ نے بیان کیا ، ان سے جبلہ نے بیان کیا کہ` ہم بعض اہل عراق کے ساتھ مدینہ میں مقیم تھے ۔ وہاں ہمیں قحط میں مبتلا ہونا پڑا ۔ عبداللہ بن زبیر رضی اللہ عنہما کھانے کے لیے ہمارے پاس کھجور بھجوایا کرتے تھے ۔ اور عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما جب ہماری طرف سے گزرتے تو فرماتے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ( دوسرے لوگوں کے ساتھ مل کر کھاتے وقت ) دو کھجور کو ایک ساتھ ملا کر کھانے سے منع فرمایا ہے مگر یہ کہ تم میں سے کوئی شخص اپنے بھائی سے اجازت لے لے ۔
حضرت جبلہ رحمہ اللہ سے روایت ہے کہ ہم لوگ کچھ اہل عراق کے ساتھ مدینہ میں تھے کہ ہمیں قحط سالی نے آ لیا تو حضرت ابن زبیر رضی اللہ عنہما ہمیں کھجور کھلایا کرتے تھے۔ حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما ہمارے پاس سے گزرتے تو فرماتے کہ رسول اللہ ﷺ نے ”دو دو کھجوریں ایک بار اٹھا کر کھانے سے منع کیا ہے۔ ہاں، تم میں سے کوئی اپنے بھائی سے اجازت لے لے تو جائز ہے۔“
تشریح، فوائد و مسائل
دوسرے علماءکے نزدیک تنزیہی ہے۔
اور وجہ ممانعت کی ظاہر ہے کہ دوسرے کا حق تلف کرنا ہے اور اس سے حرص اور طمع معلوم ہوتی ہے۔
نووی نے کہا اگر کھجور مشترک ہو تو دوسرے شریکوں کی بن اجازت ایسا کرنا حرام ہے ورنہ مکروہ ہے۔
حافظ نے کہا اس حدیث سے اس شخص کا مذہب قوی ہوتا ہے جس نے مجہول کا ہبہ جائز رکھا ہے۔
اس ممانعت کی وجہ یہ ہے کہ اس سے حرص اور لالچ کی نشاندہی ہوتی ہے جو مسلمان کی شان کے خلاف ہے، نیز ایسا کرنا دوسروں کے حقوق تلف کرنے کے مترادف ہے۔
امام بخاری ؒ نے اس حدیث کو مظالم میں اسی لیے بیان کیا ہے۔
اگر دوسرے شرکاء اس کی اجازت دے دیں اور اپنا حق چھوڑ دیں تو ایسا کرنا جائز ہے، نیز اگر کھجوریں کسی کی ذاتی ہیں تو انہیں مٹھی بھر کر بھی کھا سکتا ہے، لیکن حصے داری کی صورت میں ایسا کرنا جائز نہیں کیونکہ اس میں دوسروں کی حق تلفی ہے۔
واللہ أعلم
کھانا کھانے میں لوگوں کے درمیان فرق ہوتا ہے جسے نظر انداز کر دیا گیا ہے۔
بعض جلدی جلدی کھاتے ہیں اور زیادہ کھانے کے عادی ہوتے ہیں اور کچھ کھانے میں سست رفتار ہوتے ہیں اور تھوڑا کھاتے ہیں۔
کھانے میں اس فرق کا اعتبار نہیں ہوتا۔
چونکہ دو، دو کھجوریں ملا کر کھانا عام تھا، اس لیے رسول اللہ ﷺ نے اس سے منع فرما دیا۔
اگر اس کے ساتھی اجازت دے دیں تو جائز ہے کیونکہ جن لوگوں کے سامنے کھجوریں رکھی گئی ہیں وہ سب کھانے میں برابر شریک ہیں۔
اگر کوئی دو دو اکٹھی کھائے گا تو ایسا کرنا جائز نہ ہو گا اور یہ آداب طعام کے بھی منافی ہے، مگر یہ مساوات واجب نہیں۔
اور حدیث میں نہی تنزیہی ہے۔
ویسے بھی مجلس میں یہ انداز اختیار کرنا انسان کے غیر مہذب ہونے کی علامت ہے۔
اسلام نے تہذیب و وقار کو برقرار رکھنے کی بہت تلقین کی ہے۔
واللہ أعلم
حدیث کا مطلب یہ ہے کہ جب ایک دسترخوان پر چند ساتھی کھجوریں کھائیں تو ایک ایک کھجور کھائیں، دو، دو یا تین تین ایک ساتھ ملا کر نہ کھائیں۔
اگر ساتھیوں سے اجازت حاصل کر لی جائے تو پھر کوئی حرج نہیں۔
ان کی اجازت کے بغیر دو، دو کھجوریں ملا کر ایک ساتھ کھانا جائز نہیں۔
اگر قرائن سے معلوم ہو جائے کہ وہ اس طرح کھانے کو برا محسوس نہیں کریں گے تو جائز ہے۔
اگر کوئی اکیلا کھا رہا ہے تو اسے اجازت ہے جس طرح چاہے کھا سکتا ہے۔
واللہ أعلم
عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے کئی کھجوریں ایک ساتھ ملا کر کھانے سے منع فرمایا الا یہ کہ تم اپنے ساتھیوں سے اجازت لے لو۔ [سنن ابي داود/كتاب الأطعمة /حدیث: 3834]
یہ ارشاد آداب مجلس اورآداب طعام سے متعلق ہے۔
کہ جب اجتماعی طور پر بیٹھے ہوئے کھانا یا کھجوریں وغیرہ کھا رہے ہوں۔
تو انسان کو اپنے شرف اور دوسروں کے حقوق کا بہت زیادہ خیال رکھنا چاہیے۔