صحيح البخاري
کتاب المظالم والغصب— کتاب: ظلم اور مال غصب کرنے کے بیان میں
بَابُ إِذَا حَلَّلَهُ مِنْ ظُلْمِهِ فَلاَ رُجُوعَ فِيهِ: باب: جب کسی ظلم کو معاف کر دیا تو پھر واپسی کا مطالبہ باقی نہیں رہتا۔
حَدَّثَنَا مُحَمَّدٌ ، أَخْبَرَنَا عَبْدُ اللَّهِ ، أَخْبَرَنَا هِشَامُ بْنُ عُرْوَةَ ، عَنْ أَبِيهِ ، عَنْ عَائِشَةَ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهَا فِي هَذِهِ الْآيَةِ وَإِنِ امْرَأَةٌ خَافَتْ مِنْ بَعْلِهَا نُشُوزًا أَوْ إِعْرَاضًا سورة النساء آية 128 ، قَالَتْ : " الرَّجُلُ تَكُونُ عِنْدَهُ الْمَرْأَةُ لَيْسَ بِمُسْتَكْثِرٍ مِنْهَا يُرِيدُ أَنْ يُفَارِقَهَا ، فَتَقُولُ : أَجْعَلُكَ مِنْ شَأْنِي فِي حِلٍّ " ، فَنَزَلَتْ هَذِهِ الْآيَةُ فِي ذَلِكَ .´ہم سے محمد نے بیان کیا ، کہا ہم کو عبداللہ نے خبر دی ، کہا ہم کو ہشام بن عروہ نے خبر دی ، انہیں ان کے باپ نے ، اور ان سے عائشہ رضی اللہ عنہا نے` ( قرآن مجید کی آیت ) «وإن امرأة خافت من بعلها نشوزا أو إعراضا» ” اگر کوئی عورت اپنے شوہر کی طرف سے نفرت یا اس کے منہ پھیرنے کا خوف رکھتی ہو “ کے بارے میں فرمایا کہ کسی شخص کی بیوی ہے لیکن شوہر اس کے پاس زیادہ آتا جاتا نہیں بلکہ اسے جدا کرنا چاہتا ہے اس پر اس کی بیوی کہتی ہے کہ میں اپنا حق تمہیں معاف کرتی ہوں ۔ اسی بارے میں یہ آیت نازل ہوئی ۔
حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے، انہوں نے اس آیت ﴿وَإِنِ امْرَأَةٌ خَافَتْ مِنْ بَعْلِهَا نُشُوزًا أَوْ إِعْرَاضًا﴾ [سورة النساء: 128] (اگر عورت کو اپنے شوہر کی طرف سے بے پروائی یا روگردانی کرنے کا اندیشہ ہو) کی تفسیر کرتے ہوئے فرمایا: بسا اوقات ایسا ہوتا ہے کہ آدمی کے پاس ایک بیوی ہوتی ہے جس سے وہ زیادہ تعلق نہیں رکھنا چاہتا بلکہ وہ چاہتا ہے کہ اسے چھوڑ دے تو ایسی حالت میں عورت اسے کہے کہ میں تجھے اپنے خاص معاملات میں بری الذمہ قرار دیتی ہوں۔ اس کے متعلق یہ آیت نازل ہوئی کہ ایسا کرنا جائز ہے۔
تشریح، فوائد و مسائل
خاوند پر سے اس کی صحبت کے حقوق ساقط ہو جاتے ہیں۔
حضرت علی ؓ نے کہا یہ آیت اس باب میں ہے کہ عورت اپنے مرد سے جدا ہونا برا سمجھے۔
اور خاوند بیوی دونوں یہ ٹھہرا لیں کہ تیسرے یا چوتھے دن مرد اپنی عورت کے پاس آیا کرے تو یہ درست ہے۔
حضرت سودہ ؓ نے اپنی باری آنحضرت ﷺ کو معاف کر دی تھی، آپ ان کی باری میں حضرت عائشہ ؓ کے پاس رہا کرتے تھے۔
(وحیدی)
عنوان کا مقصد یہ ہے کہ مظلوم جب ظالم کی زیادتی معاف کر دے تو پھر وہ دوبارہ بدلے کا مطالبہ نہیں کر سکتا۔
آیت کریمہ میں متوقع زیادتی کی معافی کا ذکر ہے اس لیے اگر متوقع زیادتی معاف کی جا سکتی ہے تو جو زیادتی اور ظلم ہو چکا ہو اسے معاف کرنا بالاولیٰ جائز ہو گا۔
حضرت سودہ ؓ جب بوڑھی ہو گئیں تو رسول اللہ ﷺ نے طلاق دینے کا ارادہ فرمایا تو انہوں نے اپنا حق چھوڑنے پر صلح کر لی کہ میں اپنی باری حضرت عائشہ ؓ کو ہبہ کرتی ہوں، رسول اللہ ﷺ نے اسے قبول فرما لیا اور انہیں طلاق نہ دی۔
بہرحال اپنا ظلم معاف کرنے کے بعد دوبارہ بدلے کا مطالبہ کرنا جائز نہیں، آیت کریمہ میں اس کا واضح اشارہ ملتا ہے۔
(فتح الباري: 127/5)