صحيح البخاري
كتاب السلم— کتاب: بیع سلم کے بیان میں
بَابُ السَّلَمِ فِي كَيْلٍ مَعْلُومٍ: باب: ماپ مقرر کر کے سلم کرنا۔
حَدَّثَنَا عَمْرُو بْنُ زُرَارَةَ ، أَخْبَرَنَا إِسْمَاعِيلُ بْنُ عُلَيَّةَ ، أَخْبَرَنَا ابْنُ أَبِي نَجِيحٍ ، عَنْ عَبْدِ اللَّهِ بْنِ كَثِيرٍ ، عَنْ أَبِي الْمِنْهَالِ ، عَنِ ابْنِ عَبَّاسٍرَضِيَ اللَّهُ عَنْهُمَا ، قَالَ : قَدِمَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ الْمَدِينَةَ وَالنَّاسُ يُسْلِفُونَ فِي الثَّمَرِ الْعَامَ وَالْعَامَيْنِ ، أَوْ قَالَ : عَامَيْنِ أَوْ ثَلَاثَةً ، شَكَّ إِسْمَاعِيلُ ، فَقَالَ : " مَنْ سَلَّفَ فِي تَمْرٍ ، فَلْيُسْلِفْ فِي كَيْلٍ مَعْلُومٍ وَوَزْنٍ مَعْلُومٍ " .´ہم سے عمرو بن زرارہ نے بیان کیا ، کہا کہ ہم کو اسماعیل بن علیہ نے خبر دی ، انہیں ابن ابی نجیح نے خبر دی ، انہیں عبداللہ بن کثیر نے ، انہیں ابومنہال نے اور ان سے ابن عباس رضی اللہ عنہما نے بیان کیا کہ` جب نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم مدینہ تشریف لائے تو ( مدینہ کے ) لوگ پھلوں میں ایک سال یا دو سال کے لیے بیع سلم کرتے تھے ۔ یا انہوں نے یہ کہا کہ دو سال اور تین سال ( کے لیے کرتے تھے ) شک اسماعیل کو ہوا تھا ۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ جو شخص بھی کھجور میں بیع سلم کرے ، اسے مقررہ پیمانے یا مقررہ وزن کے ساتھ کرنی چاہئیے ۔
تشریح، فوائد و مسائل
اگر ماپ تول مقرر نہ کئے جائیں تو یہ بیع سلم جائز نہ ہوگی الغرض اس بیع کے لیے ضروری ہے کہ وزن مقرر ہو اور مدت مقرر ہو ورنہ بہت سے مفاسد کا خطرہ ہے۔
اسی لیے حدیث ہذا میں اس کے لیے یہ تاکید کی گئی۔
(1)
بیع سلم میں نقدرقم کو رأس المال اور بیع کو مسلم کہتے ہیں، اس کی چند ایک شرائط ہیں: ٭ ماپ یا تول یا گن کردی جانے والی چیزوں میں ماپ، وزن اور تعداد کا تعین ضروری ہے۔
٭ جو چیز پیشگی قیمت کے عوض ادا کرنی ہے اس کی جنس بیان کی جائے،وہ گندم ہے یا جویاکھجور۔
٭ اس کی نوعیت اور اوصاف بتانا بھی ضروری ہیں کہ کون سی گندم یا کس قسم کی کھجور دینی ہے۔
٭ مدت ادائیگی طے کرلی جائے کہ ایک مہینہ یا دو مہینے میں ادائیگی ہوگی، یعنی تاریخ کا تعین بھی ضروری ہے۔
٭اس بات کی وضاحت بھی ضروری ہے کہ وہ چیز کس جگہ یا مقام پر ادا کی جائے گی۔
٭رأس المال بھی پیشگی مسلم الیہ کے حوالے کردیا جائے۔
(2)
حدیث میں صرف ایک شرط کا بیان ہے کہ کیلی یا وزنی اشیاء کا ماپ اور وزن معین کرنا ضروری ہے، اگر وزن اور ماپ مقرر نہ کیا جائے تو بہت سے مفاسد پیدا ہوسکتے ہیں۔
یہ طے کرکے خریدار نے سو روپیہ اسی وقت ادا کردیا۔
یہ بیع سلم ہے، جو جائز ہے۔
اب مدت پوری ہونے پر وزن مقررہ کا غلہ اسے خریدار کو ادا کرنا ہوگا۔
(1)
اس حدیث میں کھجور کا ذکر ہے کیونکہ مدینہ طیبہ میں کھجوروں کے متعلق ہی بیع سلم ہوا کرتی تھی، لیکن اگر کھجوریں درخت پر ہیں اور ان کی بیع سلم کرنی ہے تو اس کی شرائط آگے بیان ہوں گی، اس مقام پر صرف یہ بیان کرنا مقصد ہے کہ ماپ اور وزن کے ساتھ مدت کا تعین بھی ضروری ہے تاکہ کوئی جھگڑا پیدا نہ ہو، اگر اس میں خیانت ہوتو مقدمہ کیا جاسکتا ہے اور تاوان بھی وصول کیا جاسکتا ہے۔
(2)
روز مرہ کی اشیاء ایسی بھی ہیں جن کا سودا گنتی کے اعتبار سے ہوتا ہے، مثلاً: انڈوں کی خریدوفروخت ان میں گنتی کا اعتبار ہوگا۔
یاد رہے کہ رقم کی ادائیگی میں کچھ پیشگی ہوسکتی ہے اور کچھ آئندہ وعدے پر بھی ادا کی جاسکتی ہے۔
اس سلسلے میں بنک گارنٹی بھی کارآمد ہے بشرطیکہ اس میں سود کی آمیزش نہ ہو۔
سلف اور سلم، دونوں ہم وزن اور ہم معنی ہیں، اہل حجاز، سلم کہتے ہیں اور اہل عراق سلف، چونکہ رقم مجلس بیع میں حوالہ کر دی گئی ہے، اس لیے یہ سلم ہے اور پہلے رقم دینے کی وجہ سے یہ سلف ہے، جس میں قیمت نقد ادا کر دی جاتی ہے اور چیز بعد میں لی جاتی ہے۔
فوائد ومسائل: بیع سلم کے جواز پر تمام مسلمانوں کا اتفاق ہے، لیکن امام ابن حزم کے نزدیک اس کا تعلق کیلی اور وزنی اشیاء سے ہے، جن چیزوں کی پیمائش کی جاتی ہے، یا جن کو گنا جاتا ہے، ان میں جائز نہیں ہے، اور جمہور فقہاء کے نزدیک ہر صورت میں جائز ہے، لیکن شرط یہ ہے، معاملہ ہر اعتبار سے واضح ہو، ہر چیز کا تعین ہو جائے، کوئی ایسی بات نہ رہ جائے جو اختلاف یا تنازع کا باعث بنتی ہے، مثلا مقدار، مدت، جنس (گندم ہے، چاول ہے، جو ہے)
نوع (قسم)
، صفت و کیفیت (اعلیٰ قسم یا درمیانی)
اور قیمت ہر چیز تفصیل سے طے ہو جائے، اور احناف کے نزدیک یہ شرط بھی ہے کہ وہ چیز، بیع کرتے وقت مارکیٹ میں موجود ہو اور مدت مقررہ تک دستیاب ہو لیکن جمہور کے نزدیک، مدت مقررہ پر موجود ہونا ضروری ہے، بیع کے وقت موجود ہونا شرط نہیں ہے، علامہ تقی عثمانی نے جمہور کے موقف کو مسلم کے تقاضا اور مقصد کے موافق قرار دیا ہے۔
تکملہ ج 1، ص 655۔
اس طرح، یہ بھی طے ہونا چاہیے، کہ وہ چیز کس جگہ وصول کی جائے گی، اگر پھل یا غلہ کا تعلق کسی مخصوص باغ یا کھیت سے ہو، تو پھر بیع سلم، پکنے کی صلاحیت کے نمایاں ہونے کے بعد ہو سکے گی، پہلے نہیں۔
عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہما کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم مدینہ تشریف لائے اس وقت لوگ پھلوں میں سال سال، دو دو سال، تین تین سال کی بیع سلف کرتے تھے (یعنی مشتری بائع کو قیمت نقد دے دیتا اور بائع سال و دو سال تین سال کی جو بھی مدت متعین ہوتی مقررہ وقت تک پھل دیتا رہتا) رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ” جو شخص کھجور کی پیشگی قیمت دینے کا معاملہ کرے اسے چاہیئے کہ معاملہ کرتے وقت پیمانہ وزن اور مدت سب کچھ معلوم و متعین کر لے ۲؎۔“ [سنن ابي داود/كتاب الإجارة /حدیث: 3463]
فائدہ۔
عبادات اور معاملات میں معروف فقہی قاعدہ ہے۔
کہ عبادات میں اصل منع ہے۔
یعنی کوئی عبادت نہیں کی جا سکتی سوائے اس کے جس کی شریعت اجازت دے۔
اور معاملات (جو لوگوں میں جاری وساری ہوں) اصلاً حلال اور جائز ہیں۔
الا یہ کہ کسی معاملے کے متعلق شریعت منع کردے۔
بیع سلف یا سلم پہلے سے لوگوں کامعمول تھی۔
جس کی نبی کریم ﷺنے توثیق فرمائی۔
تا ہم یہ پابندی لگائی کہ امل کی صفت بھرتی یا وزن اور مدت معلوم ومتعین ہو۔
اس کے بغیر بیع سلم جائز نہیں ہوگی۔
ابوالمنہال کہتے ہیں کہ میں نے ابن عباس رضی اللہ عنہما کو کہتے سنا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم مدینہ آئے تو لوگ کھجور میں دو تین سال کے لیے بیع سلم کرتے تھے، آپ نے انہیں روک دیا، اور فرمایا: ” جو بیع سلم کرے تو مقررہ ناپ، مقررہ وزن میں مقررہ مدت تک کے لیے کرے “ ۱؎۔ [سنن نسائي/كتاب البيوع/حدیث: 4620]
عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہما کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم مدینہ تشریف لائے، اس وقت اہل مدینہ دو سال اور تین سال کی قیمت پہلے ادا کر کے کھجور کی بیع سلف کیا کرتے تھے، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ” جو کھجور میں بیع سلف کرے یعنی قیمت پیشگی ادا کر دے تو اسے چاہیئے کہ یہ بیع متعین ناپ تول اور مقررہ میعاد پر کرے “ ۱؎۔ [سنن ابن ماجه/كتاب التجارات/حدیث: 2280]
فوائد و مسائل:
(1)
چیز کی قیمت پیشگی وصول کر لینا اور چیز بعد میں مقررہ وقت پر ادا کرنا بیع سلم اور بیع سلف کہلاتا ہے۔
(2)
اس بیع کے جواز کے لیے ضروری ہے کہ بیچی اور خریدی جانے والی چیز کی مقدار، نوعیت، مطلوبہ چیز کی ادائیگی اور وصولی کا وقت اور دوسرے ایسے معاملات کا پہلے سے تعین کر لیا جائے جن میں اختلاف ہونے کا خطرہ ہے۔
(3)
بیع سلف میں یہ ضروری نہیں کہ بیچنے والے کے پاس وہ چیز اس وقت موجود ہو بلکہ جب غالب امکان ہو کہ وعدے کے وقت تک بیچنے والا وہ چیز حاصل کر لے گا اور مقررہ وقت پر خریدار کے حوالے کر سکے گا تو یہ کافی ہے۔
(4)
بیع سلف میں قیمت کا تعین بھی پہلے ہی ہوتا ہے جب رقم ادا کی جاتی ہے۔
اس حدیث میں بیع سلف کا بیان ہے، سلف اور سلم دونوں ایک ہی چیز ہیں، اس سے مراد ایک ایسی بیع جس میں قیمت پہلے ادا کی جاتی ہے اور سودا تاخیر سے مگر عین وقت پر لیا جا تا ہے۔ یہ بیع حدیث میں مذکورہ شروط کے مطابق درست ہے، اور وہ شرائط یہ ہیں: چیز معین ہو، اس کی مقدار اور مدت معلوم ہو، اور یہ بیع تمام چیزوں میں جائز ہے، کیونکہ [صحيح البخاري: 2241]کے الفاظ ہیں: «مـن أسـلـف فـي شيئ» (جو کسی بھی چیز کی پیشنگی قیمت ادا کرے)، اس حدیث کے عموم میں تمام چیز میں شامل ہیں۔