صحيح البخاري
كتاب البيوع— کتاب: خرید و فروخت کے مسائل کا بیان
بَابُ بَيْعِ الزَّرْعِ بِالطَّعَامِ كَيْلاً: باب: کھیتی کا اناج جو ابھی درختوں پر ہو ماپ کے رو سے غلہ کے عوض بیچنا۔
حَدَّثَنَا قُتَيْبَةُ ، حَدَّثَنَا اللَّيْثُ ، عَنْ نَافِعٍ ، عَنِ ابْنِ عُمَرَ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُمَا ، قَالَ : " نَهَى رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ عَنِ الْمُزَابَنَةِ أَنْ يَبِيعَ ثَمَرَ حَائِطِهِ إِنْ كَانَ نَخْلًا بِتَمْرٍ كَيْلًا ، وَإِنْ كَانَ كَرْمًا أَنْ يَبِيعَهُ بِزَبِيبٍ كَيْلًا ، وَإِنْ كَانَ زَرْعًا أَنْ يَبِيعَهُ بِكَيْلِ طَعَامٍ " ، وَنَهَى عَنْ ذَلِكَ كُلِّهِ .´ہم سے قتیبہ نے بیان کیا ، کہا کہ ہم سے لیث نے بیان کیا ، ان سے نافع نے ، ان سے عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما نے بیان کیا ، کہ` نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے مزابنہ سے منع فرمایا ۔ یعنی باغ کے پھلوں کو اگر وہ کھجور ہیں تو ٹوٹی ہوئی کھجور کے بدلے میں ناپ کر بیچا جائے ۔ اور اگر انگور ہیں تو اسے خشک انگور کے بدلے ناپ کر بیچا جائے اور اگر وہ کھیتی ہے تو ناپ کر غلہ کے بدلے میں بیچا جائے ۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ان تمام قسموں کے لین دین سے منع فرمایا ہے ۔
حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت ہے، انہوں نے کہا کہ رسول اللہ ﷺ نے «الْمُزَابَنَةِ» سے روکا ہے، وہ یہ ہے کہ: ”کوئی شخص اپنے باغ کا پھل فروخت کرے؛ اگر کھجور ہے تو خشک کھجور سے ماپ کر، اگر انگور ہے تو اسے کشمش کے عوض ماپ کر اور اگر کھیتی ہے تو اسے غلے کے عوض ماپ کر فروخت کرے۔“ آپ ﷺ نے ان تمام سودوں سے منع فرمایا ہے۔
تشریح، فوائد و مسائل
یعنی اس پر علماءکا اجماع ہے کہ کھیتی کو اس کے کاٹنے سے پہلے غلہ کے ساتھ بیچنا درست نہیں۔
اس لیے کہ وہ ایک معلوم غلہ کے ساتھ مجہول چیز کی بیع ہے۔
اس میں ہر دو کے لیے نقصان کا احتمال ہے۔
ایسے ہی تر کاٹنے کے بعد خشک کے ساتھ بیچنا جمہور اس قسم کی تمام بیوع کو ناجائز کہتے ہیں۔
ان سب میں نفع و نقصان ہر دو احتمالات ہیں۔
اور شریعت محمدیہ ایسے جملہ ممکن نقصانات کی بیوع کو ناجائز قرار دیتی ہے۔
(1)
اس حدیث میں تین قسم کی بیوع سے منع کیا گیا ہے: پہلی یہ کہ کھجور پر لگی ہوئی کھجوروں کو ناپ کر خشک کھجور کے عوض فروخت کرنا۔
اسے مزابنہ کہتے ہیں۔
دوسری یہ کہ بیل پر لگے ہوئے انگوروں کو ناپ کے حساب سے منقی کے عوض فروخت کرنا۔
اسے بھی مزابنہ کہا جاتا ہے۔
تیسری یہ کہ کھڑی کھیتی کو غلے کے عوض ناپ کے حساب سے بیچنا۔
اسے محاقلہ کہتے ہیں۔
یہ بھی جائز نہیں۔
ان سب میں قدر مشترک یہ ہے کہ ایک معلوم چیز کے عوض مجہول کو فروخت کرنا ہے۔
(2)
حافظ ابن حجر ؒ نے ابن بطال کے حوالے سے علماء کا اجماع نقل کیا ہے کہ کھیتی کو کاٹنے سے پہلے غلے کے عوض فروخت کرنا درست نہیں کیونکہ اس میں ہر دو کے لیے نقصان کا احتمال ہے۔
ایسے ہی کھیتی کاٹنے کے بعد تازہ بالیوں کو خشک غلے کے عوض فروخت کرنا بھی درست نہیں، البتہ احناف کہتے ہیں کہ پھل توڑ کر ڈھیری لگادی جائے تو اس میں چونکہ اندازہ ہوجاتا ہے، لہٰذا اس صورت میں خریدوفروخت کرنا جائز ہے لیکن اس سے صریح نص کی مخالفت لازم آتی ہے۔
(فتح الباري: 510/4)
پس بٹائی پر دینا بلاشبہ جائز ہے یوں احتیاط کا معاملہ الگ ہے۔
(1)
حضرت رافع بن خدیج ؓ مطلق طور پر زمین بٹائی پر دینے سے منع کرتے تھے اور عبداللہ بن عمر ؓ اس موقف کو تسلیم نہیں کرتے تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ رسول اللہ ﷺ نے ایک مخصوص صورت سے منع فرمایا تھا کیونکہ مخصوص رقبے کی پیداوار کے عوض زمین دی جاتی تھی، اس میں نقصان اور دھوکا تھا کیونکہ ادھر پیداوار ہوتی اور دوسری طرف آفت کا شکار ہو جاتی اور کبھی اس کے برعکس ہوتا تھا جس کی وجہ سے لوگوں میں جھگڑا ہوتا رہتا۔
کبھی تو زمین کا مالک پیداوار سے محروم رہتا۔
اور کبھی مزارع کو نقصان اٹھانا پڑتا، اس سے چوتھائی، تہائی یا نصف پیداوار کے عوض بٹائی پر دینے کی ممانعت نہیں۔
(2)
امام بخاری ؒ نے حضرت رافع بن خدیج ؓ کی حدیث کی وضاحت کے لیے حضرت سالم ؒ کی حدیث ذکر کی ہے۔
سیدنا عبداللہ بن عمر ؓ پرہیزگار شخص تھے۔
ایک طویل مدت تک ان کا عمل جس بات پر رہا اس کے متعلق انہیں شبہ لاحق ہو گیا۔
آخرکار انہوں نے حضرت رافع بن خدیج ؓ کی معلومات پر عمل کیا اور احتیاط کے خیال سے زمین کرائے پر دینا ترک کر دی۔
بہرحال قانون الگ ہے اور ایثار و ہمدردی کا پہلو الگ حیثیت رکھتا ہے۔
(3)
حضرت رافع بن خدیج ؓ کی معلومات کو قانون کی حیثیت نہیں دی جا سکتی بلکہ ان سے احسان اور ایثار کا پہلو اجاگر ہوتا ہے کہ اگر کوئی شخص اپنی زمین بطور ہمدردی کاشت کے لیے اپنے کسی بھائی کو دے دے تو رسول اللہ ﷺ نے اس طرز عمل کی شاندار الفاظ سے حوصلہ افزائی فرمائی ہے۔
امام بخاری ؒ کا اس عنوان اور پیش کردہ احادیث سے یہی مقصد معلوم ہوتا ہے۔
واللہ أعلم
(1)
بعض روایات میں کھیتی کے غلے سے خریدوفروخت کا ذکر ہے کہ ایسا کرنا منع ہے۔
(مسند أحمد: 5/2)
اس حدیث میں ثمرسے مراد خشک کھجور ہے،ہر پھل مراد نہیں کیونکہ دوسرے پھلوں کی کھجور سے خریدوفروخت جائز ہے۔
حدیث میں ماپ کر بیچنے کا ذکر نفس الامر کے اعتبار سے ہے کیونکہ اس وقت لوگ ماپ کر خریدوفروخت کرتے تھے لیکن ایسا تبادلہ مطلق طور پر ناجائز ہے،خواہ ماپ کر ہویا ماپ کے بغیر کیا جائے۔
ایک حدیث میں ہے کہ رسول اللہ ﷺ سے پوچھا گیا: کیا تازہ کھجوریں خشک کھجوروں کے عوض فروخت کی جاسکتی ہیں؟ تو آپ نے فرمایا: ’’وہ خشک ہوکر وزن میں کم رہ جاتی ہیں؟‘‘ لوگوں نے کہا: ہاں، تو آپ نے اس سے منع فرمایا۔
(سنن أبي داود، البیوع، حدیث: 3359)
(2)
حدیث میں اگرچہ طعام کا ذکر نہیں ہے،تاہم معنی کے اعتبار سے اس عنوان کو ثابت کیا گیا ہے۔
بعض روایات میں طعام کا ذکر بھی ہے،شاید امام بخاری ؒ نے ان کی طرف اشارہ کیا ہو۔
(فتح الباري: 475/4)
بہرحال وہ کھجور جو درختوں سے نہ اتاری گئی ہو اسی طرح وہ انگور جو بیلوں پر ہوں ان کا اندازہ کرکے خشک کھجوروں یامنقی کے عوض فروخت کرنا جائز نہیں کیونکہ اس سے ایک فریق کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے، البتہ عرایا میں ایسا کیا جاسکتا ہے جس کی تفصیل آگے آرہی ہے۔
اس بیع عرایا کی رخصت میں اختلاف ہے کہ کیا اس کا تعلق ہر قسم کے پھل سے ہے یا نہیں؟ امام احمد، لیث اور اہل حجاز کے نزدیک رخصت کا تعلق صرف کھجوروں سے ہے، الا یہ کہ وہ پھل ربوی (جس میں سود کا احتمال ہے)
نہ ہو۔
امام شافعی کے نزدیک کھجور اور انگور دونوں میں رخصت ہے، امام مالک کے نزدیک ہر وہ پھل جو ذخیرہ ہو سکے، امام اوزاعی کے نزدیک ہر قسم کے پھل میں رخصت ہے، اور احناف کے نزدیک یہ ہبہ کی تبدیلی ہے اس لیے ہر پھل میں جائز ہونا چاہیے اور ظاہر یہ ہے کہ اس کا تعلق ہر اس پھل سے ہے جس میں تازہ اور خشک ہونے کی صورت میں فرق ہے۔
یہ بات بائع اور مشتری دونوں کی طرف سے ہو سکتی ہے۔
بائع کے اعتبار سے اس کا تعلق خشک پھل سے ہوگا اور مشتری کے اعتبار سے تازہ یعنی درخت پر موجود پھل سے۔
عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما کہتے ہیں کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے درخت پر لگی ہوئی کھجور کا اندازہ کر کے سوکھی کھجور کے بدلے ناپ کر بیچنے سے منع فرمایا ہے، اسی طرح انگور کا (جو بیلوں پر ہو) اندازہ کر کے اسے سوکھے انگور کے بدلے ناپ کر بیچنے سے منع فرمایا ہے اور غیر پکی ہوئی فصل کا اندازہ کر کے اسے گیہوں کے بدلے ناپ کر بیچنے سے منع فرمایا ہے (کیونکہ اس میں کمی و بیشی کا احتمال ہے)۔ [سنن ابي داود/كتاب البيوع /حدیث: 3361]
1۔
درخت یا بیل پر لگے تازہ پھل کو جس کی مقدار متعین نہیں ہوسکتی۔
اس نوع کے خشک پھل سے بیچنا کہ خشک کی مقدار معلوم ومعین ہو یا گندم وغیرہ کے کھیت کو خشک گندم کے عوض بیچنا (مزابنہ) کہلاتا ہے۔
2۔
ایک جنس کا باہمی تبادلہ کرتے ہوئے تازہ اور خشک یا عمدہ اور روی کا فرق نہیں کیا جا سکتا۔
دونوں کا نقد اور برابر برابر تبادلہ کیا جائے۔
پھرعلیحدہ علیحدہ نقدی کے عوض بیچا جائے۔
البتہ عرایا جائز ہے۔
جیسے کہ ذکر آرہا ہے۔
3۔
اس میں ایک پہلو قدر کے غیر معلوم ہونے کا بھی ہے۔
کیونکہ درخت پر لگی کھجور کا حتمی وزن یا یا کیل ممکن نہیں۔
4۔
تازہ کھجور خشک ہونے کے باوجود کم ہو جاتی ہے۔
اور اس کی خشک کھجور کے عوض بیع کی ممانعت صراحت کے ساتھ آچکی ہے۔
عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے بیع مزابنہ سے منع فرمایا ہے " مزابنہ یہ ہے کہ آدمی اپنے باغ میں لگے پھل کو بیچے، اگر وہ کھجور ہو تو نپی ہوئی کھجور سے بیچے، اور اگر انگور ہو تو اسے نپے ہوئے خشک انگور (منقیٰ یا کشمش) سے بیچے، اور اگر کھڑی کھیتی (فصل) ہو تو اسے نپے ہوئے اناج سے بیچے۔" آپ نے ان تمام اقسام کی بیع سے منع فرمایا۔ [سنن نسائي/كتاب البيوع/حدیث: 4553]
عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے بیع مزابنہ سے منع فرمایا، مزانبہ درخت پر لگے کھجور کو توڑے ہوئے کھجور سے ناپ کر بیچنا، اور بیل پر لگے تازہ انگور کو توڑے ہوئے انگور (کشمش) سے ناپ کر بیچنا۔ [سنن نسائي/كتاب البيوع/حدیث: 4538]
عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے بیع مزابنہ سے منع فرمایا، اور مزابنہ یہ ہے کہ درخت میں موجود پھل کو متعین توڑے ہوئے پھلوں سے بیچنا اس طور پر کہ زیادہ ہوا تو بھی میرا (یعنی کا) اور کم ہوا تو بھی میرے ذمہ۔ [سنن نسائي/كتاب البيوع/حدیث: 4537]
نافع سے روایت ہے کہ عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما کہا کرتے تھے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے زمانے میں کھیت بٹائی پر دیے جاتے تھے اس شرط پر کہ زمین کے مالک کے لیے وہ پیداوار ہو گی جو نالیوں اور نہروں کی کیاریوں پر ہو اور کچھ گھاس جس کی مقدار مجھے معلوم نہیں۔ [سنن نسائي/كتاب المزارعة/حدیث: 3963]
عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے مزابنہ سے منع فرمایا، مزابنہ یہ ہے کہ آدمی اپنے باغ کی کھجور کو جو درختوں پر ہو خشک کھجور کے بدلے ناپ کر بیچے، یا انگور کو جو بیل پر ہو کشمش کے بدلے ناپ کر بیچے، اور اگر کھیتی ہو تو کھیت میں کھڑی فصل سوکھے ہوئے اناج کے بدلے ناپ کر بیچے آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ان سب سے منع کیا ہے ۱؎۔ [سنن ابن ماجه/كتاب التجارات/حدیث: 2265]
فوائد و مسائل:
(1)
بیع مزابنہ ممنوع ہے۔
(2)
بیع مزابنہ کی صورت یہ ہے کہ ایک آدمی کھجور کے باغ کا پھل خریدے اور اس کے عوض مقررہ مقدار میں کھجوریں ادا کرے۔
یا مثلاً یوں کہے: اس کھیت میں جوفصل تیار ہورہی ہے وہ سب میں پچاس من گندم کے عوض خریدتا ہوں۔
یہ درست نہیں کیونکہ یہ معلوم نہیں کھیت سے جو گندم حاصل ہو گی وہ پچاس من سے کم ہو گی یا زیادہ۔
کھیت کی فصل کےبارے میں اس قسم کا معاہدہ محاقلہ کہلاتا ہے جبکہ باغ کے پھل کےبارے میں یہی معاملہ مزابنہ کہلاتا ہے۔
(3)
امام مالک رحمۃ اللہ علیہ نے مزابنہ میں اس صورت کو بھی شامل کیا ہے کہ کسی بغیر ماپی تولی چیز کےبارے میں کہا جائے کہ اس کی مقدار یہ ہے، مثلاً گندم کا یہ ڈھیر دس من کا ہے۔
یا اس برتن میں میرے اندازے کے مطابق پچاس لٹر تیل ہے۔
یا میں کہتا ہوں کہ مالٹوں کی اس ڈھیری میں دو سو مالٹے ہیں، اگر مقدار کم ہوئی تو اپنے پاس سے پوری کروں گا، اور اگر زیادہ ہوئی تو جتنی زیادہ ہوئی وہ میری ہو گی۔
امام مالک رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں کہ یہ صورت بیع نہیں بلکہ دھوکے اور قمار (جوئے)
پر مبنی ایک معاملہ ہے۔ (مؤطأ امام مالك، البیوع، باب ماجاء في المزابنة والمحاقلة: 2/ 161)
«. . . 236- وبه: أن رسول الله صلى الله عليه وسلم نهى عن المزابنة، والمزابنة: بيع الثمر بالتمر كيلا، وبيع الكرم بالزبيب كيلا. . . .»
". . . اور اسی سند کے ساتھ (سیدنا ابن عمر رضی اللہ عنہما سے) روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے مزابنہ سے منع کیا ہے (اور مزابنہ یہ ہے کہ) درخت پر لگی ہوئی کھجوروں کو خشک کھجوروں کے بدلے تول کا سودا کیا جائے اور درخت پر لگے ہوئے انگوروں کو خشک انگوروں کے بدلے تول کا سودا کیا جائے . . ." [موطا امام مالك رواية ابن القاسم: 494]
تفقہ:
➊ دیکھئے حدیث سابق: 158
➋ دین اسلام میں پوری انسانیت کے لئے فلاح ہی فلاح ہے۔
➌ سد ذرائع کے طور پر اس ذریعے کو بند کر دینا چاہئے جس سے فساد اور شر پھیلنے کا اندیشہ ہو۔