حدیث نمبر: 2164
حَدَّثَنَا مُسَدَّدٌ ، حَدَّثَنَا يَزِيدُ بْنُ زُرَيْعٍ ، قَالَ : حَدَّثَنِي التَّيْمِيُّ ، عَنْ أَبِي عُثْمَانَ ، عَنْ عَبْدِ اللَّهِ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُ ، قَالَ : مَنِ اشْتَرَى مُحَفَّلَةً فَلْيَرُدَّ مَعَهَا صَاعًا ، قَالَ : " وَنَهَى النَّبِيُّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ عَنْ تَلَقِّي الْبُيُوعِ " .
مولانا داود راز

´ہم سے مسدد نے بیان کیا ، کہا کہ ہم سے یزید بن زریع نے بیان کیا ، کہ ہم سے تیمی نے بیان کیا ، ان سے ابوعثمان نے اور ان سے عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ نے بیان کیا کہ` جو کوئی دودھ جمع کی ہوئی بکری خریدے ( وہ بکری پھیر دے ) اور اس کے ساتھ ایک صاع دیدے اور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے قافلہ والوں سے آگے بڑھ کر ملنے سے منع فرمایا ۔

حوالہ حدیث صحيح البخاري / كتاب البيوع / حدیث: 2164
درجۂ حدیث محدثین: أحاديث صحيح البخاريّ كلّها صحيحة
اس موضوع سے متعلق مزید احادیث و آثار کے حوالے ملاحظہ کریں : صحيح مسلم: 1518 | سنن ترمذي: 1220 | سنن ابن ماجه: 2180

تشریح، فوائد و مسائل

✍️ الشیخ عبدالستار الحماد
2164. حضرت عبداللہ بن عمر ؓ سے روایت ہے، انھوں نے فرمایا کہ جس کسی نے دودھ بستہ جانور خریدا (اگر اسے واپس کرنا چاہے تو) وہ اسکے ساتھ ایک صاع(کھجور)واپس کرے، نیز انھوں نے کہاکہ نبی کریم ﷺ نے (تجارتی قافلوں سے) آگے بڑھ کر ملنے سے بھی منع فرمایاہے۔[صحيح بخاري، حديث نمبر:2164]
حدیث حاشیہ:
(1)
محفلة کے معنی یہ ہیں کہ دودھ والے جانور کا ایک دن یا دو دن دودھ نہ دوہا جائے تاکہ دودھ اس کے تھنوں میں جمع ہوجائے۔
خریدار جب اس قسم کے جانور کو دوہتا ہے تو دودھ کے زیادہ ہونے کی وجہ سے جانور مہنگے داموں خرید لیتا ہے، اسے بعد میں پتا چلتا ہے کہ میرے ساتھ دھوکا کیا گیا ہے،اس لیے شریعت نے اسے تین دن تک بیع واپس کرنے کا اختیار دیا ہے۔
اگر واپس کرنا چاہے تو جھگڑا ختم کرنے کےلیے صاع بھر کھجوریں ساتھ دے۔
(2)
تلقی البیوع کے معنی یہ ہیں کہ باہر سے کوئی قافلہ سامان تجارت لے کر آرہا ہو اور اس کے منڈی پہنچنے سے پہلے پہلے شہری لوگ آگے جاکر سستے داموں سامان خرید لیں۔
رسول اللہ ﷺ نے ایسا کرنے سے منع فرمایا، جس کی تفصیل پہلے گزر چکی ہے۔
درج بالا اقتباس هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 2164 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح مسلم / حدیث: 1518 کی شرح از مولانا عبد العزیز علوی ✍️
حضرت عبداللہ رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے سامان تجارت کو باہر جا کر ملنے سے منع فرمایا۔ [صحيح مسلم، حديث نمبر:3821]
حدیث حاشیہ: فوائد ومسائل: بیوع، بیع کی جمع ہے لیکن بیع قابل فروخت چیز کے معنی میں ہے۔
درج بالا اقتباس تحفۃ المسلم شرح صحیح مسلم، حدیث/صفحہ نمبر: 1518 سے ماخوذ ہے۔