صحيح البخاري
كتاب البيوع— کتاب: خرید و فروخت کے مسائل کا بیان
بَابُ بَيْعِ الْغَرَرِ وَحَبَلِ الْحَبَلَةِ: باب: دھوکے کی بیع اور حمل کی بیع کا بیان۔
حَدَّثَنَا عَبْدُ اللَّهِ بْنُ يُوسُفَ ، أَخْبَرَنَا مَالِكٌ ، عَنْ نَافِعٍ ، عَنْ عَبْدِ اللَّهِ بْنِ عُمَرَ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُ ، أَنّ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ " نَهَى عَنْ بَيْعِ حَبَلِ الْحَبَلَةِ " ، وَكَانَ بَيْعًا يَتَبَايَعُهُ أَهْلُ الْجَاهِلِيَّةِ ، كَانَ الرَّجُلُ يَبْتَاعُ الْجَزُورَ إِلَى أَنْ تُنْتَجَ النَّاقَةُ ، ثُمَّ تُنْتَجُ الَّتِي فِي بَطْنِهَا .´ہم سے عبداللہ بن یوسف تنیسی نے بیان کیا ، انہیں امام مالک نے خبر دی ، انہیں نافع نے ، اور انہیں عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما نے کہ` رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے حمل کے حمل کی بیع سے منع فرمایا ۔ اس بیع کا طریقہ جاہلیت میں رائج تھا ۔ ایک شخص ایک اونٹ یا اونٹنی خریدتا اور قیمت دینے کی میعاد یہ مقرر کرتا کہ ایک اونٹنی جنے پھر اس کے پیٹ کی اونٹنی بڑی ہو کر جنے ۔
حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے «حَبَلِ الْحَبَلَةِ» ”حمل کے حمل“ کی بیع سے منع فرمایا۔ یہ بیع زمانہ جاہلیت میں بایں صورت رائج تھی کہ ایک شخص کوئی اونٹنی اس وعدے پر خرید کرتا کہ جب وہ بچہ جنے گی، پھر وہ بڑی ہو کر بچہ جنم دے، تب اس کی قیمت ادا کروں گا۔
تشریح، فوائد و مسائل
اس بیع کو دھوکے کی بیع قرار دے کر منع کیا گیا۔
حدیث بالا کا یہ مطلب بھی بیان کیا گیا ہے کہ کسی قرض وغیرہ کی مدت حاملہ اونٹنی کے حمل کے پیدا ہونے پھر اس پر پیدا ہونے والی اونٹنی کے بچہ جننے کی مدت مقرر کی جاتی تھی، یہ بھی ایک دھوکہ کی بیع تھی، اس لیے اس سے بھی منع کیا گیا۔
(1)
دھوکے کی بیع یہ ہے کہ پرندہ ہوا میں اڑرہا ہے یا مچھلی دریا میں تیر رہی ہے یا ہرن جنگل میں بھاگ رہا ہے اسے پکڑنے سے پہلے بیچ ڈالے۔
اسی طرح وہ غلام یا لونڈی جو بھاگ گئے ہوں جنھیں خریدار کے سپرد کرنے کی قدرت نہ ہو انھیں فروخت کرنا بھی دھوکے کی بیع ہے۔
(3)
امام بخاری ؒ نے دھوکے کی بیع کے متعلق کوئی صریح حدیث پیش نہیں کی بلکہ حبل الحبله کی ممانعت سے استنباط کیا ہے۔
ممکن ہے کہ انھوں نے اس حدیث کی طرف اشارہ کیا ہو جسے امام احمد نے اپنی سند سے بیان کیا ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے دھوکے کی بیع سے منع فرمایا۔
(مسند أحمد: 114/2)
دھوکے کی بیع میں کئی ایک بیوع شامل ہیں۔
معدوم، مجہول اور مبہم اشیاء کی بیع بھی اس میں شامل ہے۔
(3)
حبل الحبله کی تفسیر میں کئی اقوال مروی ہیں جن میں سے ایک مذکورہ حدیث میں بیان ہوا ہے۔
اس کی ایک تفسیر یہ بھی ہے کہ اونٹنی کے بچے کےبچے کی بیع کی جائے۔
دونوں تفسیروں کے مطابق یہ بیع باطل ہے کیونکہ پہلی تفسیر کے مطابق قیمت کی ادائیگی کی مدت مجہول ہے اور دوسری تفسیر کے مطابق یہ معدوم کی بیع ہے۔
یہ دونوں ممنوع ہیں۔
(فتح الباري: 451/4)
حدیث میں مذکورہ خرید فروخت دور جاہلیت کی یاد ہے نیز اس میں کئی خرابیاں ہیں مثلاً: نہ معلوم اونٹنی کو حمل ہے یاویسے ہی پیٹ پھولا ہوا ہے جیسا کہ عورتوں کو بھی حمل کا ذب ہوجاتا ہے۔
اگر حمل ہے تو وہ بچہ ہوتا ہے یا نہیں زندہ رہ کر زمانہ حمل قبول کرتا ہے یا نہیں کئی ایک ایسے احتمالات ہیں جو جھگڑے کا باعث ہیں اور جھگڑے والی خرید و فروخت جس میں قیمت نامعلوم ہو یا بیچی جانے والی چیز مجہول ہو یا مدت ادا ئیگی معلوم نہ ہو خرید و فروخت کی ایسی تمام صورتیں ناجائز ہیں۔
واللہ اعلم۔
اس میعاد میں جہالت تھی۔
دوسرے دھوکہ تھا کہ معلوم نہیں وہ کب بچہ جنتی ہے۔
پھر اس کا بچہ زندہ بھی رہ جاتا ہے یا مرجاتا ہے۔
اگر زندہ رہے تو کب حمل رہتا ہے، کب وضع حمل ہوتا ہے۔
ایسی میعاد اگر سلم میں لگائے تو سلم جائز نہ ہوگی۔
گو عادتاً اس کا وقت معلوم بھی ہو سکے۔
(1)
دور جاہلیت میں بیع سلم کی ایک عجیب صورت رائج تھی۔
جب کسی کو پتہ چلتا ہے کہ فلاں آدمی کے پاس اعلی نسل کی اونٹنی ہے تو وہ اس کے مالک سے یہ معاملہ طے کرتا کہ اونٹنی جب حاملہ ہوتو اس کے بچے کا میں خریدار ہوں اور اس کی قیمت پہلے ادا کردیتا۔
اگر مالک کہتا کہ اس بچے کا سودا ہوچکا ہے تو وہ اگلی نسل کا سودا کرنے کےلیے بھی تیار ہوجاتا۔
رسول اللہ ﷺ نے اس قسم کی خریدوفروخت سے منع فرمادیا کیونکہ یہ معدوم اور موہوم چیز کی بیع ہے۔
معلوم نہیں اونٹنی کیا جنتی ہے؟ جنتی بھی ہے یا نہیں یا مردہ بچہ جنم دیتی ہے۔
(2)
امام بخاری ؒ نے اس سے ثابت کیا ہے کہ بیع سلم میں اگر میعاد مجہول ہے تو ایسا سودا ناجائز ہے، گو اونٹنی قریب قریب ایک سال کی مدت میں جنم دیتی ہے، تاہم یہ میعاد مجہول ہے۔
آگے پیچھے کئی دن کا فرق ہوسکتا ہے جو جھگڑے کا باعث بنتا ہے، اس لیے رسول اللہ ﷺ نے اس سے منع فرمادیا۔
بعض دفعہ قیمت کی ادائیگی کےلیے مہینہ اور دن تو متعین نہ کرتے بلکہ اونٹنی کے بچہ جنم دینے کو وعدہ ٹھہرالیتے۔
بعض اوقات ایسا بھی ہوتا کہ حمل کا بچہ بڑا ہوکر جب بچہ جنے تو قیمت ادا ہوگی جیسا کہ دوسری روایات میں اس کی صراحت ہے۔
اس میعاد میں جہالت تھی،اس لیے منع کردیا گیا۔
اس حدیث کے متعلقہ کچھ مباحث کتاب البیوع، حدیث: 2143 کے تحت بیان ہوچکے ہیں۔
حبله: حابل کی جمع ہے، جس طرح ظالم کی جمع ظلمه ہے یا كاتب کی جمع كتبه ہے، بعض کے نزدیک یہ مصدر ہے اور مجہول کے معنی میں ہے اور بقول علامہ نووی، حبل کا لفظ عورتوں کے لیے خاص ہے اور حیوانات کے لیے حمل کا لفظ ہے، اس لیے بکری یا اونٹنی کو حاملہ کہتے ہیں، حیوانات کے لیے حابلہ کا لفظ صرف اس حدیث میں آیا ہے۔
اور بقول امام نووی اس پر اہل لغت کا اتفاق ہے، لیکن علامہ عینی نے لکھا ہے کہ حابلہ کا لفظ ہر مونث کے لیے استعمال ہوتا ہے۔
حَبَل الحَبله کی تفسیر میں مختلف اقوال ہیں: (1)
کسی چیز کی قیمت اس وقت ادا کرنا جب حاملہ اونٹنی بچہ جنے گی اور وہ بچہ بڑا ہو کر، بچہ دے، بخاری شریف کی روایت کی ابن عمر رضی اللہ عنہما نے خود یہی تفسیر کی ہے۔
(2)
کسی چیز کی قیمت اس وقت ادا کرنا، جب مخصوص اونٹنی اپنا حمل وضع کرے گی، امام نافع نے یہی تفسیر کی ہے، ابن المسیب، امام مالک، امام شافعی اور فقہاء کی ایک جماعت کا یہی قول ہے۔
(3)
کسی چیز کی قیمت اس وقت ادا کرنا، جب حاملہ اونٹنی بچہ دے اور پھر وہ بچہ بڑا ہو کر حاملہ ہو جائے۔
لیکن اس کے حمل کے وضع ہونے کی شرط نہیں ہے، اگلی روایت سے یہی معلوم ہوتا ہے اور امام ابو اسحاق نے اس کو اختیار کیا ہے، ان تینوں صورتوں میں ممانعت کا سبب یہ ہے، قیمت کی ادائیگی کا وقت و مدت مجہول ہے۔
(4)
حاملہ اونٹنی کے پیٹ کے بچہ کی یا پیٹ کے بچے کے بچہ کی بیع کرنا، امام ترمذی نے اس کو اختیار کیا ہے۔
امام ابو عبیدہ، ابو عبید، احمد اور اسحاق کا یہی نظریہ ہے اور اس کے منع ہونے کا سبب مبیع یعنی جو چیز بیچی گئی ہے کا مجہول ہونا ہے کیونکہ معلوم نہیں ہے اونٹنی کا بچہ پیدا ہوتا ہے یا نہیں، دوسرے بچہ کی پیدائش تو بعد کی بات ہے، اس طرح اس میں غرر بھی ہے، اس لیے امام بخاری نے، اس کو بیع الغرر کے تحت بیان کیا ہے۔
اور بعض حضرات نے اس کا معنی انگوروں کا ان کے پکنے کی صلاحیت کو پہنچنے سے پہلے بیچنا بیان کیا ہے۔
عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے «حبل الحبلة» (بچے کے بچہ) کی بیع سے منع فرمایا ہے ۱؎۔ [سنن ابي داود/كتاب البيوع /حدیث: 3380]
(حبل الحبلة) حاملہ کا حمل اس کی صورت یہ ہوتی تھی کہ کوئی سودا کیا جاتا تو اس کی ادایئگی کےلئے ایک مجہول لمبی مدت مقرر کی جاتی۔
کہ جب یہ اونٹنی مادہ بچہ جنے گی پھر وہ حاملہ ہوگی۔
تو اس وقت ادایئگی ہوگی۔
ایک مفہوم یہ بھی آتا ہے کہ میں تجھ سے اس حاملہ اونٹنی کے بچے کے بچے کی بیع کرتا ہوں۔
جیسا کہ اگلی ر وایت میں آرہا ہے یہ ناجائز ہے۔
اس میں دھوکا ہے۔
نہ معلوم یہ بچہ جنے گی یا نہیں۔
اور پھر پیدا ہونے والا نر ہوگا یا مادہ اور نہ معلوم وہ کب حاملہ ہو۔
اس حدیث میں اس جاہلی رواج کی بھی تردید اور ممانعت ہے۔
جو ہمارے پنجاب اور سندھ کے بعض خاندانوں میں مروج ہے۔
یہ یہ لوگ رشتے ناتے میں وٹہ سٹہ کرتے ہوئے جب مقابلے میں لڑکی موجود نہ ہو تو شرط کرلیتے ہیں کہ اس جوڑے سے آئندہ ہونے والی لڑکی ہمیں دینا ہوگی۔
اسے وہ لوگ پیٹ دینے یا تھنداساک (آیئندہ پیدا ہونے والا رشتہ دینا) سے تعبیر کرتے ہیں۔
عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے حاملہ کے حمل کو بیچنے سے منع فرمایا ۱؎۔ [سنن نسائي/كتاب البيوع/حدیث: 4628]
عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے حاملہ کے حمل کی بیع سے منع فرمایا اور یہ ایسی بیع تھی جو جاہلیت کے لوگ کیا کرتے تھے، ایک شخص اونٹ خریدتا اور پیسے دینے کا وعدہ اس وقت تک کے لیے کرتا جب وہ اونٹنی جنے اور پھر اس کا بچہ جنے۔ [سنن نسائي/كتاب البيوع/حدیث: 4629]
عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے حمل کے حمل کو بیچنے سے منع فرمایا ہے ۱؎۔ [سنن ابن ماجه/كتاب التجارات/حدیث: 2197]
فوائد و مسائل:
(1)
(بَيْعُ حَبَلِ الْحَبَلَةِ)
کا ایک مطلب یہ ہے کہ جانور کا بچہ پیدائش سے پہلے خریدا اور بیچا جائے، یہ جائز نہیں کیونکہ اس میں غرر ہے۔
معلوم نہیں وہ بچہ مذکر ہوگا یا مؤنث، صحیح ہوگا یا عیب دار۔
(2)
اس کا دوسرا مطلب یہ ہے کہ کوئی چیز خرید کر ادائیگی کی میعاد کسی جانور کے بچہ دینے تک مقرر کی جائے۔
یہ مجہول مدت ہے، اس لیے یہ بھی منع ہے۔
(3)
اس کا ایک مطلب یہ ہے کہ فلاں حاملہ جانور سے پیدا ہونے والا بچہ جب بڑا ہو کر بچہ دے گا، وہ جانور میں بیچتا ہوں، یا کسی دوسری چیز کی رقم کی ادائیگی اس وقت ہوگی۔
اس میں بھی غرر اورمدت نامعلوم ہے۔
معلوم نہیں اس حاملہ جانور سے مذکر پیدا ہوگا یا مؤنث، اور مؤنث ہوا تو اس سے کب بچہ پیدا ہوگا۔
(4)
ادھار کی ادائیگی کے لیے مدت کا وضح تعین ہونا چاہیے، پھر اگر مقروض آدمی اس وقت ادا نہ کر سکےتو مزید مہلت مانگ لے۔
یا مدت کا تعین کیا ہی نہ جائے، مقروض اپنی سہولت کے مطاق ادا کردے۔
مقروض کو اس طرح سہولت دینا بہت فضیلت والا عمل ہے، تاہم مقروض اس سہولت کی وجہ سے قرض کی ادائیگی سے بے نیاز نہ ہو جائے بلکہ قرض خواہ کے حق میں دعا کرتا رہے اور ادائیگی کے لیے مقدور بھر کوشش کرتا رہے۔
اس میں تساہل یا کوتاہی نہ کرے۔
«. . . 240- وبه: أن رسول الله صلى الله عليه وسلم نهى عن بيع حبل الحبلة، وكان بيعا يتبايعه أهل الجاهلية. كان الرجل يبتاع الجزور إلى أن تنتج الناقة ثم تنتج التى فى بطنها. . . .»
". . . اور اسی سند کے ساتھ (سیدنا ابن عمر رضی اللہ عنہما سے) روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے (جانور کے پیٹ میں) حمل کے حمل کو بیچنے سے منع فرمایا ہے اور یہ سودا تھا جو اہل جاہلیت ایک دوسرے کے ساتھ کرتے تھے۔ آدمی اس اونٹ کا سودا کرتا تھا کہ اونٹنی ایک بچی جنے گی پھر اس سے جو اونٹ پیدا ہو گا وہ میرا ہے . . ." [موطا امام مالك رواية ابن القاسم: 502]
تفقہ:
➊ جو چیز موجود ہی نہیں ہے اس کا بیچنا ممنوع ہے۔
➋ سد ذرائع کے طور پر بعض امور سے منع کیا جا سکتا ہے۔
➌ اسلام یہ چاہتا ہے کہ مسلمانوں میں ہمیشہ اتفاق اور ہم آہنگی رہے۔
➍ حبل الحبلہ کا ایک مفہوم یہ بھی ہے کہ بیع کی میعاد یہ مقرر کر لے کہ جب تک یہ جنے پھر اس کا بچہ بھی جنے۔ یہ میعاد مجہول ہے اس لئے منع ہے۔
سیدنا ابن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے حبل الحبلہ کی بیع سے منع فرمایا ہے اور یہ بیع دور جاہلیت میں تھی کہ آدمی اونٹنی اس شرط پر خریدتا کہ اس کی قیمت اس وقت دے گا جب اونٹنی بچہ جنے، پھر وہ بچہ جو اونٹنی کے پیٹ میں ہے وہ (ایک آگے بچہ) جنے۔ (بخاری و مسلم) اور یہ الفاظ بخاری کے ہیں۔ «بلوغ المرام/حدیث: 662»
«أخرجه البخاري، البيوع، باب بيع الغرر وحبل الحبلة، حديث:2143، ومسلم، البيوع، باب تحريم بيع حبل الحبلة، حديث:1514.»
تشریح: 1. مذکورہ حدیث سے بظاہر تو یہ معلوم ہوتا ہے کہ جنین کی فروخت ممنوع ہے‘ جبکہ وہ اپنی ماں کے شکم میں ہو۔
اور ایک قول یہ بھی ہے کہ مادہ کے پیٹ میں جو بچہ پرورش پا رہا ہے‘ اس کا بچہ فروخت کرنا ممنوع ہے‘ یعنی اونٹنی کے حمل کا حمل۔
اس کی ممانعت کی وجہ یہ ہے کہ یہ بیع معدوم اور مجہول دونوں پہلو رکھتی ہے۔
اور اسے حاصل کرنے کی قدرت نہیں ہوتی کیونکہ ایک طرح یہ دھوکے کی بیع ہے۔
اور یہ قول بھی ہے کہ اس کے معنی یہ ہیں: کسی شے کی بیع اس وقت تک کرنا کہ اونٹنی بچہ جنم دے‘ یا اس اونٹنی کا بچہ جوان ہو کر بچہ جنے۔
اس میں نہی کی وجہ یہ ہے کہ یہ بیع ایسی ہے جس کی مدت نامعلوم ہے۔
2.حدیث میں مذکور ممنوع بیع کی جو تفسیر وَکَانَ بَیْعًا…الخ کے الفاظ کے ساتھ منقول ہے‘ وہ نافع یا ابن عمر رضی اللہ عنہما نے کی ہے‘ اس سے معلوم ہوتا ہے کہ ادائیگی ٔ قیمت کی میعاد مقرر کی جاتی تھی‘ اس طرح کہ جو بچہ اس وقت اونٹنی کے پیٹ میں زیر پرورش ہے اس کے جوان ہونے پر اس سے جو بچہ پیدا ہوگا وہ اس اونٹ کی قیمت ہوگی۔
اس تفسیر کو امام مالک اور امام شافعی رحمہما اللہ نے اختیار کیا ہے۔
وہ اس صورت میں ممانعت کی توجیہ یہ کرتے ہیں کہ رقم کی ادائیگی کی میعاد غیر متعین ہے‘ اس لیے ایسی بیع بھی ممنوع ہے۔