صحيح البخاري
كتاب فضل ليلة القدر— کتاب: لیلۃ القدر کا بیان
بَابُ تَحَرِّي لَيْلَةِ الْقَدْرِ فِي الْوِتْرِ مِنَ الْعَشْرِ الأَوَاخِرِ: باب: شب قدر کا رمضان کی آخری دس طاق راتوں میں تلاش کرنا۔
حَدَّثَنَا عَبْدُ اللَّهِ بْنُ أَبِي الْأَسْوَدِ ، حَدَّثَنَا عَبْدُ الْوَاحِدِ ، حَدَّثَنَا عَاصِمٌ ، عَنْ أَبِي مِجْلَزٍ ، وَعِكْرِمَةَ ، قَالَ ابْنُ عَبَّاسٍ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُ ، قَالَ : قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ : " هِيَ فِي الْعَشْرِ الْأَوَاخِرِ ، هِيَ فِي تِسْعٍ يَمْضِينَ أَوْ فِي سَبْعٍ يَبْقَيْنَ يَعْنِي لَيْلَةَ الْقَدْرِ " ، وَعَنْ خَالِدٍ ، عَنْ عِكْرِمَةَ ، عَنِ ابْنِ عَبَّاسٍ : الْتَمِسُوا فِي أَرْبَعٍ وَعِشْرِينَ .´ہم سے عبداللہ بن ابی الاسود نے بیان کیا ، کہا کہ ہم سے عبدالواحد بن زیاد نے بیان کیا ، ان سے عاصم بن سلیمان نے بیان کیا ، ان سے ابومجلز اور عکرمہ نے ، ان سے ابن عباس رضی اللہ عنہما نے بیان کیا کہ` نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا شب قدر رمضان کے ( آخری ) عشرہ میں پڑتی ہے ۔ جب نو راتیں گزر جائیں یا سات باقی رہ جائیں ۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی مراد شب قدر سے تھی ۔ عبدالوہاب نے ایوب اور خالد سے بیان کیا ، ان سے عکرمہ نے اور ان سے ابن عباس رضی اللہ عنہما نے کہ شب قدر کو چوبیس تاریخ ( کی رات ) میں تلاش کرو ۔
تشریح، فوائد و مسائل
اور یہاں اس حدیث کو لانے سے یہ مشکل پیدا ہوئی کہ ترجمۃ الباب طاق راتوں کے لیے ہے اور یہ چوبیسویں رات طاق نہیں بلکہ شفع ہے اور اس مشکل کا جواب یہ دیا گیا ہے کہ مراد یہ ہے چوبیسویں تاریخ رمضان کو پورا کرکے آنے والی رات لیلۃ القدر کو تلاش کر اور وہ پچیسویں رات ہوتی ہے۔
حضرت امام بخاری ؒ کی یہ عادت شریفہ ہے کہ وہ اکثر اپنے تراجم کے تحت ایسی احادیث لے آتے ہیں جن میں کسی نہ کسی طرح باب سے ادنی سے ادنی مناسبت بھی نکل سکتی ہے۔
مترجم کہتا ہے کہ یہاں بھی حضرت امام ؒ نے باب میں في الوتر من العشر کا اشارہ اسی جانب فرمایا کہ اگرچہ روایت ابن عباس ؓ میں چوبیسویں تاریخ کا ذکر ہے مگر اس سے مراد یہی ہے کہ اسے پورا کرکے پچیسویں شب میں جو وتر ہے شب قدر کو اسی میں تلاش کرو۔
واللہ أعلم بالصواب۔
(1)
عنوان میں یہ بیان ہوا ہے کہ آخری عشرے کی طاق راتوں میں شب قدر تلاش کی جائے جبکہ آخری حدیث میں چوبیسویں رات میں تلاش کرنے کا ذکر ہے اور یہ رات طاق نہیں ہے۔
شارحین بخاری نے اس اشکال کو بایں طور حل کرنے کی کوشش کی ہے۔
پہلی روایت میں ہے کہ آخری سات راتوں میں تلاش کرو اور اگر مہینہ تیس کا ہو تو یہ چوبیسویں رات بنتی ہے، اس لیے ابن عباس ؓ نے اس احتیاط کے پیش نظر چوبیس کہا ہے۔
بعض نے کہا ہے کہ اس سے مراد یہ ہے کہ چوبیس دن پورے ہو جائیں تو یہ رات تلاش کرو۔
اس طرح اس سے مراد پچیسویں رات ہی ہے۔
(إرشادالساري: 593/4) (2)
’’چوبیسویں رات میں تلاش کرو۔
‘‘ یہ روایت موصول ہے، یا معلق اس بارے میں اختلاف ہے۔
حافظ ابن حجر ؒ کا رجحان ہے کہ یہ عبدالوہاب کے طریق سے موصول ہے، تاہم امام مزی ؒ نے پورے وثوق سے کہا ہے کہ یہ معلق روایت ہے، عن خالد سے الگ روایت ہے۔
(فتح الباري: 333/4) (3)
اس روایت میں یہ جملہ باعث اشکال ہے اور شارحین نے اس کو حل کرنے کی کوشش بھی کی ہے، وہ ہے (أربع و عشرين)
’’چوبیسویں رات‘‘ کیونکہ بات تو طاق راتوں سے متعلق ہے اور دیگر احادیث میں بھی طاق راتوں میں لیلۃ القدر تلاش کرنے کی ترغیب ہے۔
ابن عباس کا یہ قول انہی الفاظ سے کسی اور کتاب میں ہمیں نہیں مل سکا۔
حافظ ابن حجر ؒ نے فتح الباری میں مسند احمد کے حوالے سے ابن عباس ؓ سے ایک روایت نقل کی ہے۔
یہ روایت ابن عباس ؓ سے مسند احمد: (1/255)
، المعجم الکبیر للطبراني: (292/11)
اور مصنف ابن أبي شیبة: 120/4 میں موصولاً مروی ہے اور اس میں ’’چوبیسویں رات‘‘ کے بجائے ’’ تئیسویں رات‘‘ کے الفاظ ہیں، اس لیے (فتح الباري: 333/4)
میں (ليلة أربع و عشرين)
کے الفاظ سہو ہے۔
وہ روایت یوں ہے: ’’ابن عباس ؓ فرماتے ہیں: ایک رات میں سویا ہوا تھا کہ مجھے کہا گیا کہ یہ لیلۃ القدر ہے میں اٹھا تو اونگھ رہا تھا، میرا پاؤں رسول اللہ ﷺ کے خیمے کی رسی میں الجھ گیا۔
میں نبی ﷺ کے پاس آیا تو آپ کھڑے نماز ادا فرما رہے تھے۔
ابن عباس ؓ فرماتے ہیں: میں نے غور کیا تو وہ تئیسویں رات تھی۔
‘‘ اس سے معلوم ہوتا ہے کہ ابن عباس ؓ کے قول کی بنیاد یہی روایت ہے اور اس میں چوبیسویں کے بجائے تئیسویں کا ذکر ہے اور پھر چوبیسویں والی روایت معلق بھی ہے، اس لیے راجح بات یہ معلوم ہوتی ہے کہ ’’چوبیسویں رات‘‘ کے الفاظ شاذ ہیں یا پھر راوی کا وہم ہے کیونکہ صحیح روایات میں طاق راتوں میں تلاش کرنے کا حکم ہے اور مسند احمد کی روایت میں بھی تئیسویں رات کا ذکر ہے۔
’’سات راتیں باقی رہ جائیں‘‘ والی روایت سے بھی یہی متبادر ہے کہ اس سے مراد تئیسویں رات ہے۔
واللہ أعلم
عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہما کہتے ہیں کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ” تم اسے (یعنی شب قدر کو) رمضان کے آخری دس دنوں میں تلاش کرو جب نو راتیں باقی رہ جائیں (یعنی اکیسویں شب کو) اور جب سات راتیں باقی رہ جائیں (یعنی تئیسویں شب کو) اور جب پانچ راتیں باقی رہ جائیں (یعنی پچیسویں شب کو)۔“ [سنن ابي داود/كتاب تفريع أبواب شهر رمضان /حدیث: 1381]