حدیث نمبر: 511
حَدَّثَنَا عَبْدُ اللَّهِ بْنُ مُحَمَّدٍ ، قَالَ : حَدَّثَنَا سُفْيَانُ ، عَنِ ابْنِ الْمُنْكَدِرِ ، سَمِعَ جَابِرَ بْنَ عَبْدِ اللَّهِ ، يَقُولُ : مَرِضْتُ مَرَضًا ، فَأَتَانِي النَّبِيُّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ يَعُودُنِي وَابوبَكْرٍ ، وَهُمَا مَاشِيَانِ ، فَوَجَدَانِي أُغْمِيَ عَلَيَّ ، فَتَوَضَّأَ النَّبِيُّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ ثُمَّ صَبَّ وَضُوءَهُ عَلَيَّ ، فَأَفَقْتُ فَإِذَا النَّبِيُّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ ، فَقُلْتُ : يَا رَسُولَ اللَّهِ ، كَيْفَ أَصْنَعُ فِي مَالِي؟ كَيْفَ أَقْضِي فِي مَالِي؟ فَلَمْ يُجِبْنِي بِشَيْءٍ حَتَّى نَزَلَتْ آيَةُ الْمِيرَاثِ .
ترجمہ:مولانا عثمان منیب

سیدنا جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہما کہتے ہیں کہ میں ایک دفعہ بیمار ہوا تو نبی صلی اللہ علیہ وسلم اور سیدنا ابو بکر رضی اللہ عنہ میری عیادت کے لیے تشریف لائے۔ وہ دونوں پیدل تھے۔ دونوں حضرات نے مجھے بے ہوشی کی حالت میں پایا۔ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے وضو فرمایا، پھر اپنے وضو کا بچا ہوا پانی مجھ پر ڈالا تو مجھے افاقہ ہو گیا۔ میں نے دیکھا تو نبی صلی اللہ علیہ وسلم موجود تھے۔ میں نے عرض کیا: اللہ کے رسول! میں اپنے مال کے بارے میں کیا کروں؟ اور کیسے فیصلہ کروں؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے مجھے کوئی جواب نہ دیا یہاں تک کہ آیت میراث نازل ہوئی۔

حوالہ حدیث الادب المفرد / كتاب / حدیث: 511
درجۂ حدیث شیخ الألبانی: صحيح
تخریج حدیث «صحيح : أخرجه البخاري ، كتاب المرضى ، باب عيادة المغمى عليه : 5651 و مسلم : 1616 و أبوداؤد : 2886 و النسائي فى الكبرىٰ : 6287 و فى الصغرىٰ مختصرًا : 1381 و الترمذي : 2097 و ابن ماجه : 2728»

تشریح، فوائد و مسائل

✍️ الشیخ مولانا عثمان منیب
1
فوائد ومسائل:
(۱)اس سے معلوم ہوا کہ بے ہوش آدمی کی تیمار داری جائز ہے، نیز عیادت کرنے والے کو چاہیے کہ وہ از خود ہی دم وغیرہ کر دے۔
(۲) آیات وراثت نازل ہونے سے پہلے مال کے بارے میں وصیت ضروری تھی۔ سیدنا جابر رضی اللہ عنہ نے اس کے بارے میں راہنمائی طلب کی تو اللہ تعالیٰ نے وراثت کے احکام نازل فرمائے اور ہر وارث کا حصہ مقرر کر دیا۔ اب وارث کے لیے وصیت نہیں ہو گی، تاہم دیگر کسی معاملے میں وصیت کی جاسکتی ہے۔ وارث کے لیے وصیت کرنا منسوخ ہے۔ اس کے علاوہ رشتہ داروں کے لیے وصیت ضروری ہے۔ (دیکھیں:احکام الجنائز باب فرائض المریض)
(۳) نبی صلی اللہ علیہ وسلم کا وضو سے بچا ہوا پانی ڈالنا اور حضرت جابر رضی اللہ عنہ کو ہوش آجانا نبی صلی اللہ علیہ وسلم کا معجزہ ہے۔
درج بالا اقتباس فضل اللہ الاحد اردو شرح الادب المفرد، حدیث/صفحہ نمبر: 511 سے ماخوذ ہے۔