حَدَّثَنَا أَحْمَدُ بْنُ يُونُسَ ، قَالَ : حَدَّثَنَا ابوبَكْرٍ ، عَنْ مُحَمَّدِ بْنِ عَمْرٍو ، عَنْ أَبِي سَلَمَةَ ، عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ ، قَالَ : جَاءَ أَعْرَابِيٌّ ، فَقَالَ النَّبِيُّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ : ”هَلْ أَخَذَتْكَ أُمُّ مِلْدَمٍ؟“ قَالَ : وَمَا أُمُّ مِلْدَمٍ؟ قَالَ : ”حَرٌّ بَيْنَ الْجِلْدِ وَاللَّحْمِ“، قَالَ : لَا ، قَالَ : ”فَهَلْ صُدِعْتَ؟“ قَالَ : وَمَا الصُّدَاعُ ؟ قَالَ : ”رِيحٌ تَعْتَرِضُ فِي الرَّأْسِ ، تَضْرِبُ الْعُرُوقَ“، قَالَ : لَا ، قَالَ : فَلَمَّا قَامَ ، قَالَ : ”مَنْ سَرَّهُ أَنْ يَنْظُرَ إِلَى رَجُلٍ مِنْ أَهْلِ النَّارِ “، أَيْ : فَلْيَنْظُرْهُ .سیدنا ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ ایک (صحت مند) دیہاتی رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس آیا تو نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے اس سے پوچھا: ”کیا تمہیں کبھی بخار ہوا ہے؟“ اس نے پوچھا: بخار کیا ہوتا ہے؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”جلد اور گوشت کے درمیان حرارت پیدا ہو جانا ہے۔“ اس نے کہا: نہیں۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے پوچھا: ”تمہیں کبھی سر درد ہوا ہے؟“ اس نے کہا: سر درد کیا ہوتا ہے؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”ایک ہوا ہے جو سر میں گھس جاتی ہے اور رگوں پر ضرب لگاتی ہے۔“ اس نے کہا: نہیں۔ راوی کہتے ہیں کہ جب وہ اٹھ کر چلا تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”جو کسی دوزخی کو دیکھنا پسند کرے وہ اسے دیکھ لے۔“
تشریح، فوائد و مسائل
اس سے معلوم ہوا بیمار ہونا اور تکلیفیں آنا مسلمان اور مومن ہونے کی نشانی ہے۔ جو کلمہ پڑھتا ہے اور کبھی بیمار نہیں ہوا تو اس شخص کو اپنے بارے میں نفاق سے ڈرنا چاہیے۔ لیکن اس کا یہ مطلب نہیں ہے کہ جو بھی بیمار ہو وہ مومن ہوتا ہے اس کے لیے دیگر احکام شریعت کو سامنے رکھنا ہوگا۔