حدیث نمبر: 336
حَدَّثَنَا مُحَمَّدٍ، قَالَ‏:‏ حَدَّثَنَا عَبْدُ السَّلامِ، قَالَ‏:‏ حَدَّثَنَا حَفْصٌ، عَنْ عُبَيْدِ اللهِ، عَنْ زَيْدِ بْنِ أَسْلَمَ، عَنْ أَبِيهِ قَالَ‏:‏ سَمِعْتُ عُمَرَ يَقُولُ‏:‏ الْمَدْحُ ذَبْحٌ، قَالَ مُحَمَّدٌ‏:‏ يَعْنِي إِذَا قَبِلَهَا‏.‏
ترجمہ:مولانا عثمان منیب

سیدنا عمر رضی اللہ عنہ نے فرمایا: تعریف کرنا ذبح کر دینا ہے۔ امام بخاری رحمہ اللہ نے فرمایا: ذبح اس وقت ہو گا جب وہ تعریف قبول کرے۔

حوالہ حدیث الادب المفرد / كتاب / حدیث: 336
درجۂ حدیث شیخ الألبانی: صحيح
تخریج حدیث «صحيح : أخرجه أحمد فى الزهد : 614 و ابن أبى شيبة : 26263 و ابن أبى الدنيا فى الصمت : 602»

تشریح، فوائد و مسائل

✍️ الشیخ مولانا عثمان منیب
1
فوائد ومسائل:
(۱)مذکورہ بالا حدیث و آثار میں کسی کی اس کے منہ پر تعریف کرنے کی مذمت وارد ہے۔ ایسا کرنے سے اس شخص کے تباہ ہونے کا خدشہ ہے جس کی تعریف کی جارہی ہو اور دین کی خرابی ہی انسان کی تباہی ہے۔ اس لیے منہ پر تعریف کرنے سے گریز کرنا چاہیے۔
(۲) منہ پر تعریف کرنی، تعریف کرنے والے کے لیے بھی تباہی ہے۔ کیونکہ عموماً منہ پر تعریف کرنے میں ریاکاری یا خوشامد کا عنصر غالب ہوتا ہے۔ اسی طرح کسی مسلمان کے دین کی خرابی کا باعث بننا بھی بہت بڑا گناہ ہے۔
(۳) سیدنا عمر رضی اللہ عنہ کا اثر کہ مدح کرنا ذبح کرنے کے مترادف ہے، مرفوعاً بھی مروی ہے۔ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:’’ایک دوسرے کی مدح سرائی سے بچو کیونکہ یہ ذبح کرنے کے مترادف ہے۔‘‘ (سلسلة الأحادیث الصحیحة، حدیث:۱۲۸۴)
درج بالا اقتباس فضل اللہ الاحد اردو شرح الادب المفرد، حدیث/صفحہ نمبر: 336 سے ماخوذ ہے۔