حدیث نمبر: 321
حَدَّثَنَا مُحَمَّدٍ قَالَ‏:‏ عَبْدُ اللهِ بْنُ محمد قال حَدَّثَنَا مَرْوَانُ بْنُ مُعَاوِيَةَ، حَدَّثَنَا يَزِيدُ، عَنْ أَبِي حَازِمٍ، عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ قَالَ‏:‏ قِيلَ‏:‏ يَا رَسُولَ اللهِ، ادْعُ اللَّهَ عَلَى الْمُشْرِكِينَ، قَالَ‏:‏ ”إِنِّي لَمْ أُبْعَثْ لَعَّانًا، وَلَكِنْ بُعِثْتُ رَحْمَةً‏.‏“
ترجمہ:مولانا عثمان منیب

سیدنا ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم سے عرض کیا گیا: اللہ کے رسول! مشرکین پر بددعا کریں۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”اللہ تعالیٰ نے مجھے لعنت کرنے والا بنا کر مبعوث نہیں فرمایا، بلکہ مجھے رحمت بنا کر بھیجا گیا ہے۔“

حوالہ حدیث الادب المفرد / كتاب / حدیث: 321
درجۂ حدیث شیخ الألبانی: صحيح
تخریج حدیث «صحيح : أخرجه مسلم ، كتاب البر و الصلة : 87 ، 2599»

تشریح، فوائد و مسائل

✍️ الشیخ مولانا عثمان منیب
1
فوائد ومسائل:
(۱)آپ کا مطلب یہ ہے کہ میں اس لیے مبعوث نہیں کیا گیا کہ اللہ تعالیٰ سے یہ دعا کروں کہ وہ لوگوں کو دھتکار دے اور اپنی رحمت سے دور کر دے بلکہ رحمت بناکر بھیجا گیا ہے۔ مومنوں کے لیے تو آپ کی رحمت واضح ہے، البتہ آپ کافروں کے اس طرح رحمت ہیں کہ آپ کی وجہ سے ان سے دنیاوی عذاب ٹل گیا اور وہ دنیا میں تباہ نہیں ہوئے۔
(۲) عام کفار اور مشرکین کے لیے یہی حکم ہے کہ ان کی ہدایت کی دعا کی جائے لیکن ظالموں اور اسلام سے دشمنی رکھنے والوں اور سرکشوں کے لیے اللہ تعالیٰ سے بد دعا کی جاسکتی ہے جیسا کہ بسا اوقات رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے بد دعا کرنا ثابت ہے۔
درج بالا اقتباس فضل اللہ الاحد اردو شرح الادب المفرد، حدیث/صفحہ نمبر: 321 سے ماخوذ ہے۔