حدیث نمبر: 103
حَدَّثَنَا أَحْمَدُ بْنُ حُمَيْدٍ، قَالَ‏:‏ حَدَّثَنَا مُحَمَّدُ بْنُ فُضَيْلٍ، عَنْ مُحَمَّدِ بْنِ سَعْدٍ قَالَ‏:‏ سَمِعْتُ أَبَا ظَبْيَةَ الْكَلاَعِيَّ قَالَ‏:‏ سَمِعْتُ الْمِقْدَادَ بْنَ الأَسْوَدِ يَقُولُ‏:‏ سَأَلَ رَسُولُ اللهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ أَصْحَابَهُ عَنِ الزِّنَا‏؟‏ قَالُوا‏:‏ حَرَامٌ، حَرَّمَهُ اللَّهُ وَرَسُولُهُ، فَقَالَ‏:‏ ”لأَنْ يَزْنِيَ الرَّجُلُ بِعَشْرِ نِسْوَةٍ، أَيْسَرُ عَلَيْهِ مِنْ أَنْ يَزْنِيَ بِامْرَأَةِ جَارِهِ“، وَسَأَلَهُمْ عَنِ السَّرِقَةِ‏؟‏ قَالُوا‏:‏ حَرَامٌ، حَرَّمَهَا اللَّهُ عَزَّ وَجَلَّ وَرَسُولُهُ، فَقَالَ‏:‏ ”لأَنْ يَسْرِقَ مِنْ عَشَرَةِ أَهْلِ أَبْيَاتٍ، أَيْسَرُ عَلَيْهِ مِنْ أَنْ يَسْرِقَ مِنْ بَيْتِ جَارِهِ.“
ترجمہ:مولانا عثمان منیب

سیدنا مقداد بن اسود رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنے صحابہ سے زنا کی (شناعت کی) بابت پوچھا۔ انہوں نے کہا: حرام ہے، اللہ تعالیٰ اور اس کے رسول نے حرام قرار دیا ہے۔ تب آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”کوئی آدمی اگر دس عورتوں سے زنا کرے اس کا اتنا گناہ نہیں جتنا اپنے ہمسائے کی کسی عورت سے بدکاری کا گناہ ہے۔“ پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ان سے چوری کی بابت دریافت کیا۔ انہوں نے کہا: چوری حرام ہے، اسے اللہ عزوجل اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے حرام قرار دیا ہے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”کوئی آدمی دس گھروں سے چوری کرے اس کا وبال ہمسائے کے کسی ایک گھر سے چوری کرنے سے کم ہے (اور اس کا گناہ زیادہ ہے)۔“

حوالہ حدیث الادب المفرد / كتاب الجار / حدیث: 103
درجۂ حدیث شیخ الألبانی: صحيح
تخریج حدیث «صحيح : أخرجه المصنف فى التاريخ الكبير : 54/8 و أحمد : 23854 و الطبراني فى الكبير : 256/20 و البزار فى مسند : 50/6 و البيهقي فى الشعب : 99/12 - الصحيحة : 65»

تشریح، فوائد و مسائل

✍️ الشیخ مولانا عثمان منیب
1
فوائد ومسائل:
(۱)اس روایت سے معلوم ہوا کہ گناہ کی قباحت بعض اوقات جگہ اور افراد کے لحاظ سے بڑھ جاتی ہے۔ زنا کبیرہ گناہ ہے لیکن اس وقت یہ اکبر الکبائر بن جاتا ہے جب ہمسائے کی کسی عورت سے کیا جائے اور اس سے بھی قبیح ہو جاتا ہے جب کسی محرم خاتون (بیٹی، بہن، پھوپھی، خالہ)سے کیا جائے۔
(۲) پڑوسی کا معاملہ دوسروں سے مختلف ہوتا ہے۔ اجنبی آدمی کے بارے میں انسان محتاط رہتا ہے اور اجنبی بھی ایسی جرأت کرتے ہوئے ڈرتا ہے لیکن پڑوسی پر چونکہ اعتماد ہوتا ہے اور وہ اس اعتماد کو ٹھیس پہنچاتا ہے حالانکہ اسے بہ حیثیت پڑوسی ہمسائے کی ناموس کی حفاظت کرنی چاہیے تھی۔ اس لیے اس کا گناہ دس گنا زیادہ قرار دیا۔ ایک حدیث میں شرک اور والدین کی گستاخی کے بعد اسے سب سے بڑا گناہ کہا گیا ہے۔
(۳) بعض روایات میں (یزنی)کے بجائے (تزانی)کے الفاظ ہیں جس کا مطلب یہ ہے کہ وہ نہ صرف زنا کرتا ہے بلکہ ہمسائے کی بیوی کے ساتھ اس طرح تعلقات بناتا ہے کہ وہ دونوں رضا مندی سے اس معصیت کا ارتکاب کرتے ہیں۔ گویا اس طرح وہ ہمسائے کی بیوی کو اپنی طرف مائل کرکے اس کا گھر بھی برباد کرتا ہے۔ اگرچہ یہاں بیوی کا ذکر ہے۔
(۴) اس سے معلوم ہوا جہاں اعتماد ہو، انسان کا آنا جانا ہو یا کوئی شخص کسی کے گھر کام کرتا ہو تو اسے بدکرداری سے دور رہنا چاہیے کیونکہ ایسی جگہ بدکاری سے گناہ دس گنا شدید ہو جائے گا۔
(۵) حرام وہ ہے جسے اللہ تعالیٰ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے حرام قرار دیا ہو۔ کسی امتی کو کسی چیز کو حلال و حرام قرار دینے کا اختیار ہرگز نہیں ہے۔
(۶) معاشرتی طور پر یہ بات دیکھنے میں آئی ہے کہ اکثر لوگ پڑوسیوں کے معاملے میں نہایت غیر محتاط رویہ اختیار کرتے ہیں۔ ایک دوسرے کے گھر بلا تکلف آنا جانا، خواتین کا پردہ نہ کرنا، مردو زن کا اختلاط ایسے عوامل ہیں جو بدکاری کا باعث بنتے ہیں۔ ہمسایوں کا خیال رکھنا، ان کی خوشی غمی میں شریک ہونا، ان سے میل جول رکھنا بجا ہے لیکن شرعی حدود سے تجاوز بہر صورت ناجائز ہے۔
(۷) بدکاری کی طرح دیگر گناہ جن کا تعلق حقوق العباد سے ہے ان کی شدت بھی ہمسائیوں کے ساتھ کرنے سے بڑھ جاتی ہے جیسا کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے چوری کا ذکر فرمایا۔
درج بالا اقتباس فضل اللہ الاحد اردو شرح الادب المفرد، حدیث/صفحہ نمبر: 103 سے ماخوذ ہے۔