سنن ابوداود — حدیث نمبر 873
باب: آدمی رکوع اور سجدے میں کیا کہے؟
باب مَا يَقُولُ الرَّجُلُ فِي رُكُوعِهِ وَسُجُودِهِ
حَدَّثَنَا أَحْمَدُ بْنُ صَالِحٍ ، حَدَّثَنَا ابْنُ وَهْبٍ ، حَدَّثَنَا مُعَاوِيَةُ بْنُ صَالِحٍ ، عَنْ عَمْرِو بْنِ قَيْسٍ ، عَنْ عَاصِمِ بْنِ حُمَيْدٍ ، عَنْ عَوْفِ بْنِ مَالِكٍ الْأَشْجَعِيِّ ، قَالَ : قُمْتُ مَعَ رَسُولِ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ لَيْلَةً " فَقَامَ فَقَرَأَ سُورَةَ الْبَقَرَةِ لَا يَمُرُّ بِآيَةِ رَحْمَةٍ إِلَّا وَقَفَ فَسَأَلَ ، وَلَا يَمُرُّ بِآيَةِ عَذَابٍ إِلَّا وَقَفَ فَتَعَوَّذَ ، قَالَ : ثُمَّ رَكَعَ بِقَدْرِ قِيَامِهِ يَقُولُ فِي رُكُوعِهِ : سُبْحَانَ ذِي الْجَبَرُوتِ وَالْمَلَكُوتِ وَالْكِبْرِيَاءِ وَالْعَظَمَةِ ، ثُمَّ سَجَدَ بِقَدْرِ قِيَامِهِ ، ثُمَّ قَالَ فِي سُجُودِهِ مِثْلَ ذَلِكَ ، ثُمَّ قَامَ فَقَرَأَ بِآلِ عِمْرَانَ ، ثُمَّ قَرَأَ سُورَةً سُورَةً " .
´عوف بن مالک اشجعی رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ` میں ایک رات رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ ( نماز پڑھنے کے لیے ) کھڑا ہوا ، آپ صلی اللہ علیہ وسلم کھڑے ہوئے اور آپ نے سورۃ البقرہ پڑھی ، آپ صلی اللہ علیہ وسلم کسی رحمت والی آیت سے نہیں گزرتے مگر وہاں ٹھہرتے اور سوال کرتے ، اور کسی عذاب والی آیت سے نہیں گزرتے مگر وہاں ٹھہرتے اور اس سے پناہ مانگتے ، پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنے قیام کے بقدر لمبا رکوع کیا ، اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے رکوع میں : «سبحان ذي الجبروت والملكوت والكبرياء والعظمة» پڑھا ۔ پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنے قیام کے بقدر لمبا سجدہ کیا ، سجدے میں بھی آپ نے وہی دعا پڑھی ، جو رکوع میں پڑھی تھی پھر اس کے بعد کھڑے ہوئے اور سورۃ آل عمران پڑھی ، پھر ( بقیہ رکعتوں میں ) ایک ایک سورۃ پڑھی ۔
عوف بن مالک اشجعی رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں کہ ”میں نے ایک رات رسول اللہ ﷺ کے ساتھ قیام کیا، آپ ﷺ نے قیام کیا تو سورہ البقرہ کی تلاوت فرمائی، آپ ﷺ جس کسی آیتِ رحمت سے گزرتے تو وہاں رکتے اور دعا کرتے اور جس کسی آیتِ عذاب سے گزرتے تو وہاں رکتے اور تعوذ کرتے۔ پھر آپ ﷺ نے رکوع کیا، اس قدر لمبا جتنا کہ آپ ﷺ کا قیام تھا۔ آپ ﷺ اپنے رکوع میں یہ دعا پڑھتے تھے: «سُبْحَانَ ذِي الْجَبَرُوتِ وَالْمَلَكُوتِ وَالْكِبْرِيَاءِ وَالْعَظَمَةِ» ”پاک ہے وہ ذات جو غلبہ و قوت، ملکیت، بڑائی اور عظمت والی ہے۔“ پھر آپ ﷺ نے سجدہ کیا، اس قدر لمبا جتنا کہ آپ ﷺ کا قیام تھا۔ اور آپ ﷺ اپنے سجدے میں بھی وہی دعا پڑھتے رہے۔ پھر کھڑے ہوئے اور سورہ آل عمران کی قرأت فرمائی، پھر ایک سورت پڑھی، (بعد ازاں ایک اور) سورت پڑھی۔“