حدیث نمبر: 661
حَدَّثَنَا عَبْدُ اللَّهِ بْنُ مُحَمَّدٍ النُّفَيْلِيُّ ، حَدَّثَنَا زُهَيْرٌ ، قَالَ : سَأَلْتُ سُلَيْمَانَ الْأَعْمَشَ عَنْ حَدِيثِ جَابِرِ بْنِ سَمُرَةَ فِي الصُّفُوفِ الْمُقَدَّمَةِ ، فَحَدَّثَنَا ،عَنْ الْمُسَيَّبِ بْنِ رَافِعٍ ، عَنْ تَمِيمِ بْنِ طَرَفَةَ ، عَنْ جَابِرِ بْنِ سَمُرَةَ ، قَالَ : قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ : " أَلَا تَصُفُّونَ كَمَا تَصُفُّ الْمَلَائِكَةُ عِنْدَ رَبِّهِمْ عَزَّ وَجَلَّ ؟ قُلْنَا : وَكَيْفَ تَصُفُّ الْمَلَائِكَةُ عِنْدَ رَبِّهِمْ ؟ قَالَ : يُتِمُّونَ الصُّفُوفَ الْمُقَدَّمَةَ وَيَتَرَاصُّونَ فِي الصَّفِّ " .
ڈاکٹر عبدالرحمٰن فریوائی

´جابر بن سمرہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ` رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : ” تم لوگ اس طرح صف بندی کیوں نہیں کرتے جس طرح فرشتے اپنے رب کے پاس کرتے ہیں ؟ “ ، ہم نے عرض کیا : فرشتے اپنے رب کے پاس کس طرح صف بندی کرتے ہیں ؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : ” پہلے اگلی صف پوری کرتے ہیں اور صف میں ایک دوسرے سے خوب مل کر ( جڑ کر ) کھڑے ہوتے ہیں “ ( ان کے مابین کوئی خلا نہیں رہتا ) ۔

وضاحت:
صف میں جڑ کر کھڑے ہونے سے صف سیدھی ہو جاتی ہے۔ معلوم ہوا کہ صالحین کا عمل اختیار کرنا شرعاً مطلوب ہے اور مسلمان کو ہمیشہ ان سے مشابہت کا حریص رہنا چاہیے۔ پہلے پہلی صف مکمل ہونی چاہیے تب دوسری بنائی جائے۔
حوالہ حدیث سنن ابي داود / تفرح أبواب الصفوف / حدیث: 661
درجۂ حدیث شیخ الألبانی: صحيح , شیخ زبیر علی زئی: صحيح مسلم (430)
تخریج حدیث « صحیح مسلم/الصلاة 27 (430)، سنن النسائی/الإمامة 28 (817)، سنن ابن ماجہ/إقامة الصلاة 50 (992)، (تحفة الأشراف: 2127)، وقد أخرجہ: مسند احمد (5/101، 106) (صحیح) »
اس موضوع سے متعلق مزید احادیث و آثار کے حوالے ملاحظہ کریں : سنن نسائي: 817 | سنن ابن ماجه: 992 | مسند الحميدي: 920

تشریح، فوائد و مسائل

✍️ الشیخ عمر فاروق سعیدی
´صفوں کو درست اور برابر کرنے کا بیان۔`
جابر بن سمرہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: تم لوگ اس طرح صف بندی کیوں نہیں کرتے جس طرح فرشتے اپنے رب کے پاس کرتے ہیں؟، ہم نے عرض کیا: فرشتے اپنے رب کے پاس کس طرح صف بندی کرتے ہیں؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: پہلے اگلی صف پوری کرتے ہیں اور صف میں ایک دوسرے سے خوب مل کر (جڑ کر) کھڑے ہوتے ہیں (ان کے مابین کوئی خلا نہیں رہتا)۔ [سنن ابي داود/تفرح أبواب الصفوف /حدیث: 661]
661۔ اردو حاشیہ:
➊ صف میں جڑ کر کھڑے ہونے سے صف سیدھی ہو جاتی ہے۔
➋ معلوم ہوا کہ صالحین کا عمل اختیار کرنا شرعاً مطلوب ہے اور مسلمان کو ہمیشہ ان سے مشابہت کا حریص رہنا چاہیے۔ بالخصوص نمازوں میں صف بندی کے معاملے میں۔ سورۃ فاتحہ میں اسی دعا کی تعلیم دی گئی ہے کہ «اهدنا الصراط المستقيم . صراط الذين انعمت عليهم»
➌ پہلے پہلی صف مکمل ہو تب دوسری بنائی جائے۔
درج بالا اقتباس سنن ابی داود شرح از الشیخ عمر فاروق سعیدی، حدیث/صفحہ نمبر: 661 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: سنن ابن ماجه / حدیث: 992 کی شرح از مولانا عطا اللہ ساجد ✍️
´صفیں برابر کرنے کا بیان۔`
جابر بن سمرہ سوائی رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: تم اس طرح صفیں کیوں نہیں باندھتے جس طرح فرشتے اپنے رب کے پاس باندھتے ہیں؟ ، ہم نے عرض کیا: اللہ کے رسول! فرشتے اپنے رب کے پاس کس طرح صف باندھتے ہیں؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: پہلی صفوں کو مکمل کرتے ہیں، اور صف میں ایک دوسرے سے خوب مل کر کھڑے ہوتے ہیں۔‏‏‏‏ [سنن ابن ماجه/كتاب إقامة الصلاة والسنة/حدیث: 992]
اردو حاشہ:
فوائد و مسائل:
(1)
شریعت اسلامیہ میں عبادت کے طریقے فرشتوں کی عبادت کے طریقوں سے مشابہ ہیں۔
اور یہ بہت بڑا شرف ہے۔

(2)
فرشتے اللہ کی عبادت کےلئے صفوں میں کھڑے ہوتے ہیں۔

(3)
جب تک پہلی صف مکمل نہ ہوجائے۔
دوسری صف شروع نہیں کرنی چاہیے۔
اس طرح دوسری کے بعد تیسری اور تیسری کے بعد چوتھی صف بنائی جائے۔

(4)
صف میں کھڑے ہوتے وقت ایک دوسرے کے ساتھ مل کر کھڑے ہوناچاہیے۔
دو آدمیوں کے درمیان خالی جگہ نہیں چھوڑنی چاہیے۔
صحابہ کرام رضوان للہ عنہم اجمعین ایک دوسرے کے کندھے سے کندھا اور قدم سے قدم ملا کر کھڑے ہوتے تھے۔
دیکھئے: (صحیح البخاري، الأذان، باب الزاق المنکب بالمنکب والقدم بالقدم فی الصف، حدیث: 725)
درج بالا اقتباس سنن ابن ماجہ شرح از مولانا عطا الله ساجد، حدیث/صفحہ نمبر: 992 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: مسند الحميدي / حدیث: 920 کی شرح از محمد ابراہیم بن بشیر ✍️
920- سیدنا جابر بن سمرہ رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں: ہم نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی اقتداء میں نمازادا کرتے تھے ہم میں سے کوئی ایک شخص جب سلام پھیرتا تھا، تو اپنے ہاتھ کے ذریعے دائیں طرف اور بائیں طرف اس طرح کہتا تھا: السلام علیکم، السلام علیکم۔ تو نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: کیا وجہ ہے کہ تم اپنے ہاتھ یوں ہلاتے ہو، جس طرح یہ سرکش گھوڑوں کی دم ہوتے ہیں۔ کیا تمہارے لیے یہ کافی نہیں ہے کہ آدمی اپنا ہاتھ اپنے زانوں پر رکھے اور پھر اپنے دائیں طرف موجود اپنے بھائی کو سلام کرے اور بائیں طرف موجود اپنے بھائی کو سلام کرتے ہوئے السلام علیکم و رحمتہ اللہ، السلام علیکم و رحمتہ الل۔۔۔۔ (مکمل حدیث اس نمبر پر پڑھیے۔) [مسند الحمیدی/حدیث نمبر:920]
فائدہ:
اس حدیث سے معلوم ہوا کہ نماز کے آخر میں اسلام علیکم ورحمۃ اللہ کہتے وقت ہاتھوں کے ساتھ دائیں اور بائیں طرف اشارے نہیں کرنے چاہئیں، بلکہ ہاتھوں کو رانوں پر ہی رکھتے ہوئے سلام کہنا چاہیے بعض الناس کو بہت بڑی غلطی لگی ہے جو اس حدیث سے عدم رفع الیدین ثابت کرتے ہیں، حالانکہ اس حدیث میں وضاحت ہے کہ صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین سلام کہتے وقت اپنے ہاتھوں کو دائیں بائیں مارتے تھے لیکن افسوس اندھی تقلید قرآن و حدیث کی دشمن ہے، اور مقلد کی نظر میں اپنے امام کا احترام ہوتا ہے نہ کہ قرآن و حدیث کا۔
درج بالا اقتباس مسند الحمیدی شرح از محمد ابراهيم بن بشير، حدیث/صفحہ نمبر: 919 سے ماخوذ ہے۔