حدیث نمبر: 641
حَدَّثَنَا مُحَمَّدُ بْنُ الْمُثَنَّى ، حَدَّثَنَا حَجَّاجُ بْنُ مِنْهَالٍ ، حَدَّثَنَا حَمَّادٌ ، عَنْ قَتَادَةَ ، عَنْ مُحَمَّدِ بْنِ سِيرِينَ ، عَنْ صَفِيَّةَ بِنْتِ الْحَارِثِ ، عَنْ عَائِشَةَ ، عَنِ النَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ ، أَنَّهُ قَالَ : " لَا يَقْبَلُ اللَّهُ صَلَاةَ حَائِضٍ إِلَّا بِخِمَارٍ " ، قَالَ أَبُو دَاوُد : رَوَاهُ سَعِيدٌ يَعْنِي ابْنَ أَبِي عَرُوبَةَ ، عَنْ قَتَادَةَ ، عَنِ الْحَسَنِ ، عَنِ النَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ .
ڈاکٹر عبدالرحمٰن فریوائی

´ام المؤمنین عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے کہ` نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : ” بالغہ عورت کی نماز بغیر اوڑھنی کے اللہ تعالیٰ قبول نہیں کرتا “ ۔ ابوداؤد کہتے ہیں : اسے سعید بن ابی عروبہ نے قتادہ سے ، قتادہ نے حسن بصری سے ، حسن بصری نے نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم سے مرسلاً روایت کیا ہے ۔

حوالہ حدیث سنن ابي داود / كتاب الصلاة / حدیث: 641
درجۂ حدیث شیخ الألبانی: صحيح , شیخ زبیر علی زئی: صحيح, مشكوة المصابيح (762), قتادة عنعن بل لم ينفرد به، بل تابعه أيوب السختياني في المعجم ابن الأعرابي (ح 1996)
تخریج حدیث « سنن الترمذی/الصلاة 160 (377)، سنن ابن ماجہ/الطھارة 132 (655)، (تحفة الأشراف: 17846)، وقد أخرجہ: مسند احمد (6/150، 218، 259) (صحیح) »
اس موضوع سے متعلق مزید احادیث و آثار کے حوالے ملاحظہ کریں : سنن ترمذي: 377 | سنن ابن ماجه: 655 | بلوغ المرام: 161

تشریح، فوائد و مسائل

✍️ الشیخ عمر فاروق سعیدی
´عورت سر پر دوپٹہ کے بغیر نماز نہ پڑھے۔`
ام المؤمنین عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: بالغہ عورت کی نماز بغیر اوڑھنی کے اللہ تعالیٰ قبول نہیں کرتا۔‏‏‏‏ ابوداؤد کہتے ہیں: اسے سعید بن ابی عروبہ نے قتادہ سے، قتادہ نے حسن بصری سے، حسن بصری نے نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم سے مرسلاً روایت کیا ہے۔ [سنن ابي داود/كتاب الصلاة /حدیث: 641]
641۔ اردو حاشیہ:
➊ سر کے کپڑے کا وجو ب عورت کے لیے خاص ہے نہ کہ مرد کے لیے۔
➋ ایسے شفاف کپڑے جن سے عورت کے سر کے بال نظر آتے ہوں، ان میں نماز جائز نہیں ہے۔
درج بالا اقتباس سنن ابی داود شرح از الشیخ عمر فاروق سعیدی، حدیث/صفحہ نمبر: 641 سے ماخوذ ہے۔

✍️ الشیخ مبشر احمد ربانی
´عورت سر پر دوپٹہ کے بغیر نماز نہ پڑھے`
«. . . لَا يَقْبَلُ اللَّهُ صَلَاةَ حَائِضٍ إِلَّا بِخِمَارٍ . . .»
. . . نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: بالغہ عورت کی نماز بغیر اوڑھنی کے اللہ تعالیٰ قبول نہیں کرتا[سنن ابي داود/كِتَاب الصَّلَاةِ/ باب الْمَرْأَةِ تُصَلِّي بِغَيْرِ خِمَارٍ/ ح: 641]
فوائد و مسائل
نماز کی کیفیت و ہئیت کے علاوہ چند چیزیں مرد و عورت کی نماز میں مختلف ہیں: ➊ عورتوں کے لیے ضروری ہے کہ وہ سر پر اوڑھنی لیں اور اپنے پاؤں بھی ڈھانپیں۔
اس کے بغیر بالغہ عورت کی نماز قبول نہیں ہوتی، جیسا کہ حدیث نبوی ہے: «لَا يَقْبَلُ اللهُ صَلَاةَ الْحَائِضٍ إِلَّا بِخِمَارٍ» [ابن ماجه، كتاب الطهارة: باب إذاحاضت الجارة لم تصل إلابخمار 655، أبوداؤد 641، أحمد 150/6]
اللہ تعالیٰ کسی بھی بالغہ عورت کی نماز بغیر اوڑھنی کے قبول نہیں کرتا۔
لیکن مردوں کے لئے ضروری ہے کہ وہ ہر حال میں کپڑا ٹخنوں سے اوپر رکھیں جیسا کہ صحیح حدیث میں ہے: «مَا أَسْفَلَ مِنَ الْكَعْبَيْنِ مِنَ الْإِزَارِ فَفِي النَّارِ» [بخاري، كتاب اللباس: باب ما أسفل من الكعبين فهو فى النار 5787]
تہ بند کاجو حصہ ٹخنوں سے نیچے ہو گا وہ آگ میں ہے۔
درج بالا اقتباس احکام و مسائل، حدیث/صفحہ نمبر: 196 سے ماخوذ ہے۔

✍️ حافظ عمران ایوب لاہوری
نماز میں عورت کا لباس کتنا ہونا چاہیے؟

ستر یعنی چہرہ اور ہاتھوں کے علاوہ سارا جسم چھپا ہونا چاہیے۔

➊ آیت «خُذُوا زِينَتَكُمْ عِنْدَ كُلِّ مَسْجِدٍ» [الأعراف: 7]
ہر مسجد میں حاضری کے وقت اپنی زینت (یعنی لباس) پہن لو۔ کے عموم میں خواتین بھی شامل ہیں۔

➋ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے مروی ہے کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: «لا يقبل الله صلاة حائض إلا بخمار» الله تعالى بالغ عورت کی نماز اوڑھنی کے بغیر قبول نہیں فرماتے۔

[صحيح: صحيح أبو داود 596، كتاب الصلاة: باب المرأة تصلى بغير حمار، أبو داود 641، ترمذي 377، ابن ماجة 655، حاكم 251/1]

جن آثار و روایات میں عورت کے لیے نماز میں تین کپڑوں یا دو کپڑوں کا تعین کر دیا گیا ہے مثلاً حضرت عمر رضی اللہ عنہ نے فرمايا: «تصلـى المـرأة فى ثلاثة أثواب: ذرع وخمار وإزار» کہ عورت تین کپڑوں میں نماز پڑھے گی: قمیض، اوڑھنی اور شلوار۔

[صحيح: تمام المنة ص/ 162]

اور حضرت میمونہ رضی اللہ عنہا کے متعلق مروی ہے کہ «أنها كانت تصلي فى الدرع والخمار ليس عليها إزارك» كہ وه قمیض اور اوڑھنی کے ساتھ نماز پڑھ لیتی تھیں، جبکہ تہبند نہیں باندھا ہوتا تھا۔ [مؤطا 160/1، بيهقي 233/2]

ایسی تمام روایات کو استحباب و افضلیت پر محمول کیا جائے گا۔ [تمام المنة ص/ 162]

کیونکہ (اگر ستر ڈھانپا ہوا ہو تو) ایک کپڑے میں بھی نماز درست ہے۔ [نيل الأوطار 549/1]

جیسا کہ حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے مروی صحیح حدیث اس کی دلیل ہے۔

[أحمد 230/2، بخاري 365، كتاب الصلاة باب الصلاة فى القميص والسراويل والتبان والقباء، مسلم 515، أبو داود 625، نسائي 69/2، ابن ماجة 1047، ابن خزيمة 758]
درج بالا اقتباس فقہ الحدیث، جلد اول، حدیث/صفحہ نمبر: 349 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: سنن ترمذي / حدیث: 377 کی شرح از ڈاکٹر عبدالرحمٰن فریوائی ✍️
´اوڑھنی کے بغیر عورت کی نماز کے قبول نہ ہونے کا بیان۔`
ام المؤمنین عائشہ رضی الله عنہا کہتی ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: بالغ عورت کی نماز بغیر اوڑھنی کے قبول نہیں کی جاتی ۱؎۔ [سنن ترمذي/كتاب الصلاة/حدیث: 377]
اردو حاشہ:
1؎:
اس حدیث سے معلوم ہوا کہ عورت کے سر کے بال ستر میں داخل ہیں، اور ستر کو ڈھکے بغیر نماز نہیں ہوتی۔

2؎:
اس مسئلہ میں اگرچہ علماء کا اختلاف ہے مگر تحقیقی بات یہی ہے کہ عورت کے قدم ستر میں داخل نہیں ہیں، اس لیے کھلے قدم نماز ہو جائیگی جیسے ہتھیلیوں کے کھلے ہونے کی صورت میں عورت کی نماز جائز ہے، عورتوں کے پاؤں ڈھکنے کی حدیث جو ام سلمہ رضی اللہ عنہا سے مروی ہے، جو موقوفاً و مرفوعاً دونوں حالتوں میں ضعیف ہے۔
درج بالا اقتباس سنن ترمذي مجلس علمي دار الدعوة، نئى دهلى، حدیث/صفحہ نمبر: 377 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: سنن ابن ماجه / حدیث: 655 کی شرح از مولانا عطا اللہ ساجد ✍️
´بالغ لڑکی دوپٹہ کے بغیر نماز نہ پڑھے۔`
ام المؤمنین عائشہ رضی اللہ عنہا کہتی ہیں کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: اللہ تعالیٰ کسی بالغ عورت کی نماز بغیر اوڑھنی کے قبول نہیں فرماتا۔‏‏‏‏ [سنن ابن ماجه/أبواب التيمم/حدیث: 655]
اردو حاشہ: (1)
عورت کے لیے نماز میں سر چھپانا لازمی ہے خواہ تنہائی میں نماز پڑھ رہی ہو جہاں اس پر کسی کی نظر نہ پڑتی ہو۔
یہ سر چھپانا پردے کے لیے نہیں کیونکہ محرم رشتہ داروں سے سر چھپانا فرض نہیں۔

(2)
عورت کا ذکر کرنے سے معلوم ہو کہ مرد کا یہ حکم نہیں وہ ننگے سر نماز پڑھ سکتا ہے تاہم مرد کے لیے بھی عادتاً ننگے سر رہنا نا پسندیدہ امر ہے۔
درج بالا اقتباس سنن ابن ماجہ شرح از مولانا عطا الله ساجد، حدیث/صفحہ نمبر: 655 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: بلوغ المرام / حدیث: 161 کی شرح از الشیخ صفی الرحمن مبارکپوری ✍️
´نماز میں بالغ و نوجوان عورت کا سارا جسم چھپا ہوا ہونا چاہیے`
«. . . ان النبي صلى الله عليه وآله وسلم قال: ‏‏‏‏لا يقبل الله صلاة حائض إلا بخمار . . .»
. . . نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جسے حیض آتا ہے (یعنی وہ عورت جو بالغہ ہے) اللہ تعالیٰ اس کی نماز دوپٹہ (اوڑھنی) کے بغیر قبول نہیں کرتا . . . [بلوغ المرام/كتاب الصلاة: 161]
لغوی تشریح:
«حَائِضٌ» اس سے بالغ و نوجوان عورت مراد ہے نہ کہ وہ عورت جو حیض کے دن گزار رہی ہو۔
«الْخِمَار» خا کے نیچے کسرہ ہے، اس کپڑے کو کہتے ہیں جس سے عورت اپنا سر اور گردن ڈھانپتی اور چھپاتی ہے۔
فوائد و مسائل:
➊ یہ حدیث ثابت کرتی ہے کہ نماز کے وقت بالغ و نوجوان عورت کا سارا جسم چھپا ہوا ہونا چاہیے حتی کہ سر کے بال بھی چھپے ہوئے ہوں۔
➋ ایسے کپڑے جن سے عورت کے سر کے بال نظر آتے ہوں، ان میں نماز جائز نہیں۔
درج بالا اقتباس بلوغ المرام شرح از صفی الرحمن مبارکپوری، حدیث/صفحہ نمبر: 161 سے ماخوذ ہے۔