سنن ابي داود
كتاب الصلاة— کتاب: نماز کے احکام و مسائل
باب مَا جَاءَ فِي فَضْلِ الْمَشْىِ إِلَى الصَّلاَةِ باب: نماز کے لیے مسجد چل کر جانے کی فضیلت کا بیان۔
حَدَّثَنَا مُحَمَّدُ بْنُ عِيسَى ، حَدَّثَنَا أَبُو مُعَاوِيَةَ ، عَنْ هِلَالِ بْنِ مَيْمُونٍ ، عَنْ عَطَاءِ بْنِ يَزِيدَ ، عَنْ أَبِي سَعِيدٍ الْخُدْرِيِّ ، قَالَ : قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ : " الصَّلَاةُ فِي جَمَاعَةٍ تَعْدِلُ خَمْسًا وَعِشْرِينَ صَلَاةً ، فَإِذَا صَلَّاهَا فِي فَلَاةٍ فَأَتَمَّ رُكُوعَهَا وَسُجُودَهَا بَلَغَتْ خَمْسِينَ صَلَاةً " ، قَالَ أَبُو دَاوُد : قَالَ عَبْدُ الْوَاحِدِ بْنُ زِيَادٍ فِي هَذَا الْحَدِيثِ : صَلَاةُ الرَّجُلِ فِي الْفَلَاةِ تُضَاعَفُ عَلَى صَلَاتِهِ فِي الْجَمَاعَةِ ، وَسَاقَ الْحَدِيثَ .
´ابو سعید خدری رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ` رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : ” باجماعت نماز ( کا ثواب ) پچیس نمازوں کے برابر ہے ، اور جب اسے چٹیل میدان ( بیابان میں ) میں پڑھے اور رکوع و سجدہ اچھی طرح سے کرے تو اس کا ثواب پچاس نمازوں تک پہنچ جاتا ہے “ ۔ ابوداؤد کہتے ہیں : عبدالواحد بن زیاد کی روایت میں یوں ہے : ” آدمی کی نماز چٹیل میدان میں ( بیابان میں ) باجماعت ( شہر اور آبادی کے اندر ) نماز سے ثواب میں کئی گنا بڑھا دی جاتی ہے “ ، پھر راوی نے پوری حدیث بیان کی ۔
سیدنا ابو سعید خدری رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ”جماعت کے ساتھ نماز پچیس نمازوں کے برابر ہوتی ہے۔ اور جب کوئی شخص بیابان میں نماز پڑھتا ہے اور اس کے رکوع اور سجود کو کامل کرتا ہے تو اس کا ثواب پچاس نمازوں تک پہنچ جاتا ہے۔“ امام ابوداؤد رحمہ اللہ نے کہا کہ عبدالواحد بن زیاد نے اس حدیث میں کہا: ”بیابان میں نماز (شہر اور آبادی کے اندر) جماعت کی نماز سے دوگنا ہوتی ہے۔“ اور (عبدالواحد نے مکمل) حدیث بیان کی۔
تشریح، فوائد و مسائل
ابو سعید خدری رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: "باجماعت نماز (کا ثواب) پچیس نمازوں کے برابر ہے، اور جب اسے چٹیل میدان (بیابان میں) میں پڑھے اور رکوع و سجدہ اچھی طرح سے کرے تو اس کا ثواب پچاس نمازوں تک پہنچ جاتا ہے۔" ابوداؤد کہتے ہیں: عبدالواحد بن زیاد کی روایت میں یوں ہے: "آدمی کی نماز چٹیل میدان میں (بیابان میں) باجماعت (شہر اور آبادی کے اندر) نماز سے ثواب میں کئی گنا بڑھا دی جاتی ہے"، پھر راوی نے پوری حدیث بیان کی۔ [سنن ابي داود/كتاب الصلاة /حدیث: 560]
یعنی بیابان میں نماز کی فضیلت دوچند ہو جاتی ہے۔ یہ بھی معلوم ہوا کہ بیابان میں انسان اکیلا ہوتے ہوئے بھی اذان و اقامت کہہ کر نماز پڑھے تو وہ جماعت ہے۔
حضرت عبداللہ بن عمر ؓ سے مروی حدیث اور اس روایت میں درجات کی تعداد کے متعلق بظاہر تعارض ہے۔
محدثین کرام نے اس میں کئی ایک انداز سے تطبیق دی ہے: ٭امام ترمذی ؒ نے پچیس درجات والی روایت کو راجح قرار دیا ہے اور ستائیس درجات والی روایت کو حضرت ابن عمر ؓ کے منفردات و غرائب میں شمار کیا ہے۔
٭کم تعداد والی روایت کو ابتدائی طور پر محمول کیا جائے اور زیادہ والی حدیث کو انتہا قرار دیاجائے، کیونکہ اللہ کی رحمت سے یہ بعید ہے کہ وہ کوئی چیز دے کر پھر اسے واپس لےلے۔
٭سری نمازوں میں پچیس درجات کی فضیلت ہے جبکہ جہری نمازوں میں ستائیس درجات کی برتری حاصل ہوگی۔
٭درجات کا یہ تفاوت نمازیوں کے قلیل و کثیر ہونے کے پیش نظر ہے۔
اگر نمازی کم ہیں تو پچیس درجے اور زیادہ ہیں تو ستائیس درجے زیادہ ثواب ہوگا۔
٭نماز باجماعت پڑھنے والے کے اخلاص وتقویٰ اور خشوع خضوع میں تفاوت کی وجہ سے ثواب میں بھی کمی بیشی ہوتی رہتی ہے، یعنی درجات کا تفاوت اختلاف احوال پر مبنی ہے۔
٭چونکہ حضرت ابن عمر ؓ کی روایت میں اضافہ ہے اور ثقہ کی زیادتی قبول ہوتی ہے، لہٰذا ستائیس درجے والی ابن عمر ؓ کی روایت راجح قرار دیاجائے۔
٭ہر نماز میں پچیس اور فجر وعصر میں ستائیس درجے ہوں کیونکہ ان دونوں نمازوں میں فرشتے حاضر ہوتے ہیں۔
٭درجات کا یہ تفاوت مسجد کے دور اور قریب ہونے پر مبنی ہے کیونکہ مسجد جتنی دور ہوگی، اس میں نماز پڑھنے کے لیے جانا زیادہ ثواب کا باعث ہے۔
(فتح الباري: 173/2)
والله أعلم.