سنن ابوداود — حدیث نمبر 5111
باب: وسوسہ دور کرنے کا بیان۔
باب فِي رَدِّ الْوَسْوَسَةِ
حَدَّثَنَا أَحْمَدُ بْنُ يُونُسَ ، حَدَّثَنَا زُهَيْرٌ ، حَدَّثَنَا سُهَيْلٌ ، عَنْ أَبِيهِ ، عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ ، قَالَ : جَاءَهُ نَاسٌ مِنْ أَصْحَابِهِ ، فَقَالُوا : " يَا رَسُولَ اللَّهِ ، نَجِدُ فِي أَنْفُسِنَا الشَّيْءَ نُعْظِمُ أَنْ نَتَكَلَّمَ بِهِ أَوِ الْكَلَامَ بِهِ ، مَا نُحِبُّ أَنَّ لَنَا وَأَنَّا تَكَلَّمْنَا بِهِ ، قَالَ : أَوَقَدْ وَجَدْتُمُوهُ ؟ قَالُوا : نَعَمْ , قال : ذَاكَ صَرِيحُ الْإِيمَانِ " .
´ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ` رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے صحابہ میں سے کچھ لوگ آئے ، اور انہوں نے عرض کیا : اللہ کے رسول ! ہم اپنے دلوں میں ایسے وسوسے پاتے ہیں ، جن کو بیان کرنا ہم پر بہت گراں ہے ، ہم نہیں چاہتے کہ ہمارے اندر ایسے وسوسے پیدا ہوں اور ہم ان کو بیان کریں ، آپ نے فرمایا : ” کیا تمہیں ایسے وسوسے ہوتے ہیں ؟ “ انہوں نے کہا : ہاں ، آپ نے فرمایا : ” یہ تو عین ایمان ہے ۱؎ “ ۔
سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ کچھ صحابہ کرام آپ ﷺ کے پاس آئے اور کہنے لگے: ”اے اللہ کے رسول! ہم اپنے دلوں میں کچھ ایسے خیالات محسوس کرتے ہیں کہ ان کو زبان پر لانا بھی ہمارے لیے بڑا بھاری ہے، ہمیں یہ بھی گوارا نہیں کہ ہمیں دنیا کا مال ملے اور وہ ہم اپنی زبانوں پر لائیں۔“ آپ ﷺ نے فرمایا: ”کیا بھلا تم یہ کیفیت پاتے ہو؟“ انہوں نے کہا: ”ہاں۔“ آپ ﷺ نے فرمایا: ”یہ صریح ایمان ہے۔“
تشریح، فوائد و مسائل
ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے صحابہ میں سے کچھ لوگ آئے، اور انہوں نے عرض کیا: اللہ کے رسول! ہم اپنے دلوں میں ایسے وسوسے پاتے ہیں، جن کو بیان کرنا ہم پر بہت گراں ہے، ہم نہیں چاہتے کہ ہمارے اندر ایسے وسوسے پیدا ہوں اور ہم ان کو بیان کریں، آپ نے فرمایا: " کیا تمہیں ایسے وسوسے ہوتے ہیں؟ " انہوں نے کہا: ہاں، آپ نے فرمایا: " یہ تو عین ایمان ہے ۱؎۔" [سنن ابي داود/أبواب النوم /حدیث: 5111]
1۔
ان خیالات سے ایسے اوہام کی طرف اشارہ ہے جن میں شیطان انسان کو دھیرے دھیرے اس سوال کی طرف لاتا ہے کہ اللہ کو کس نے پیدا کیا؟
2۔
صاحب ایمان کا اپنے ایمان کے بارے میں چوکنا رہنا اس کے خالص ایمان دار ہونے کی علامت ہے اور ایسے خیالات کا آجانا کوئی مضر نہیں۔
بشرط یہ کہ انسان انہیں دفع۔
(دور) کرنے میں کوشاں رہے۔
: (1)
يَتَعَاظَمُ: اس کو بڑا گراں اور ناگوار تصور کرتا ہے۔
(2)
صَرِيحُ الْإِيمَانِ: خالص ایمان ہے۔
فوائد ومسائل:
کسی انسان کی یہ کیفیت وحالات کہ وہ دین وشریعت کے خلاف خیالات وساوس سے اتنا گھبرائے کہ کسی کے سامنے ان کا اظہار کرنا بھی اس کے لیے گراں ہو، تو یہ ایمان کے خالص ہونے کی دلیل ہے۔
«. . . وَعَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُ قَالَ: جَاءَ نَاسٌ مِنْ أَصْحَابِ رَسُولِ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ إِلَى النَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ فَسَأَلُوهُ: إِنَّا نَجِدُ فِي أَنْفُسِنَا مَا يَتَعَاظَمُ أَحَدُنَا أَنْ يَتَكَلَّمَ بِهِ. قَالَ: «أَو قد وجدتموه» قَالُوا: نعم. قَالَ: «ذَاك صَرِيح الْإِيمَان» . رَوَاهُ مُسلم . . .»
". . . سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے اصحاب میں سے کچھ لوگ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت مقدسہ میں آئے اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم سے عرض کیا کہ بعض دفعہ ہم اپنے دلوں میں ایسی باتیں پاتے ہیں کہ زبان پر لانا بھی بعض لوگ برا جانتے ہیں یعنی زبان سے کہنے کو بھی جائز نہیں سمجھتے عمل کرنا تو درکنار؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: "کیا تم ایسی باتوں کو پاتے ہو جنہیں زبان سے کہنے کو بھی برا جانتے ہو؟" ان لوگوں نے عرض کیا: ہاں، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: "یہ ظاہر ایمان ہے۔" یعنی ایمان دار ہونے کی یہ ظاہری علامت ہے۔ اس حدیث کو مسلم نے روایت کیا ہے۔ . . ." [مشكوة المصابيح/كِتَاب الْإِيمَانِ/0: 64]
[صحيح مسلم 340]
فقہ الحدیث:
➊ برے وسوسوں سے نفرت کرنا خالص ایمان کی نشانی ہے۔
➋ ذاتی و خفیہ مسائل کے لئے علمائے حق کی طرف رجوع کرنا تاکہ وہ کتاب و سنت کا حکم بتا دیں، بالکل صحیح طریقہ ہے۔
➌ صحابہ کرام ایمان کے اعلیٰ ترین درجات پر فائز تھے۔ رضی اللہ عنہم اجمعین
➍ برے وسوسوں سے بچنے کے لئے ہر وقت کتاب و سنت پر عمل اور اذکار صحیحہ و کلمات طیبہ میں مصروف رہنا چاہئیے۔