سنن ابوداود — حدیث نمبر 5025
باب: خواب کا بیان۔
باب فِي الرُّؤْيَا
حَدَّثَنَا مُوسَى بْنُ إِسْمَاعِيل ، حَدَّثَنَا حَمَّادٌ ، عَنْ ثَابِتٍ ، عَنْ أَنَسِ بْنِ مَالِكٍ ، أَنّ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ ، قَالَ : " رَأَيْتُ اللَّيْلَةَ كَأَنَّا فِي دَارِ عُقْبَةَ بْنِ رَافِعٍ ، وَأُتِينَا بِرُطَبٍ مِنْ رُطَبِ ابْنِ طَابٍ ، فَأَوَّلْتُ أَنَّ الرِّفْعَةَ لَنَا فِي الدُّنْيَا وَالْعَاقِبَةَ فِي الْآخِرَةِ ، وَأَنَّ دِينَنَا قَدْ طَابَ " .
´انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ` رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : ” میں نے آج رات دیکھا جیسے ہم عقبہ بن رافع کے گھر میں ہوں ، اور ہمارے پاس ابن طاب ۱؎ کی رطب تازہ ( کھجوریں ) لائی گئیں ، تو میں نے یہ تعبیر کی کہ دنیا میں بلندی ہمارے واسطے ہے اور آخرت کی عاقبت ۲؎ بھی اور ہمارا دین سب سے عمدہ اور اچھا ہو گیا “ ۔
سیدنا انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ”میں نے آج رات دیکھا گویا ہم عقبہ بن رافع رضی اللہ عنہ کے گھر میں ہیں اور ہمیں (مدینہ کی معروف عمدہ) تازہ کھجور «اِبْنُ طَابٍ» پیش کی گئی ہے۔ تو میں نے اس کی یہ تعبیر کی ہے کہ ہمیں دنیا میں رفعت و سربلندی حاصل ہو گی اور آخرت میں انجام عمدہ ہو گا اور ہمارا دین بھی خوب (پھل پھول گیا) ہے۔“
۲؎: اور عقبہ عاقبت کی بھلائی۔
تشریح، فوائد و مسائل
انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: " میں نے آج رات دیکھا جیسے ہم عقبہ بن رافع کے گھر میں ہوں، اور ہمارے پاس ابن طاب ۱؎ کی رطب تازہ (کھجوریں) لائی گئیں، تو میں نے یہ تعبیر کی کہ دنیا میں بلندی ہمارے واسطے ہے اور آخرت کی عاقبت ۲؎ بھی اور ہمارا دین سب سے عمدہ اور اچھا ہو گیا۔" [سنن ابي داود/كتاب الأدب /حدیث: 5025]
خواب کی تعبیر میں بعض اوقات الفاظ ومناظرسے بھی معنی اخذ کیے جاتے ہیں۔
تو مندرجہ بالا خواب میں لفظ عقبہ سے عاقبت (عمدہ انجام) رافع سے رفعت وسربلندی اور ابن طاب سے طیب اور عمدہ ہونا سمجھا گیا ہے۔
جو بحمد للہ ایک تاریخی حققیت ثابت ہوا ہے۔
رطب ابن طاب: ابن طاب کی ایک مدنی آدمی ہے، جس کی طرف کھجوروں کی ایک قسم منسوب ہے، جس کو مختلف نام دئیے جاتے تھے۔
رطب ابن طاب، تمر ابن طاب، عذق ابن طاب، عرجون ابن طاب۔
فوائد ومسائل: خواب کی تعبیر بیان کی مختلف صورتیں ہیں: 1۔
بعض دفعہ الفاظ سے اخذ کیا جاتا ہے، جیسا کہ آپ نے عقبہ بن رافع کے گھر میں ہونے کی بنا پر، رافع سے رفعت اور بلندی نکال لی، عقبہ سے آخرت کا انجام اخذ کر لیا، رُطب جو آہستہ آہستہ تدریجا پکتی ہے اور دل کے لیے شیریں اور سہل ہوتی ہیں، شریعت اور دین کی تکمیل اخذ کر لی، کیونکہ دین سہل اور آسان ہے اور آہستہ آہستہ پایہ تکمیل کو پہنچا ہے۔
2۔
خواب کی شکل و صورت سے ملتی جلتی صورت نکال لی جاتی ہے، خواب میں کسی کو پڑھاتے دیکھا تو معلوم ہوا، اگر صاحب علم ہے تو قاضی بنے گا، اقتدار حاصل ہو گا، اولاد ملے گی، کسی محکمہ کا رئیس ہو گا۔
3۔
خواب میں نظر آنے والی چیز کا مقصد اور مراد کے مطابق تعبیر ہو گی، سفر کر رہا ہے تو سفر درپیش ہو گا، منڈی گیا ہے تو کمائی کرے گا، گھر بنا رہا ہے تو شادی ہو گی یا خادمہ ملے گی۔
4۔
جس لفظ کا مصداق قرآن و سنت، کلام عرب، جاہلی اشعار، حکیمانہ کلام یا لوگوں کے کلام میں معروف ہے، وہی مراد ہو گا، جیسے خشبیہ لکڑی کی تعبیر منافق ہے، کیونکہ قرآن نے منافقوں کو خُشُبٌ مُّسَنَّدَةٌ کہا ہے، فارہ (چوہیا)
سے مراد فاسق ہو گا، کیونکہ آپ نے اس کو فويسقة کا نام دیا ہے، زجاجۃ سے مراد عورت ہے، بعض شعروں میں عورت کو اس سے تعبیر کیا گیا ہے اور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے عورتوں کو قواریر کا نام دیا۔
(تکملہ ج 4 ص 461-462)
۔