حدیث نمبر: 4412
حَدَّثَنَا مُوسَى يَعْنِي ابْنَ إِسْمَاعِيل ، حَدَّثَنَا أَبُو عَوَانَةَ ، عَنْ عُمَرَ بْنِ أَبِي سَلَمَةَ ، عَنْ أَبِيهِ ، عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ ، قَالَ : قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ : " إِذَا سَرَقَ الْمَمْلُوكُ فَبِعْهُ وَلَوْ بِنَشٍّ " .
ڈاکٹر عبدالرحمٰن فریوائی

´ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ` رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : ” جب غلام چوری کرے تو اسے بیچ ڈالو اگرچہ ایک نش ۱؎ میں ہو “ ۔

وضاحت:
۱؎: نش کہتے ہیں نصف کو یعنی نصف اوقیہ میں یا جو غلام کی قیمت ہو اس کے نصف میں۔
حوالہ حدیث سنن ابي داود / كتاب الحدود / حدیث: 4412
درجۂ حدیث شیخ الألبانی: ضعيف , شیخ زبیر علی زئی: حسن, مشكوة المصابيح (3606), أخرجه النسائي (4983 وسنده حسن) وابن ماجه (2589 وسنده حسن) عمر بن أبي سلمة حسن الحديث
تخریج حدیث « سنن النسائی/قطع السارق 13 (4983)، سنن ابن ماجہ/الحدود 25 (2589)، (تحفة الأشراف: 14979) (ضعیف) »
اس موضوع سے متعلق مزید احادیث و آثار کے حوالے ملاحظہ کریں : سنن ابن ماجه: 2589 | سنن نسائي: 4983

تشریح، فوائد و مسائل

موضوع سے متعلق حدیث: سنن نسائي / حدیث: 4983 کی شرح از حافظ محمد امین ✍️
´سفر میں چور کا ہاتھ کاٹنے کا بیان۔`
ابوہریرہ رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جب غلام چوری کرے تو اسے بیچ دو چاہے اس کی قیمت آدھا درہم ہی کیوں نہ ہو ۱؎۔ ابوعبدالرحمٰن (نسائی) کہتے ہیں: عمر بن ابی سلمہ حدیث میں قوی نہیں ہیں۔ [سنن نسائي/كتاب قطع السارق/حدیث: 4983]
اردو حاشہ: (1) چوری کرلے یعنی مالک کی چوری کرے چونکہ کسی دوسرے کی چوری کرے گا تواس کا ہاتھ کاٹا جائے گا۔ مالک کی چوری میں ہاتھ کاٹنا جائز نہیں کیونکہ وہ بھی گھر میں رہتا ہے۔ گویا کہ وہ گھر کا ایک فرد ہے اور گھر کے افراد پر گھر سے چوری کی بنا پرحد نہیں لگائی جاتی۔ اس حدیث کی باب سے مناسبت بھی یہی ہے کہ جس طرح گھر کےفرد یاغلام پر چوری کی بنا پر حد نافذ نہیں ہوتی، اسی طرح سرحدی علاقے کے سفر کے دوران میں بھی چوری کی حد نہیں لگائی جائے گی، یعنی یہ بھی اس کی ایک نظیر ہے اگرچہ فرق بھی ہے کہ سفر سے واپسی پرتو حد لگائی جائے گی مگر غلام پر گھر کی چوری میں بالکل حد نہیں لگائی جائے گی۔ البتہ اسے کوئی اور سزا دی جائے گی، مثلا: کوڑے لگائے جائیں یا قید وغیرہ کیا جائے۔
(2) بیچ دو کیونکہ اس کو چوری کی عادت پڑ گئی ہے، لہذا اس کا گھر میں رہنا اب ٹھیک نہیں۔ یہ مسئلہ بار بار پیدا ہو گا۔ بیج دینا ہی بہتر ہے۔ ممکن ہے دوسرے گھر کے حالات اس کی یہ عادت چھڑا دی لیکن بیچتے وقت اس کا یہ عیب خریدنے والے کو صاف بتایا جائے تاکہ وہ دھوکے میں نہ رہے ورنہ گناہ ہو گا، نیز سودا واپس بھی ہو سکتا ہے۔
(3) نصف قیمت عربی میں لفظ نش استعمال کیا گیا ہے جس کے معنیٰ نصف اوقیہ ہوتے ہیں اور مطلق نصف بھی۔ نصف اوقیہ تو بیس درہم کا ہوتا ہے۔ مطلق نصف سے مراد نصف درہم بھی ہو سکتا ہے اور نصف قیمت بھی۔ تینون معانی ممکن ہیں۔ واللہ أعلم
(4) بیچنے کا حکم ضروری نہیں بلکہ بہتر ہے کیونکہ کسی کو اس کا غلام بیچنے پر مجبور نہیں کیا جا سکتا۔ یہ اس کی اپنی مرضی پر موقوف ہے۔
درج بالا اقتباس سنن نسائی ترجمہ و فوائد از الشیخ حافظ محمد امین حفظ اللہ، حدیث/صفحہ نمبر: 4983 سے ماخوذ ہے۔