سنن ابي داود
كتاب الفتن والملاحم— کتاب: فتنوں اور جنگوں کا بیان
باب ذِكْرِ الْفِتَنِ وَدَلاَئِلِهَا باب: فتنوں کا ذکر اور ان کے دلائل کا بیان۔
حَدَّثَنَا مُحَمَّدُ بْنُ سُلَيْمَانَ الْأَنْبَارِيُّ ، حَدَّثَنَا عَبْدُ الرَّحْمَنِ ، عَنْ سُفْيَانَ ، عَنْ مَنْصُورٍ ، عَنْ رِبْعِيِّ بْنِ حِرَاشٍ ، عَنِ الْبَرَاءِ بْنِ نَاجِيَةَ ، عَنْ عَبْدِ اللَّهِ بْنِ مَسْعُودٍ ، عَنِ النَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ ، قَالَ : " تَدُورُ رَحَى الْإِسْلَامِ لِخَمْسٍ وَثَلَاثِينَ أَوْ سِتٍّ وَثَلَاثِينَ أَوْ سَبْعٍ وَثَلَاثِينَ فَإِنْ يَهْلَكُوا فَسَبِيلُ مَنْ هَلَكَ وَإِنْ يَقُمْ لَهُمْ دِينُهُمْ يَقُمْ لَهُمْ سَبْعِينَ عَامًا ، قَالَ : قُلْتُ : أَمِمَّا بَقِيَ أَوْ مِمَّا مَضَى ، قَالَ : مِمَّا مَضَى " ، قَالَ أَبُو دَاوُد : مَنْ قَالَ خِرَاشٍ فَقَدْ أَخْطَأَ .
´عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ` نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : ” اسلام کی چکی پینتیس یا چھتیس یا سینتیس سال تک گردش میں رہے گی ، پھر اگر وہ ہلاک ہوئے تو ان کی راہ وہی ہو گی جو ان لوگوں کی راہ رہی جو ہلاک ہوئے اور اگر ان کا دین قائم رہا تو ستر سال تک قائم رہے گا “ میں نے عرض کیا : کیا اس زمانہ سے جو باقی ہے یا اس سے جو گزر گیا ؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : ” اس زمانہ سے جو گزر گیا “ ۔
سیدنا عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم ﷺ نے فرمایا: ”اسلام کی چکی پینتیس، چھتیس یا سینتیس تک چلے گی۔ پھر اگر ہلاک ہوئے تو ہلاک ہونے والوں کی یہی راہ ہو گی اور اگر ان کا دین قائم رہا تو ستر سال تک قائم رہے گا۔“ سیدنا عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ کہتے ہیں میں نے عرض کیا: ”کیا یہ ستر سال مزید ہوں گے یا سابقہ مدت بھی اس میں شامل ہے؟“ آپ ﷺ نے فرمایا: ”گزشتہ مدت کے ساتھ۔“ امام ابوداؤد رحمہ اللہ کہتے ہیں: (ربعی بن حراش «حَا» بغیر نقطے کے ہے) جس نے خراش «خَا» نقطے کے ساتھ کہا اس نے غلطی کی ہے۔
تشریح، فوائد و مسائل
عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: " اسلام کی چکی پینتیس یا چھتیس یا سینتیس سال تک گردش میں رہے گی، پھر اگر وہ ہلاک ہوئے تو ان کی راہ وہی ہو گی جو ان لوگوں کی راہ رہی جو ہلاک ہوئے اور اگر ان کا دین قائم رہا تو ستر سال تک قائم رہے گا " میں نے عرض کیا: کیا اس زمانہ سے جو باقی ہے یا اس سے جو گزر گیا؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: " اس زمانہ سے جو گزر گیا۔" [سنن ابي داود/كتاب الفتن والملاحم /حدیث: 4254]
1) اسلام کی چکی چلنے سے مراد اسلام کے نظام کا منہج نبوت پر محکم رہنا ہے۔
2) پینتیس سال کی مدت بقول بعض شارحین آپ ؑ کے فرمان سے سیدنا عثمان رضی اللہ عنہ کی شہادت تک مکمل ہو تی ہے۔
اس کے ایک سال بعد واقع جمل اور اس کے بعد سینتیس سال میں جنگِ صفین ہو ئی تھی۔
بعد ازاں خلافت بنو امیہ میں رہی اور تقریباََ ستر سال بعد بنوعباس کو منتقل ہو گئی (اس حدیث کی تفصیل کے لیئے ملاحظہ ہو (فتح الباري، جلد 13 کتاب الأحکام، حدیث: 7223،7222)