حدیث نمبر: 3742
حَدَّثَنَا الْقَعْنَبِيُّ ، عَنْ مَالِكٍ ، عَنْ ابْنِ شِهَابٍ ، عَنْ الْأَعْرَجِ ، عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ ، أَنَّهُ كَانَ يَقُولُ : " شَرُّ الطَّعَامِ طَعَامُ الْوَلِيمَةِ يُدْعَى لَهَا الْأَغْنِيَاءُ وَيُتْرَكُ الْمَسَاكِينُ ، وَمَنْ لَمْ يَأْتِ الدَّعْوَةَ فَقَدْ عَصَى اللَّهَ وَرَسُولَهُ " .
ڈاکٹر عبدالرحمٰن فریوائی

´ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کہتے تھے` سب سے برا کھانا اس ولیمہ کا کھانا ہے جس میں صرف مالدار بلائے جائیں اور غریب و مسکین چھوڑ دیئے جائیں ، اور جو ( ولیمہ کی ) دعوت میں نہیں آیا اس نے اللہ اور اس کے رسول کی نافرمانی کی ۱؎ ۔

وضاحت:
۱؎: معلوم ہوا کہ جو ولیمہ ایسا ہو جس میں صرف مالدار اور باحیثیت لوگ ہی بلائے جائیں، اور محتاج و فقیر نہ آنے پائیں وہ برا ہے، نہ یہ کہ خود ولیمہ برا ہے۔
حوالہ حدیث سنن ابي داود / كتاب الأطعمة / حدیث: 3742
درجۂ حدیث شیخ الألبانی: صحيح ق موقوفا م مرفوعا , شیخ زبیر علی زئی: صحيح بخاري (5177) صحيح مسلم (1432)
تخریج حدیث « صحیح البخاری/ النکاح 73 (5177)، صحیح مسلم/النکاح 16 (1432)، سنن ابن ماجہ/النکاح 25 (1913)، (2110)، (تحفة الأشراف: 13955)، وقد أخرجہ: مسند احمد (2/240)، سنن الدارمی/الأطعمة 28(2110) (صحیح) »
اس موضوع سے متعلق مزید احادیث و آثار کے حوالے ملاحظہ کریں : صحيح مسلم: 1432 | مسند الحميدي: 1204

تشریح، فوائد و مسائل

✍️ الشیخ عمر فاروق سعیدی
´دعوت قبول کرنے کے حکم کا بیان۔`
ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کہتے تھے سب سے برا کھانا اس ولیمہ کا کھانا ہے جس میں صرف مالدار بلائے جائیں اور غریب و مسکین چھوڑ دیئے جائیں، اور جو (ولیمہ کی) دعوت میں نہیں آیا اس نے اللہ اور اس کے رسول کی نافرمانی کی ۱؎۔ [سنن ابي داود/كتاب الأطعمة /حدیث: 3742]
فوائد ومسائل:
فائدہ: ان احادیث مبارکہ سے ثابت ہوا کہ شرعی دعوتوں کا اہتمام کرنا انھیں قبول کرنا اور ان میں حاضر ہونا انتہائی تاکیدی عمل ہے۔
بغیر اس استثناء کے کہ دعوت دینے والا کون ہے؟ لہذا شرعی عذر کے بغیر ان سے پیچھے رہنا قطعا روا نہیں۔
جو ایک اعتبار سے تکبر میں شمار ہوتا ہے۔
ایسے ہی اغنیاء کی دعوت قبول کرنا اور فقراء سے اعراض کرنا بھی بہت بڑا عیب ہے۔
نیز اہم شرط یہ ہے کہ ان دعوتوں میں شرعی امور وآداب کی پابندی اخوت وحب اسلامی کا اظہار اور اکرام مسلم مقصود ہو ریا شہرہ صرف اغنیاء اور امراء کوجمع کرنا فقراء کو اہمیت نہ دینا۔
اسراف وتبذیر اور دیگر شرعی مخالفتوں کا ارتکاب ان دعوتوں کو مکروہ بنا دیتا ہے۔
جن میں شرکت جائز نہیں۔
علاوہ ازیں اس طرح کی دعوت میں شریک ہونے والا بھی محض لذت کام ودہن کو اپنا م مطمع نظر نہ بنائے۔
درج بالا اقتباس سنن ابی داود شرح از الشیخ عمر فاروق سعیدی، حدیث/صفحہ نمبر: 3742 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح مسلم / حدیث: 1432 کی شرح از مولانا عبد العزیز علوی ✍️
حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’بدترین کھانا ولیمہ کا کھانا ہے۔ حاضر ہونے والوں کو محرو م رکھا جاتا ہے، اور انہیں دعوت دی جاتی ہے، جو آنے سے انکار کرتے ہیں، اور جس نے دعوت کو قبول نہ کیا، تو اس نے اللہ اور اس کے رسول کی نافرمانی کی۔‘‘ [صحيح مسلم، حديث نمبر:3525]
حدیث حاشیہ: فوائد ومسائل: عام طور پر فقراء اور مساکین یا محتاج و ضرورت مند دعوت کو بلا حیل وحجت شوق ورغبت سے قبول کرلیتے ہیں، لیکن ان کو نظر انداز کردیا جاتا ہے، اور اصحاب مال وثروت دعوت قبول کرنے سے گریز کرتے ہیں اس میں شرکت کے لیے ناز و نخرے کرتے ہیں بلکہ حاضری کو اپنا احسان سمجھتے ہیں، لیکن ان کو باصرار دعوت دی جاتی ہے۔
جبکہ اسلامی اخوت و بھائی چارے اور اخلاق کا تقاضا یہ ہےکہ اگردعوت میں کسی معصیت یا بدعت وخرافات کا دخل نہ ہو تو اس کو ہر صورت قبول کرنا چاہیے اگر دعوت میں دکھاوا، نام آوری اور خود ستائی و شہرت مقصود ہو یا کسی مطلب برآری کے لیے بلایا ہویا کوئی شرعی قباحت ہوتو نہیں جانا چاہیے۔
درج بالا اقتباس تحفۃ المسلم شرح صحیح مسلم، حدیث/صفحہ نمبر: 1432 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: مسند الحميدي / حدیث: 1204 کی شرح از محمد ابراہیم بن بشیر ✍️
1204- سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ، نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کا یہ فرمان نقل کرتے ہیں: سب سے برا کھانا ولیمے کا وہ کھانا ہے، جس میں شریک ہونے والے کو روک دیا جائے اور اس کی دعوت اسے دی جائے، جو اس کا انکار کرے، جو شخص دعوت قبول نہیں کرتا وہ اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی نا فرمانی کرتا ہے۔‏‏‏‏ [مسند الحمیدی/حدیث نمبر:1204]
فائدہ:
اس حدیث میں دعوت سے روک دیا جائے سے مراد غریب لوگ ہیں، کیونکہ وہ شادی کے موقع کے انتظار میں ہوتے ہیں کہ کب شادی آئے اور ہم پیٹ بھر کر کھانا کھائیں، شادی بیاہ کے موقع پر محلہ کے غریبوں کو بھی دعوت دینی چاہیے، اور اس حدیث میں جو دعوت پر نہیں آنا چاہتے، سے مراد امیر لوگ ہیں، کیونکہ امیر لوگ اپنے گھروں میں کئی قسموں کے پر تکلف کھانے کھاتے رہتے ہیں، ان کو ولیمہ وغیرہ کی دعوت کا خاص شوق نہیں ہوتا، نیز اس حدیث سے ثابت ہوا کہ دعوت کو قبول کرنا واجب ہے، خواہ ایک لقمہ ہی کھائیں۔
درج بالا اقتباس مسند الحمیدی شرح از محمد ابراهيم بن بشير، حدیث/صفحہ نمبر: 1203 سے ماخوذ ہے۔