سنن ابي داود
كتاب الأشربة— کتاب: مشروبات سے متعلق احکام و مسائل
باب فِي الأَوْعِيَةِ باب: شراب میں استعمال ہونے والے برتنوں کا بیان۔
حَدَّثَنَا وَهْبُ بْنُ بَقِيَّةَ ، عَنْ خَالِدٍ ، عَنْ عَوْفٍ ، عَنْ أَبِي الْقَمُوصِ زَيدِ بْنِ عَلِيّ ، حَدَّثَنِي رَجُلٌ كَانَ مِنَ الْوَفْدِ الَّذِينَ وَفَدُوا إِلَى النَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ مِنْ عَبْدِ الْقَيْسِ يَحْسَبُ عَوْفٌ ، أَنَّ اسْمَهُ قَيْسُ بْنُ النُّعْمَانِ ، فَقَالَ : " لَا تَشْرَبُوا فِي نَقِيرٍ وَلَا مُزَفَّتٍ وَلَا دُبَّاءٍ وَلَا حَنْتَمٍ ، وَاشْرَبُوا فِي الْجِلْدِ الْمُوكَإِ عَلَيْهِ ، فَإِنِ اشْتَدَّ فَاكْسِرُوهُ بِالْمَاءِ ، فَإِنْ أَعْيَاكُمْ فَأَهْرِيقُوهُ " .
´ابوالقموص زید بن علی سے روایت ہے ، کہتے ہیں` مجھ سے عبدالقیس کے اس وفد میں سے جو نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس آیا تھا ایک شخص نے بیان کیا ( عوف کا خیال ہے کہ اس کا نام قیس بن نعمان تھا ) کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : ” تم لوگ نقیر ، مزفت ، دباء ، اور حنتم میں مت پیو ، بلکہ مشکیزوں سے پیو جس پر ڈاٹ لگا ہو ، اور اگر نبیذ میں تیزی آ جائے تو پانی ڈال کر اس کی تیزی توڑ دو اگر اس کے باوجود بھی تیزی نہ جائے تو اسے بہا دو “ ۔
ابوالقموص زید بن علی رحمہ اللہ سے روایت ہے کہ انہوں نے وفدِ عبدالقیس کے ایک آدمی سے نقل کیا جو اس وفد میں شریک تھا جو رسول اللہ ﷺ کی خدمت میں حاضر ہوا تھا۔ (راویِ حدیث) عوف کا خیال ہے کہ اس کا نام قیس بن نعمان رضی اللہ عنہ تھا۔ نبی کریم ﷺ نے فرمایا: ”لکڑی کے برتن، روغن زفت والے برتن، کدو کے برتن (تونبے) یا سبز روغن ملے برتن میں مت پیو، بلکہ چمڑے کے مشکیزے میں پیو جس کا منہ باندھا جاتا ہے، اگر نبیذ میں شدت آ جائے (ترش ہو جائے) تو اس کی شدت کو پانی ڈال کر ختم کر لو، اگر وہ ختم نہ ہو تو اسے بہا دو۔“
تشریح، فوائد و مسائل
ابوالقموص زید بن علی سے روایت ہے، کہتے ہیں مجھ سے عبدالقیس کے اس وفد میں سے جو نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس آیا تھا ایک شخص نے بیان کیا (عوف کا خیال ہے کہ اس کا نام قیس بن نعمان تھا) کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: " تم لوگ نقیر، مزفت، دباء، اور حنتم میں مت پیو، بلکہ مشکیزوں سے پیو جس پر ڈاٹ لگا ہو، اور اگر نبیذ میں تیزی آ جائے تو پانی ڈال کر اس کی تیزی توڑ دو اگر اس کے باوجود بھی تیزی نہ جائے تو اسے بہا دو۔" [سنن ابي داود/كتاب الأشربة /حدیث: 3695]
فائدہ: نبیذ میں ترشی کی ابتداء ہی ہوئی ہوا اور مزید پانی ڈال کر اسے عام مشروب بنانا ممکن ہو تو بنایا جا سکتا ہے، لیکن بہت زیادہ ترش ہوجانے یا نشہ آور ہوجانے کی صورت میں ایسا نہیں کیا جا سکتا۔
پھر اس کو بہا دینا ہی ضروری ہے۔