حدیث نمبر: 3616
حَدَّثَنَا مُحَمَّدُ بْنُ الْمِنْهَالِ ، حَدَّثَنَا يَزِيدُ بْنُ زُرَيْعٍ ، حَدَّثَنَا ابْنُ أَبِي عَرُوبَةَ ، عَنْ قَتَادَةَ ، عَنْ خِلَاسٍ ، عَنْ أَبِي رَافِعٍ ، عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ ، " أَنَّ رَجُلَيْنِ اخْتَصَمَا فِي مَتَاعٍ إِلَى النَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ لَيْسَ لِوَاحِدٍ مِنْهُمَا بَيِّنَةٌ ، فَقَالَ النَّبِيُّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ : اسْتَهِمَا عَلَى الْيَمِينِ مَا كَانَ أَحَبَّا ذَلِكَ أَوْ كَرِهَا " .
ڈاکٹر عبدالرحمٰن فریوائی

´ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ` دو آدمی ایک سامان کے متعلق نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس جھگڑا لے کر گئے اور دونوں میں سے کسی کے پاس کوئی گواہ نہیں تھا تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : ” تم دونوں قسم پر قرعہ اندازی کرو ۱؎ خواہ تم اسے پسند کرو یا ناپسند “ ۔

وضاحت:
۱؎: قسم (حلف) پر قرعہ اندازی کا مطلب یہ ہے کہ جس کے نام قرعہ نکلے وہ قسم کھا کر سامان لے لے۔
حوالہ حدیث سنن ابي داود / كتاب الأقضية / حدیث: 3616
درجۂ حدیث شیخ الألبانی: صحيح , شیخ زبیر علی زئی: ضعيف, إسناده ضعيف, ابن ماجه (2329،2346), قتادة وسعيد بن أبي عروبة مدلسان وعنعنا, انوار الصحيفه، صفحه نمبر 128
تخریج حدیث « سنن ابن ماجہ/الأحکام 11 (2329)، (تحفة الأشراف: 14662)، وقد أخرجہ: مسند احمد (2/489، 524) (صحیح) »
اس موضوع سے متعلق مزید احادیث و آثار کے حوالے ملاحظہ کریں : سنن ابن ماجه: 2329 | سنن ابن ماجه: 2346

تشریح، فوائد و مسائل

موضوع سے متعلق حدیث: سنن ابن ماجه / حدیث: 2346 کی شرح از مولانا عطا اللہ ساجد ✍️
´قرعہ اندازی کے ذریعہ فیصلہ کرنے کا بیان۔`
ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ ایک بیع کے متعلق دو آدمیوں نے جھگڑا کیا، اور ان میں کسی کے پاس گواہ نہیں تھے، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ان دونوں کو قسم کھانے کے لیے قرعہ ڈالنے کا حکم دیا خواہ انہیں یہ فیصلہ پسند ہو یا ناپسند۔ [سنن ابن ماجه/كتاب الأحكام/حدیث: 2346]
اردو حاشہ:
فوائد و مسائل:
(1)
  مذکورہ روایت کو ہمارے فاضل محقق نے سنداً ضعیف قرار دیا ہے جبکہ دیگر محققین نے صحیح قرار دیا ہے جیسا کہ تفصیل گزر چکی ہے۔ (دیکھیے حدیث: 21329)
چونکہ معاملات میں اختلاف کا فیصلہ گواہی کی بنیاد پر ہوتا ہے اس لیے جس شخص کو حقیقت کا علم ہو اسے چاہیے کہ گواہی دینے میں پس و پیش نہ کرے۔
اللہ تعالیٰ نے فرمایا: ﴿وَلا تَكتُمُوا الشَّهادَةَ﴾ (البقرہ 2: 283)
 ’’گواہی مت چھپاؤ۔‘‘

(2)
  جب مدعی گواہ پیش نہ کرسکے یا اس کے گواہ قابل قبول نہ ہوں تو مدعا علیہ سے قسم لی جاتی ہے۔

(3)
  حدیث میں مذکورہ صورت میں دونوں افراد کو مدعی بھی قرار دیا جا سکتا ہے اور دونوں مدعاعلیہ بھی سمجھے جا سکتے ہیں۔
اب کون مدعا علیہ بن کر قسم کھائے اس کا فیصلہ قرعہ اندازی سے ہوگا۔
درج بالا اقتباس سنن ابن ماجہ شرح از مولانا عطا الله ساجد، حدیث/صفحہ نمبر: 2346 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: سنن ابن ماجه / حدیث: 2329 کی شرح از مولانا عطا اللہ ساجد ✍️
´ایک چیز کے دو دعوے دار ہوں اور کسی کے پاس گواہ نہ ہوں تو اس کی حکم کا بیان۔`
ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ انہوں نے ذکر کیا کہ ایک جانور پر دو آدمیوں نے دعویٰ کیا، اور ان دونوں میں سے کسی کے پاس گواہ نہیں تھے، تو نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے ان دونوں کو قسم پر قرعہ اندازی کا حکم دیا ۱؎۔ [سنن ابن ماجه/كتاب الأحكام/حدیث: 2329]
اردو حاشہ:
فوائد و مسائل:
(1)
  مذکورہ روایت کو ہمارے فاضل محقق نے سنداً ضعیف قرار دیا ہے جبکہ یہی روایت سنن ابی داؤد میں بھی ہے وہاں پر لکھتے ہیں کہ یہ حدیث سنداً ضعیف ہے لیکن دیگر بہت سے شواہد کی بنا پر صحیح ہے دیکھیے: (سنن أبي داؤد (اردو)
مطبوعہ دار السلام .حدیث 3616)
علاوہ ازیں مذکورہ روایت کو دیگر محققین نے بھی صحیح قرار دیا ہے لہذا مذکورہ روایت سنداً ضعیف ہونے کے باجود دیگر شواہد کی بنا پر قابل عمل اور قابل حجت ہے۔
تفصیل کے لیے دیکھیے: (الموسوعة الحديثة مسند الإمام أحمد: 13/ 535،   16/ 238، والإرواء: 8/ 275، وسنن ابن ماجة بتحقيق الدكتور بشار عواد. رقم: 2329)
۔

(2)
اصل قانون یہی ہے کہ مدعی گواہ پیش کرے ورنہ مدعا علیہ قسم کھائے۔

(3)
حدیث میں مذکورہ صورت میں دونوں فریق مدعی بھی ہیں اور مدعا علیہ بھی۔
ایسی صورت میں دونوں قسم کھانے کا حق رکھتے ہیں لہٰذا قرعہ اندازی سے فیصلہ کر لیا جائے کہ کون قسم کھائے۔

(4)
بعض معاملات میں قرعہ اندازی سے فیصلہ کیا جاسکتا ہے۔
درج بالا اقتباس سنن ابن ماجہ شرح از مولانا عطا الله ساجد، حدیث/صفحہ نمبر: 2329 سے ماخوذ ہے۔