حدیث نمبر: 3335
حَدَّثَنَا أَحْمَدُ بْنُ عَمْرِو بْنِ السَّرْحِ ، حَدَّثَنَا ابْنُ وَهْبٍ . ح وحَدَّثَنَا أَحْمَدُ بْنُ صَالِحٍ ، حَدَّثَنَا عَنْبسة ، عن يُونُسَ ، عَنِ ابْنِ شِهَابٍ ، قَالَ : قَالَ ابْنُ الْمُسَيَّبِ : إِنَّ أَبَا هُرَيْرَةَ ، قَالَ : سَمِعْتُ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ ، يَقُولُ : " الْحَلِفُ مَنْفَقَةٌ لِلسِّلْعَةِ ، مَمْحَقَةٌ لِلْبَرَكَةِ " ، قَالَ ابْنُ السَّرْحِ : لِلْكَسْبِ ، وقَالَ : عَنْ سَعِيدِ بْنِ الْمُسَيِّبِ ، عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ ، عَنِ النَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ .
ڈاکٹر عبدالرحمٰن فریوائی

´ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ` میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو فرماتے ہوئے سنا : ” ( جھوٹی ) قسم ( قسم کھانے والے کے خیال میں ) سامان کو رائج کر دیتی ہے ، لیکن برکت کو ختم کر دیتی ہے “ ۔

حوالہ حدیث سنن ابي داود / كتاب البيوع / حدیث: 3335
درجۂ حدیث شیخ الألبانی: صحيح , شیخ زبیر علی زئی: صحيح بخاري (2087) صحيح مسلم (1606)
تخریج حدیث « صحیح البخاری/البیوع 26 (2087)، صحیح مسلم/المساقاة 27 (1606)، سنن النسائی/البیوع 5 (4466)، (تحفة الأشراف: 13321)، وقد أخرجہ: مسند احمد (2/235،242، 413) (صحیح) »
اس موضوع سے متعلق مزید احادیث و آثار کے حوالے ملاحظہ کریں : صحيح البخاري: 2087 | صحيح مسلم: 1606 | سنن نسائي: 4466 | مسند الحميدي: 1060

تشریح، فوائد و مسائل

✍️ الشیخ عمر فاروق سعیدی
´خرید و فروخت میں (جھوٹی) قسم کھانے کی ممانعت۔`
ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو فرماتے ہوئے سنا: (جھوٹی) قسم (قسم کھانے والے کے خیال میں) سامان کو رائج کر دیتی ہے، لیکن برکت کو ختم کر دیتی ہے۔‏‏‏‏ [سنن ابي داود/كتاب البيوع /حدیث: 3335]
فوائد ومسائل:
مسلمان تاجر کو چاہیے کہ بے جا قسمیں کھانے کی عادت تبدیل کرے۔
اور صدقات دیا کرے تاکہ اس غلط عمل کا کفارہ ہوتا رہے۔
درج بالا اقتباس سنن ابی داود شرح از الشیخ عمر فاروق سعیدی، حدیث/صفحہ نمبر: 3335 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 2087 کی شرح از مولانا داود راز ✍️
2087. حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے، انھوں نے کہا کہ میں نے رسول اللہ ﷺ کو یہ فرماتے سنا: "(جھوٹی)قسم کھانے سے مال تو فروخت ہو جاتا ہے لیکن وہ برکت کو ختم کردیتی ہے۔ "[صحيح بخاري، حديث نمبر:2087]
حدیث حاشیہ: گو چند روز تک ایسی جھوٹی قسمیں کھانے سے مال تو کچھ نکل جاتا ہے لیکن آخر میں اس کا جھوٹ اور فریب کھل جاتا ہے اور برکت اس لیے ختم ہو جاتی ہے کہ لو گ اسے جھوٹا جان کر اس کی دکان پر آنا چھوڑ دیتے ہیں صدق رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم
درج بالا اقتباس صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 2087 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 2087 کی شرح از الشیخ عبدالستار الحماد ✍️
2087. حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے، انھوں نے کہا کہ میں نے رسول اللہ ﷺ کو یہ فرماتے سنا: "(جھوٹی)قسم کھانے سے مال تو فروخت ہو جاتا ہے لیکن وہ برکت کو ختم کردیتی ہے۔ "[صحيح بخاري، حديث نمبر:2087]
حدیث حاشیہ:
(1)
جس طرح جھوٹی قسم اٹھانے سے سوداگر کو خیروبرکت سے محروم کردیا جاتا ہے، اسی طرح سودی کاروبارکرنے والے کی برکت کواٹھالیا جاتا ہے،اگرچہ بظاہر سود لینے سے رقم زیادہ ہوجاتی ہے لیکن نتیجے کے لحاظ سے دنیاو آخرت میں نقصان ہوتا ہےجیسا کہ حضرت عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا" سود سے اگرچہ رقم زیادہ ہوجاتی ہے مگر اس کا نتیجہ اور انجام قلت ہے۔
"(مسند احمد: 1/424) (2(سود کے مال میں برکت نہیں ہوتی "مال حرام بودبہ جائے حرام رفت"والی بات بن جاتی ہے۔
ویسے بھی جس معاشرے میں سود رائج ہوتا ہے وہاں غریب طبقے کی قوت خرید کم ہوتی ہے اور امیر طبقےکی تعداد قلیل ہونے کی وجہ سے گردش دولت کی رفتار بہت مست ہوجاتی ہے جس سے معاشی بحران پیدا ہوتے ہیں،امیر اور غریب میں طبقاتی جنگ شروع ہوجاتی ہے۔
بعض دفعہ غریب طبقہ تنگ آکر امیروں کو لوٹنا شروع کردیتا ہے۔
آقا اور مزدور میں کشیدگی پیدا ہونے سے بہت سے مہلک نتائج پیدا ہوسکتے ہیں۔
بہرحال سود کا انجام انتہائی گھناؤنا اور خطرناک ہے۔
درج بالا اقتباس هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 2087 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح مسلم / حدیث: 1606 کی شرح از مولانا عبد العزیز علوی ✍️
امام صاحب اپنے تین اساتذہ سے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ تعالی عنہ کی روایت بیان کرتے ہیں، کہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو یہ فرماتے ہوئے سنا، ’’قسم سامان کو قابل پذیرائی بنانے والی ہے، اور نفع کے مٹانے کا سبب ہے۔‘‘ [صحيح مسلم، حديث نمبر:4125]
حدیث حاشیہ: مفردات الحدیث:
(1)
منفقة: نفاق سے ماخوذ ہے، جس کا معنی رواج دینا، گاہکوں کے لیے پرکشش بنانا، گویا مصدر میمی یہاں فاعل کے معنی میں ہے۔
(2)
ممحقة: محق سے ماخوذ ہے، مٹانا، برباد کرنا۔
فوائد ومسائل: سودے میں بلا ضرورت قسم اٹھانا جائز نہیں ہے، کیونکہ جو انسان قسم اٹھانے کا عادی ہو جاتا ہے، اس کے دل سے اللہ تعالیٰ کی ہیبت اور عظمت نکل جاتی ہے، اور وہ لوگوں کو دھوکہ دینے کے لیے جھوٹی قسم اٹھانے لگتا ہے، اس سے سودا تو بک جاتا ہے، لیکن برکت ختم ہو جاتی ہے۔
درج بالا اقتباس تحفۃ المسلم شرح صحیح مسلم، حدیث/صفحہ نمبر: 1606 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: سنن نسائي / حدیث: 4466 کی شرح از حافظ محمد امین ✍️
´جھوٹی قسم کھا کر سامان بیچنے والے کا بیان۔`
ابوہریرہ رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: قسم کھانے سے سامان بک تو جاتا ہے، لیکن کمائی (کی برکت) ختم ہو جاتی ہے۔‏‏‏‏ [سنن نسائي/كتاب البيوع/حدیث: 4466]
اردو حاشہ: سامان بیچنے کے لیے جھوٹی قسم تو ایک طرف رہی، سچی قسمیں بھی نہیں کھانی چاہئیں کیونکہ جب قسم کھانے کی عادت بن جائے تو سچ جھوٹ کا امتیاز نہیں رہتا، نیز اس طرح اللہ تعالیٰ کے نام کی حرمت ختم ہو جاتی ہے۔ قسم اسی وقت کھائی جائے جب اس کے بغیر چارہ نہ رہے۔ برکت اٹھ جانے کا مفہوم دیکھئے حدیث نمبر: 4462 میں۔
درج بالا اقتباس سنن نسائی ترجمہ و فوائد از الشیخ حافظ محمد امین حفظ اللہ، حدیث/صفحہ نمبر: 4466 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: مسند الحميدي / حدیث: 1060 کی شرح از محمد ابراہیم بن بشیر ✍️
1060- سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں: نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا ہے: جھوٹی قسم سودا فروخت کروا دیتی ہے لیکن آمدن میں برکت کو مٹا دیتی ہے۔‏‏‏‏ [مسند الحمیدی/حدیث نمبر:1060]
فائدہ:
جھوٹ کبیرہ گناہ ہے، جس چیز میں بھی بولا جائے تو اس کی برکت ختم ہو جاتی ہے، افسوس کہ آج کل ہر ہر کام میں جھوٹ کو عروج ہے، یہی وجہ ہے کہ آج برکت ختم ہے، اللہ تعالیٰ سچ کو لازم پکڑنے کی توفیق عطا فرمائے آمین۔
درج بالا اقتباس مسند الحمیدی شرح از محمد ابراهيم بن بشير، حدیث/صفحہ نمبر: 1060 سے ماخوذ ہے۔