سنن ابي داود
كتاب الأيمان والنذور— کتاب: قسم کھانے اور نذر کے احکام و مسائل
باب مَنْ نَذَرَ أَنْ يُصَلِّيَ فِي بَيْتِ الْمَقْدِسِ باب: بیت المقدس میں نماز پڑھنے کی نذر ماننے کا بیان۔
حَدَّثَنَا مُوسَى بْنُ إِسْمَاعِيل ، قَالَ : حَدَّثَنَا حَمَّادٌ ، قَالَ : أَخْبَرَنَا حَبِيبٌ الْمُعَلِّمُ ، عَنْ عَطَاءِ بْنِ أَبِي رَبَاحٍ ، عَنْ جَابِرِ بْنِ عَبْدِ اللَّهِ ، أَنَّ رَجُلًا قَامَ يَوْمَ الْفَتْحِ ، فَقَالَ : يَا رَسُولَ اللَّهِ ، إِنِّي نَذَرْتُ لِلَّهِ إِنْ فَتَحَ اللَّهُ عَلَيْكَ مَكَّةَ ، أَنْ أُصَلِّيَ فِي بَيْتِ الْمَقْدِسِ رَكْعَتَيْنِ ، قَالَ : صَلِّ هَاهُنَا ، ثُمَّ أَعَادَ عَلَيْهِ ، فَقَالَ : صَلِّ هَاهُنَا ، ثُمَّ أَعَادَ عَلَيْهِ ، فَقَالَ : شَأْنُكَ إِذًا " ، قَالَ أَبُو دَاوُد : رُوِيَ نَحْوُهُ ، عَنْ عَبْدِ الرَّحْمَنِ بْنِ عَوْفٍ ، عَنِ النَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ .
´جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہما کہتے ہیں کہ` فتح مکہ کے دن ایک شخص کھڑا ہوا اور کہنے لگا : اللہ کے رسول ! میں نے اللہ سے نذر مانی تھی کہ اگر اللہ نے آپ کو مکہ پر فتح نصیب کیا تو میں بیت المقدس میں دو رکعت ادا کروں گا ، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : ” تم یہیں پڑھ لو “ ( یعنی مسجد الحرام میں اس لیے کہ اس سے افضل ہے اور سہل تر ہے ) ، اس نے پھر وہی بات دہرائی ، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے پھر فرمایا : ” یہیں پڑھ لو “ پھر اس نے ( سہ بارہ ) وہی بات پوچھی تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : ” اب تمہاری مرضی ( چاہو تو یہاں پڑھ لو اور بیت المقدس جانا چاہو تو وہاں چلے جاؤ ) “ ۔ ابوداؤد کہتے ہیں : اسی طرح سے عبدالرحمٰن بن عوف رضی اللہ عنہ کے واسطے سے نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم سے روایت ہے ۔
سیدنا جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہ کا بیان ہے کہ فتح مکہ والے دن ایک آدمی کھڑا ہوا اور کہنے لگا: ”اے اللہ کے رسول! میں نے اللہ کے لیے نذر مانی ہے کہ اگر اللہ نے آپ کو مکہ فتح کرا دیا تو میں بیت المقدس میں دو رکعت نماز پڑھوں گا۔“ آپ ﷺ نے فرمایا: ”یہیں (بیت اللہ الحرام میں) پڑھ لو۔“ اس نے اپنی بات دہرائی تو آپ ﷺ نے فرمایا: ”یہیں پڑھ لو۔“ اس نے اپنی بات سہ بار دہرائی تو آپ ﷺ نے فرمایا: ”تب تیری مرضی ہے۔“ امام ابوداؤد رحمہ اللہ فرماتے ہیں کہ سیدنا عبدالرحمٰن بن عوف رضی اللہ عنہ سے بھی نبی کریم ﷺ سے اس کے مثل مروی ہے۔
تشریح، فوائد و مسائل
سیدنا جابر رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ ایک شخص نے فتح مکہ کے روز آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں حاضر ہو کر عرض کیا، اے اللہ کے رسول! میں نے نذر مانی تھی کہ اگر اللہ تعالیٰ نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے ہاتھوں مکہ فتح کر دیا تو میں بیت المقدس میں نماز پڑھوں گا۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ’’ یہیں پڑھ لو " اس نے پھر پوچھا تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ’’ یہیں پڑھ لو " اس نے پھر سوال کیا تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ’’ تیری مرضی۔ " مسند احمد، ابوداؤد اور حاکم نے اسے صحیح قرار دیا ہے۔ «بلوغ المرام/حدیث: 1185»
«أخرجه أبوداود، الأيمان والنذور، باب من نذر أن يصلي في بيت المقدس، حديث:3305، وأحمد:3 /363، والحاكم:4 /304، 305.»
تشریح: اس حدیث میں اس بات کی دلیل ہے کہ نذر پوری کرنے کے لیے جس جگہ کی تعیین کی ہو جب اس سے افضل جگہ پر پوری کر لی جائے تو نذر پوری ہو جائے گی بلکہ سیاق حدیث تو اسی کا تقاضا کرتا ہے کہ افضل مکان کو ترجیح حاصل ہے اگرچہ وہ جگہ نذر کی جگہ سے مختلف ہو۔