مرکزی مواد پر جائیں
19 شعبان، 1447 ہجری
حدیث نمبر: 3229
حَدَّثَنَا إِبْرَاهِيمُ بْنُ مُوسَى الرَّازِيُّ ، أَخْبَرَنَا عِيسَى ، حَدَّثَنَا عَبْدُ الرَّحْمَنِ يَعْنِي ابْنَ يَزِيدَ بْنِ جَابِرٍ ، عَنْ بُسْرِ بْنِ عُبَيْدِ اللَّهِ ، قَالَ : سَمِعْتُ وَاثِلَةَ بْنَ الْأَسْقَعِ ، يَقُولُ : سَمِعْتُ أَبَا مَرْثَدٍ الْغَنَوِيَّ ، يَقُولُ : قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ : " لَا تَجْلِسُوا عَلَى الْقُبُورِ ، وَلَا تُصَلُّوا إِلَيْهَا " .
ڈاکٹر عبدالرحمٰن فریوائی

´واثلہ بن اسقع رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ` میں نے ابومرثد غنوی رضی اللہ عنہ کو کہتے سنا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : ” قبروں پر نہ بیٹھو ، اور نہ ان کی طرف منہ کر کے نماز پڑھو “ ۔

حوالہ حدیث سنن ابي داود / كتاب الجنائز / حدیث: 3229
درجۂ حدیث شیخ الألبانی: صحيح , شیخ زبیر علی زئی: صحيح مسلم (972)
اس موضوع سے متعلق مزید احادیث و آثار کے حوالے ملاحظہ کریں : سنن نسائي: 761 | صحيح مسلم: 972 | سنن ترمذي: 1050 | بلوغ المرام: 169

تشریح، فوائد و مسائل

✍️ الشیخ عمر فاروق سعیدی
´قبر پر بیٹھنے کی ممانعت کا بیان۔`
واثلہ بن اسقع رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ میں نے ابومرثد غنوی رضی اللہ عنہ کو کہتے سنا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: قبروں پر نہ بیٹھو، اور نہ ان کی طرف منہ کر کے نماز پڑھو۔‏‏‏‏ [سنن ابي داود/كتاب الجنائز /حدیث: 3229]
فوائد ومسائل:
قبرستان میں یا کسی قبر کوقبلہ بنا کر نماز پڑھنا حرام ہے۔
البتہ نماز جنازہ جس میں کہ رکوع سجود نہیں ہوتا اس کی خصوصی اجازت ہے جیسے کہ پیچھے گزرا ہے۔
درج بالا اقتباس سنن ابی داود شرح از الشیخ عمر فاروق سعیدی، حدیث/صفحہ نمبر: 3229 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: سنن نسائي / حدیث: 761 کی شرح از حافظ محمد امین ✍️
´قبر کی جانب (رخ کر کے) نماز پڑھنے سے ممانعت کا بیان۔`
ابومرثد غنوی رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: نہ تم قبروں کی طرف (رخ کر کے) نماز پڑھو اور نہ ان پر بیٹھو۔‏‏‏‏ [سنن نسائي/كتاب القبلة/حدیث: 761]
761۔ اردو حاشیہ: ➊ قبر کی طرف نماز پڑھنا اس لیے منع ہے کہ اس میں ان کی عبادت کا شبہ ہے۔ قبر کے علاوہ ہر اس چیز کا نمازی کے سامنے ہونا منع ہے جس کی پوجا ہوتی ہے، مثلاً: بت اور آگ وغیرہ۔
قبر پر نہ بیٹھو یعنی راحت کے لیے ٹیک لگا کر یا ویسے ہی بیٹھنا منع ہے کیونکہ اس میں قبرکی توہین ہے، چنانچہ جس طرح قبر کی زائد از ضرورت تعظیم منع ہے، اسی طرح ان کی توہین بھی ناجائز ہے۔ بعض نے بیٹھنے سے قضائے حاجت کے لیے بیٹھنا مراد لیا ہے مگر یہ بہت بعید ہے، قضائے حاجت کے لیے نشیبی جگہ تلاش کی جاتی ہے نہ کہ اونچی جگہ اور بعض علماء نے مجاور اور معتکف بن کر بیٹھنے کو اس کی تفسیر قرار دیا ہے مگر یہ متبادر مفہوم کے خلاف ہے۔ یہ الگ بات ہے کہ دوسرے دلائل کی بنا پر قبر پر مجاور ت یا اعتکاف بھی منع ہے لیکن اس کا صحیح معنیٰ پہلا ہی ہے۔
درج بالا اقتباس سنن نسائی ترجمہ و فوائد از الشیخ حافظ محمد امین حفظ اللہ، حدیث/صفحہ نمبر: 761 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح مسلم / حدیث: 972 کی شرح از مولانا عبد العزیز علوی ✍️
ابومرثد غنوی رضی اللہ تعالیٰ عنہ بیان کرتے ہیں کہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو فرماتے ہوئے سنا: ’’قبروں کی طرف رخ کرکے نماز نہ پڑھو،اور نہ ہی ان پر بیٹھو۔‘‘ [صحيح مسلم، حديث نمبر:2251]
حدیث حاشیہ: فوائد ومسائل:
اس حدیث سے ثابت ہوتا ہے جس طرح قبر پر بیٹھنا اس کی تحقیر کا باعث ہے اور ناجائز ہے، اس طرح اس کی طرف منہ کر کے نماز پڑھنا اس کی تعظیم کا باعث ہے یا کم ازکم اس سے مشابہت رکھتا ہے۔
اس لیے ملا علی قاری نے لکھا ہے: اگر یہ حقیقتاً قبر یا صاحب قبر کی تعظیم کے لیے ہے توتعظیم کرنے والا کافر ہے۔
(فتح المہلم ج2 ص 507)

جب قبر پر بیٹھنا جائز نہیں ہے تو اس پر پیشاب وپاخانہ کرنا کس طرح جائز ہو سکتا ہے جو انتہائی نازیبا اورقبیح حرکت ہے۔
امام مالک رحمۃ اللہ علیہ بیٹھنے کی ممانعت کو اس پر محمول کرتے ہیں۔
درج بالا اقتباس تحفۃ المسلم شرح صحیح مسلم، حدیث/صفحہ نمبر: 972 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: سنن ترمذي / حدیث: 1050 کی شرح از ڈاکٹر عبدالرحمٰن فریوائی ✍️
´قبروں پر چلنے، ان پر بیٹھنے اور ان کی طرف نماز پڑھنے کی کراہت۔`
ابومرثد غنوی رضی الله عنہ کہتے ہیں کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: قبروں پر نہ بیٹھو ۱؎ اور نہ انہیں سامنے کر کے نماز پڑھو ۲؎۔ [سنن ترمذي/كتاب الجنائز/حدیث: 1050]
اردو حاشہ:
وضاحت:
1؎:
اس میں قبرپربیٹھنے کی حرمت کی دلیل ہے، یہی جمہورکا مسلک ہے اس ممانعت کی وجہ یہ ہے کہ اس سے انسان کی تذلیل ہوتی ہے جب کہ اللہ تعالیٰ نے اُسے توقیروتکریم سے نوازاہے۔

2؎:
اس ممانعت کی وجہ یہ ہے کہ اس سے مشرکین کے ساتھ مشابہت لازم آتی ہے اورغیراللہ کی تعظیم کا پہلوبھی نکلتاہے جوشرک تک پہنچانے والا تھا۔
درج بالا اقتباس سنن ترمذي مجلس علمي دار الدعوة، نئى دهلى، حدیث/صفحہ نمبر: 1050 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: بلوغ المرام / حدیث: 169 کی شرح از الشیخ صفی الرحمن مبارکپوری ✍️
´قبروں کی طرف رخ کر کے نماز پڑھنا ممنوع ہے`
«. . . وعن ابي مرثد الغنوي قال: سمعت رسول الله صلى الله عليه وآله وسلم يقول: «‏‏‏‏لا تصلوا إلى القبور ولا تجلسوا عليها . . .»
. . . سیدنا ابو مرثد غنوی رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں کہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو یہ فرماتے سنا ہے کہ قبروں کو سامنے (رکھ کر، قبروں کی طرف رخ کر کے) نماز نہ پڑھو اور نہ ان پر بیٹھو . . . [بلوغ المرام/كتاب الصلاة/باب شــروط الصلاة: 169]
فوائد و مسائل:
➊ اس حدیث سے معلوم ہوتا ہے کہ قبروں کی طرف رخ کر کے نماز پڑھنا ممنوع ہے۔
➋ بعض حضرات بزرگوں کی قبروں کے پاس اس لیے مسجدیں تعمیر کرتے ہیں کہ بزرگوں کی ارواح سے فیض حاصل ہو گا۔ اس کی بھی ممانعت ہے۔ سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا کی حدیث میں بالکل واضح طور پر یہ ارشاد نبوی ہے: اللہ یہود و نصاریٰ پر لعنت کرے کہ ان لوگوں نے اپنے انبیاء کی قبروں کو سجدہ گاہ (مسجد) بنا لیا۔ [صحيح البخاري، الجنائز، باب ما يكره من اتخاذ المساجد على القبور، حديث: 1330]
➌ اس کا ایک مطلب یہ بھی ہو سکتا ہے کہ جو افعال مساجد میں اللہ تعالیٰ کے لیے انجام دیے جاتے ہیں ان کو قبروں پر نہ کیا جائے۔ اور ایک مفہوم یہ بھی ہو سکتا ہے کہ قبروں کی طرف رخ کر کے نماز نہ پڑھی جائے۔ اس سے شرک کا شبہ پڑ سکتا ہے۔
➍ قبروں پر بیٹھنے کے بھی کئی مفہوم ممکن ہیں۔ ایک تو یہ کہ قبر کو بطور تکیہ استعمال کیا جائے۔ جس طرح تکیے پر ٹیک لگاتے ہیں اسی طرح قبر کو تکیہ بنانا ممنوع ہے۔ اور دوسرا یہ کہ قبروں پر مجاور بن کر بیٹھنا، نیز قبروں پر قضائے حاجت کے لیے بیٹھنا بھی ممنوع و حرام ہے۔
راویٔ حدیث:
(سیدنا ابومرثد غنوی رضی اللہ عنہ) ابومرثد کنیت ہے۔ کنّاز نام ہے۔ کناز کے کاف پر فتحہ اور نون پر تشدید ہے۔ کناز بن حصین بن یربوع الغنوی۔ غنوی غین اور نون دونوں پر فتحہ کے ساتھ ہے۔ غطفان کے ایک قبیلے غنی بن یعصر کی جانب منسوب ہونے کی بنا پر غنوی کہلائے۔ بدری صحابی ہیں۔ سیدنا حمزہ بن عبدالمطلب رضی اللہ عنہ کے حلیف اور دوست تھے۔ تمام غزوات میں شریک ہوئے۔ 12 ہجری میں 66 برس کی عمر پاکر وفات پائی۔ «مَرْثَد» کی میم پر فتحہ، را ساکن اور ثا پر فتحہ ہے۔
درج بالا اقتباس بلوغ المرام شرح از صفی الرحمن مبارکپوری، حدیث/صفحہ نمبر: 169 سے ماخوذ ہے۔

اہم: ویب سائٹ یا موبائل ایپ پر کوئی خرابی نظر آئے تو براہِ کرم فوری طور پر واٹس اپ پر اطلاع دیں یا ای میل کریں۔