حدیث نمبر: 3199
حَدَّثَنَا عَبْدُ الْعَزِيزِ بْنُ يَحْيَى الْحَرَّانِيُّ ، حَدَّثَنِي مُحَمَّدٌ يَعْنِي ابْنَ سَلَمَةَ ، عَنْ مُحَمَّدِ بْنِ إِسْحَاق ، عَنْ مُحَمَّدِ بْنِ إِبْرَاهِيمَ ، عَنْ أَبِي سَلَمَةَ بْنِ عَبْدِ الرَّحْمَنِ ، عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ ، قَالَ : سَمِعْتُ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ ، يَقُولُ : " إِذَا صَلَّيْتُمْ عَلَى الْمَيِّتِ ، فَأَخْلِصُوا لَهُ الدُّعَاءَ " .
ڈاکٹر عبدالرحمٰن فریوائی

´ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ` میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو فرماتے سنا : ” جب تم میت کی نماز جنازہ پڑھو تو خلوص دل سے اس کے لیے دعا کرو “ ۔

حوالہ حدیث سنن ابي داود / كتاب الجنائز / حدیث: 3199
درجۂ حدیث شیخ الألبانی: حسن , شیخ زبیر علی زئی: إسناده حسن, مشكوة المصابيح (1674), ابن إسحاق صرح بالسماع عند ابن حبان (الإحسان: 3077)
تخریج حدیث « سنن ابن ماجہ/الجنائز 23 (1497)، (تحفة الأشراف: 14993) (حسن) »
اس موضوع سے متعلق مزید احادیث و آثار کے حوالے ملاحظہ کریں : سنن ابن ماجه: 1497 | بلوغ المرام: 459

تشریح، فوائد و مسائل

موضوع سے متعلق حدیث: سنن ابن ماجه / حدیث: 1497 کی شرح از مولانا عطا اللہ ساجد ✍️
´نماز جنازہ کی دعا۔`
ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو فرماتے سنا: جب تم میت کی نماز جنازہ پڑھو، تو اس کے لیے خلوص دل سے دعا کرو۔‏‏‏‏ [سنن ابن ماجه/كتاب الجنائز/حدیث: 1497]
اردو حاشہ:
فوائد و مسائل:
(1)
نماز جنازہ کا اصل مقصد میت کےلئے دعائے مغفرت ہے اور دعا کی قبولیت کے لئے خلوص قلب شرط ہے اس لئے ہر مسلمان کو جنازہ کی دُعایئں یا د کرنی چاہیں۔
ان میں سے تین دُعایئں آگے آ رہی ہیں۔

(2)
بعض لوگوں نے اس حدیث سے نماز جنازہ کے بعد اجتماعی طور پردعا کرنا سمجھا ہے۔
یہ غلط فہمی ہے۔
کیونکہ رسول اللہ ﷺ سے کسی حدیث میں یہ مروی نہیں کہ آپ نے نماز جنازہ کے بعد دعا مانگی ہو البتہ میت کو دفن کرنے کے بعد میت کی استقامت کےلئے دعا کرنا مسنون ہے۔ (سنن ابي داؤدں الجنائز، باب الإستغفارعند لقبر للمیت فی وقت الإنصراف، حدیث: 3221)
درج بالا اقتباس سنن ابن ماجہ شرح از مولانا عطا الله ساجد، حدیث/صفحہ نمبر: 1497 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: بلوغ المرام / حدیث: 459 کی شرح از الشیخ صفی الرحمن مبارکپوری ✍️
´خوب خلوص دل سے اس کے لئے دعا کرنا`
سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا جب تم کسی میت کی نماز جنازہ پڑھو تو خوب خلوص دل سے اس کے لئے دعا کرو۔ [بلوغ المرام /كتاب الجنائز/حدیث: 459]
فوائد و مسائل:
➊ نماز جنازہ پڑھنے والے دراصل مرنے والے کے لیے رب کائنات کے حضور اس کی بخشش کی سفارش کرتے ہیں۔ ہر سفارشی کی خواہش ہوتی ہے کہ اس کی سفارش قبول ہو، اس لیے سفارش کرنے والا بڑی آہ و زاری اور درد دل سے سفارش کرتا ہے۔
➋ یہ میت کا آخری وقت ہوتا ہے، لہٰذا اس کے لیے جتنے خلوص قلب سے دعا کی جا سکتی ہو، کرنی چاہیے، لیکن بعض لوگ تو صرف رسم ہی پوری کرتے ہیں، خلوص نام کی چیز بہت ہی کم نظر آتی ہے، اور ایک دو منٹ میں جنازے سے فارغ ہو جاتے ہیں۔
درج بالا اقتباس بلوغ المرام شرح از صفی الرحمن مبارکپوری، حدیث/صفحہ نمبر: 459 سے ماخوذ ہے۔