سنن ابي داود
كتاب الخراج والفيء والإمارة— کتاب: محصورات اراضی اور امارت سے متعلق احکام و مسائل
باب فِي قَسْمِ الْفَىْءِ باب: فے یعنی جنگ کے بغیر حاصل ہونے والے مال غنیمت کی تقسیم کا بیان۔
حَدَّثَنَا هَارُونُ بْنُ زَيْدِ بْنِ أَبِي الزَّرْقَاءِ ، حَدَّثَنَا أَبِي ، حَدَّثَنَا هِشَامُ بْنُ سَعْدٍ ، عَنْ زَيْدِ بْنِ أَسْلَمَ ، أَنَّ عَبْدَ اللَّهِ بْنَ عُمَرَ ، دَخَلَ عَلَى مُعَاوِيَةَ ، فَقَالَ : حَاجَتَكَ يَا أَبَا عَبْدِ الرَّحْمَنِ ، فَقَالَ : عَطَاءُ الْمُحَرَّرِينَ فَإِنِّي رَأَيْتُ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ أَوَّلَ مَا جَاءَهُ شَيْءٌ بَدَأَ بِالْمُحَرَّرِينَ .
´زید بن اسلم کہتے ہیں کہ` عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما معاویہ رضی اللہ عنہ کے پاس آئے ، معاویہ رضی اللہ عنہ نے ان سے پوچھا : ابوعبدالرحمٰن ! کس ضرورت سے آنا ہوا ؟ کہا : آزاد کئے ہوئے غلاموں کا حصہ لینے ، کیونکہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو دیکھا تھا کہ جب آپ کے پاس فیٔ کا مال آتا تو سب سے پہلے آپ صلی اللہ علیہ وسلم آزاد غلاموں کا حصہ دینا شروع کرتے ۱؎ ۔
جناب زید بن اسلم رحمہ اللہ بیان کرتے ہیں کہ سیدنا عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہ، سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کے ہاں گئے، انہوں نے پوچھا: ”اے ابوعبدالرحمٰن! (یہ سیدنا عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہ کی کنیت ہے) آپ کس ضرورت سے تشریف لائے ہیں؟“ انہوں نے کہا: ”آپ آزاد شدہ غلاموں (اور لونڈیوں) کا حصہ ادا کریں۔ میں نے رسول اللہ ﷺ کو دیکھا ہے کہ آپ ﷺ کے پاس جب بھی کوئی مال آتا تو آپ ﷺ (اس میں سے) آزاد شدہ غلاموں (اور لونڈیوں) کو پہلے دیا کرتے تھے۔“
تشریح، فوائد و مسائل
زید بن اسلم کہتے ہیں کہ عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما معاویہ رضی اللہ عنہ کے پاس آئے، معاویہ رضی اللہ عنہ نے ان سے پوچھا: ابوعبدالرحمٰن! کس ضرورت سے آنا ہوا؟ کہا: آزاد کئے ہوئے غلاموں کا حصہ لینے، کیونکہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو دیکھا تھا کہ جب آپ کے پاس فیٔ کا مال آتا تو سب سے پہلے آپ صلی اللہ علیہ وسلم آزاد غلاموں کا حصہ دینا شروع کرتے ۱؎۔ [سنن ابي داود/كتاب الخراج والفيء والإمارة /حدیث: 2951]
محررون سے مراد وہ لوگ ہیں۔
جو پہلے غلام تھے پھر آذاد ہوگئے، دیوان میں ان کا مستقل اندراج نہ ہوتا تھا۔
بلکہ اپنے آقائوں کے ساتھ ہی اس کا اندراج ہوتا، اب آزاد ہونے کے بعد ان کی مستقل حیثیت کو تسلیم کرنا اور ان کا باقاعدہ حصہ دینا ضروری تھا، کیونکہ اب ان کی ضرورتوں کی ذمہ داری ان کے سابق آقائوں پر نہ تھی۔
بعض علماء محررون سے وہ غلام مراد لیتے ہیں۔
جنھوں نے مالکوں سے یہ معاہدہ طے کرلیا ہو کہ وہ اپنی متفق علیہ قیمت مالکوں کو ادا کرکےآذاد ہوں گے۔
اس ادائگی میں ان کی مدد بیت المال سے کی جائے گی۔