حدیث نمبر: 2857
حَدَّثَنَا مُحَمَّدُ بْنُ الْمِنْهَالِ الضَّرِيرُ ، حَدَّثَنَا يَزِيدُ بْنُ زُرَيْعٍ ، حَدَّثَنَا حَبِيبٌ الْمُعَلِّمُ ، عَنْ عَمْرِو بْنِ شُعَيْبٍ ، عَنْ أَبِيهِ ، عَنْ جَدِّهِ ، أَنَّ أَعْرَابِيًّا يُقَالُ لَهُ أَبُو ثَعْلَبَةَ ، قَالَ : يَا رَسُولَ اللَّهِ إِنَّ لِي كِلَابًا مُكَلَّبَةً فَأَفْتِنِي فِي صَيْدِهَا ، فَقَالَ النَّبِيُّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ : " إِنْ كَانَ لَكَ كِلَابٌ مُكَلَّبَةٌ فَكُلْ مِمَّا أَمْسَكْنَ عَلَيْكَ ، قَالَ : ذَكِيًّا أَوْ غَيْرَ ذَكِيٍّ قَالَ : نَعَمْ ، قَالَ : فَإِنْ أَكَلَ مِنْهُ ، قَالَ : وَإِنْ أَكَلَ مِنْهُ ، فَقَالَ : يَا رَسُولَ اللَّهِ أَفْتِنِي فِي قَوْسِي ، قَالَ : كُلْ مَا رَدَّتْ عَلَيْكَ قَوْسُكَ ، قَالَ : ذَكِيًّا أَوْ غَيْرَ ذَكِيٍّ ، قَالَ : وَإِنْ تَغَيَّبَ عَنِّي ، قَالَ : وَإِنْ تَغَيَّبَ عَنْكَ مَا لَمْ يَصِلَّ أَوْ تَجِدَ فِيهِ أَثَرًا غَيْرَ سَهْمِكَ ، قَالَ : أَفْتِنِي فِي آنِيَةِ الْمَجُوسِ إِنِ اضْطُرِرْنَا إِلَيْهَا ، قَالَ : اغْسِلْهَا وَكُلْ فِيهَا " .
ڈاکٹر عبدالرحمٰن فریوائی

´عبداللہ بن عمرو بن العاص رضی اللہ عنہما کہتے ہیں کہ` ابوثعلبہ رضی اللہ عنہ نامی ایک دیہاتی نے کہا : اللہ کے رسول ! میرے پاس شکار کے لیے تیار سدھائے ہوئے کتے ہیں ، ان کے شکار کے سلسلہ میں مجھے بتائیے ، نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : ” اگر تمہارے پاس سدھائے ہوئے کتے ہیں تو جو شکار وہ تمہارے لیے پکڑ رکھیں انہیں کھاؤ “ ۔ ابو ثعلبہ نے کہا : خواہ میں ان کو ذبح کر سکوں یا نہ کر سکوں ؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : ” ہاں “ ۔ ابو ثعلبہ نے کہا : اگرچہ وہ کتے اس جانور میں سے کھا لیں ؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : ” اگرچہ وہ اس جانور میں سے کھا لیں “ ۔ پھر انہوں نے کہا : اللہ کے رسول ! میرے تیر کمان سے شکار کے متعلق بتائیے ، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : ” تمہارا تیر کمان جو تمہیں لوٹا دے اسے کھاؤ ، خواہ تم اسے ذبح کر پاؤ یا نہ کر پاؤ “ ۔ انہوں نے کہا : اگرچہ وہ شکار تیر کھا کر میری نظروں سے اوجھل ہو جائے ؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : ” ہاں اگرچہ وہ تمہاری نظروں سے اوجھل ہو جائے جب تک کہ گلے سڑے نہیں ، اور تمہارے تیر کے سوا اس کی ہلاکت کا کوئی اور اثر معلوم نہ ہو سکے “ ۔ پھر انہوں نے کہا : مجوسیوں ( پارسیوں ) کے برتن کے متعلق بتائیے جب کہ ہمیں اس کے سوا دوسرا برتن نہ ملے ، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : ” دھو ڈالو اور اس میں کھاؤ “ ۔

حوالہ حدیث سنن ابي داود / كتاب الصيد / حدیث: 2857
درجۂ حدیث شیخ الألبانی: حسن لكن قوله وإن أكل منه منكر , شیخ زبیر علی زئی: إسناده حسن
تخریج حدیث « تفرد بہ أبوداود، (تحفة الأشراف: 8671)، وقد أخرجہ: سنن النسائی/الصید 16 (4301)، مسند احمد (2/184) (حسن) » (مگر «وإن اَکَلَ منہ» کا جملہ منکر ہے جو عدی کی حدیث (2854) کے مخالف ہے ، اور نسائی کی روایت میں یہ جملہ ہے تو مگر اس میں اس کی جگہ «وإن قتلنَ» ہے جو عدی کی حدیث کے مطابق ہے)
اس موضوع سے متعلق مزید احادیث و آثار کے حوالے ملاحظہ کریں : سنن نسائي: 4301

تشریح، فوائد و مسائل

✍️ الشیخ عمر فاروق سعیدی
´شکار کرنے کا بیان۔`
عبداللہ بن عمرو بن العاص رضی اللہ عنہما کہتے ہیں کہ ابوثعلبہ رضی اللہ عنہ نامی ایک دیہاتی نے کہا: اللہ کے رسول! میرے پاس شکار کے لیے تیار سدھائے ہوئے کتے ہیں، ان کے شکار کے سلسلہ میں مجھے بتائیے، نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: اگر تمہارے پاس سدھائے ہوئے کتے ہیں تو جو شکار وہ تمہارے لیے پکڑ رکھیں انہیں کھاؤ۔‏‏‏‏ ابو ثعلبہ نے کہا: خواہ میں ان کو ذبح کر سکوں یا نہ کر سکوں؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ہاں۔‏‏‏‏ ابو ثعلبہ نے کہا: اگرچہ وہ کتے اس جانور میں سے کھا لیں؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: اگرچہ وہ اس جانور میں سے کھا لیں۔‏‏‏‏ پھر۔۔۔۔ (مکمل حدیث اس نمبر پر پڑھیے۔) [سنن ابي داود/كتاب الصيد /حدیث: 2857]
فوائد ومسائل:

اس روایت میں یہ بیان کہ خواہ کتا شکا ر سے کھا بھی لے منکر ہے۔
اور اس کی توضیح پیچھے گزر چکی ہے۔


شکار شدہ جانور اگر زندہ ملے تو ذبح کیا جائے۔
اور اگر قتل ہو جائے تو حلال ہے۔


مجوسیوں کے برتن استعمال کرنے پڑیں۔
تو انہیں پہلے دھو لیا جائے۔
یہی حکم ہندوں کا ہے۔
یہودی اورعیسائی طہارت کا اہتمام کرتے ہوں۔
تو بہتر لیکن اگرشبہ ہو کہ خنزیر اور شراب وغیرہ سے احتیاط نہیں کرتے۔
تو ان کے برتن بھی استعمال کرنے سے پہلے دھونے ضروری ہیں۔

درج بالا اقتباس سنن ابی داود شرح از الشیخ عمر فاروق سعیدی، حدیث/صفحہ نمبر: 2857 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: سنن نسائي / حدیث: 4301 کی شرح از حافظ محمد امین ✍️
´شکاری کتے کی قیمت لینے کی رخصت کا بیان۔`
عبداللہ بن عمرو رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ ایک شخص نے نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس آ کر کہا: اللہ کے رسول! میرے پاس کچھ شکاری کتے ہیں، آپ نے فرمایا: تمہارے لیے تمہارے کتے جو پکڑ کر لائیں اسے کھاؤ۔‏‏‏‏ میں نے عرض کیا: اگرچہ وہ اسے قتل کر ڈالیں؟ آپ نے فرمایا: اگرچہ قتل کر ڈالیں ، اس نے کہا: (میں اپنے تیر کمان سے فائدہ اٹھاتا ہوں لہٰذا) مجھے تیر کمان کے سلسلے میں بتائیے، آپ نے فرمایا: جو شکار تمہیں تیر سے ملے تو اسے کھاؤ۔۔۔۔ (مکمل حدیث اس نمبر پر پڑھیے۔) [سنن نسائي/كتاب الصيد والذبائح/حدیث: 4301]
اردو حاشہ: (1)۔سکھلائے اور سدھائے ہوئے کتے سے شکار کرنا درست ہے۔
(2) اس حدیث مبارکہ سے یہ مسئلہ بھی معلوم ہوا کہ جو شکار کتے نے مالک کے لیے پکڑا ہو اور اسے مار ڈالا ہو لیکن خود اس میں سے نہ کھایا ہو تو شکاری کتے کا مارا ہوا جانور کھایا جا سکتا ہے اگرچہ اسے ذبح نہ کیا جا سکا ہو بلکہ وہ ذبح کیے جانے سے پہلے ہی مر گیا ہو، البتہ اس میں یہ شرط ضروری ہے کہ کتا چھوڑتے وقت بسم اللہ پڑھی گئی ہو۔
(3) یہ حدیث تیر کے ساتھ کیے ہوئے شکار اور اس کے علاوہ آلات شکار کے ذریعے سے کیے ہوئے شکار حلت پر دلالت کرتی ہے بشر طیکہ شکار اس آلہ شکار کی دھار سے قتل ہوا ہو نہ کہ اس چوٹ سے۔ مزید برآں یہ بھی ضروری ہے کہ تیر وغیرہ چلاتے وقت اللہ کا نام بھی لیا گیا ہو جیسا کہ پہلے بھی اس کا ذکر کیا جاچکا ہے۔
(4) اگر شکاری شخص اپنے زخمی شکار کو چند دن بعد مردہ حالت میں پاتا ہے جبکہ اس میں ابھی بو پیدا نہ ہوئی ہو تو وہ اسے کھا سکتا ہے، البتہ اس کے لیے یہ ضروری ہے کہ اس شکار کو کسی اور شکاری نے زخمی نہ کیا ہو۔ یہ اس لیے کہ اس صورت میں یہ بات معلوم ہی نہیں ہو سکتی کہ دوسرے شکاری نے تیر وغیرہ چھوڑتے وقت اللہ کا نام لیا تھا یا نہیں‘لہذا ایسے شکار کو کھانا، جو مشکوک ہو، کس طرح جائز ہو سکتا ہے؟
(5) غائب ہو جائے یعنی تیر کھانے کے بعد وہ جانور بھاگ جائے اور پھر کسی اور جگہ بے جان لے تو کیا اسے کھایا جا سکتا ہے؟
(6) بدبو دار نہ ہو جائے ظاہر الفاظ سٰے معلوم ہوتا ہےکہ اسے کھایا نہیں جا سکتا حالانکہ بدبو کسی جانور یا گوشت کو حرام نہیں کرتی لیکن چونکہ بدبودار چیز میں طبی طور پر مفاسد پیدا ہو جاتے ہیں، لہٰذا اسے کھانا مناسب نہیں، سوائے اشد ضرورت کے ایسی چیز استعمال نہ کی جائے۔
(7) اس حدیث کا متعلقہ باب سے تو کوئی تعلق نہیں، البتہ اصل کتاب سے تعلق ہے۔ ممکن ہے۔ یہ باب ضمنی ہو۔
درج بالا اقتباس سنن نسائی ترجمہ و فوائد از الشیخ حافظ محمد امین حفظ اللہ، حدیث/صفحہ نمبر: 4301 سے ماخوذ ہے۔