حدیث نمبر: 2787
حَدَّثَنَا مُحَمَّدُ بْنُ دَاوُدَ بْنُ سُفْيان ، حَدَّثَنَا يَحْيى بْنُ حَسَّانَ ، أَخْبَرَنَا سُلَيْمَانُ بْنُ مُوسَى أَبُو دَاوُدَ ، حَدَّثَنَا جَعْفَر بْنُ سَعْدِ بْنُ سَمُرَةَ بْنِ جُنْدُب ،حدَّثَنِي خُبَيْبُ بْنُ سُلَيْمَانَ ، عَنْ أَبِيهِ سُلَيْمَانَ بْنِ سَمُرَةَ ، عَنْ سَمُرَةَ بْنِ جُنْدُب ، أَمَّا بَعْدُ قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ : " مَنْ جَامَعَ المُشْرِكَ ، وَسَكَنَ مَعَهُ فَإِنَّهُ مِثْلُهُ " .
ڈاکٹر عبدالرحمٰن فریوائی

´سمرہ بن جندب رضی اللہ عنہ کہتے ہیں` «أما بعد» ، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : ” جو شخص مشرک کے ساتھ میل جول رکھے اور اس کے ساتھ رہے تو وہ اسی کے مثل ہے ۱؎ “ ۔

وضاحت:
۱؎: یہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے تغلیظاً اور تشدیداً فرمایا تاکہ آدمی مشرک کی صحبت سے بچے یا مراد یہ ہے کہ جب اس کے ساتھ رہے گا تو اسی کی طرح ہو جائے گا کیونکہ صحبت کا اثر یقینی طور پر پڑتا ہے۔
حوالہ حدیث سنن ابي داود / كتاب الجهاد / حدیث: 2787
درجۂ حدیث شیخ الألبانی: صحيح , شیخ زبیر علی زئی: ضعيف, إسناده ضعيف, خبيب : مجهول،وجعفر : ضعيف كما, وللحديث شواھد ضعيفة, انوار الصحيفه، صفحه نمبر 100
تخریج حدیث « تفرد بہ أبو داود، (تحفة الأشراف: 4621)، وقد أخرجہ: سنن الترمذی/السیر 42 (1605) (حسن لغیرہ) (سند میں متعدد ضعیف ہیں لیکن دوسرے طریق جس کی تخریج حاکم نے کی ہے سے تقویت پاکر یہ حسن ہے(المستدرک 1/141-142) ( ملاحظہ ہو الصحیحة: 2330) »

تشریح، فوائد و مسائل

✍️ الشیخ عمر فاروق سعیدی
´شرک کی سر زمین میں رہائش اختیار کرنا کیسا ہے؟`
سمرہ بن جندب رضی اللہ عنہ کہتے ہیں «أما بعد» ، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جو شخص مشرک کے ساتھ میل جول رکھے اور اس کے ساتھ رہے تو وہ اسی کے مثل ہے ۱؎۔‏‏‏‏ [سنن ابي داود/كتاب الجهاد /حدیث: 2787]
فوائد ومسائل:
ظاہری امور میں کسی کی موافقت ومطابقت لازمی طور پر اس کے ساتھ قلبی۔
ذہنی۔
اور فکر ی لگاؤ پیدا کرتی ہے۔
اور جس کسی نے کسی کی ظاہری مشابہت اختیار کی ہوئی ہو وہ یقینا اس سے دلی رغبت رکھتا ہے۔
اگرچہ ان دونوں میں زمان ومکان کا کتنا ہی فاصلہ کیوں نہ ہو۔
باہمی صحبت اور ہم وطن ہو ناخواہ کسی قدر ہو اس سے صرف اخلاق واعمال ہی نہیں بلکہ بعض اوقات اعتقادات میں بھی خرابی ہونی شروع ہوجاتی ہے۔
خواہ اس کی اثر پذیری دھیمی ہی ہو۔
اس لئے شریعت نے کفار کی صحبت اور ان کے علاقے میں مستقل رہنے یا ان کی مشابہت اختیار کرنے کو ناجائز قرار دیا ہے۔
(إفادات ابن تیمیة) ایک حدیث میں ہے۔
(من كثَّر سوادَ قومٍ فهو منهم) جو کسی قوم کی جمعیت کو بڑھائے وہ بھی انہی میں سے ہے یہ روایت اگرچہ ضعیف ہے۔
جیسا کہ مسند الفردوس دیلمی کے محقق نے صراحت کی ہے۔
مسند لفردوس حدیث 5231) لیکن اس مفہوم کی بعض دوسری احادیث صحیح طور پر ثابت ہیں۔
جیسے سنن ابی دائود کی مسئلۃ الباب والی حدیث ہے۔
یا جیسے (من تشبه بقومٍ فهو منهم) (سنن أبي داود، لباس، حدیث: 4031) اسی طرح صحیح بخاری میں آیت قرآنی (إِنَّ الَّذِينَ تَوَفَّاهُمُ الْمَلَائِكَةُ ظَالِمِي أَنفُسِهِمْ) (النساء97) کے شان نزول میں بتلایا گیا ہے۔
یہ کہ آیت ان مسلمانوں کی وعید میں نازل ہوئی۔
جنھوں نے مسلمان ہونے کے باوجود ہجرت نہیں کی۔
اور اپنے علاقوں میں مشرکین ہی کے ساتھ مقیم رہے۔
اور ان کی کثرت کا باعث بنے۔
تفصیل کےلئے دیکھئے۔
(صحیح البخاري، مع فتح الباري، الفتن، باب من کره أن یکثر سواد الفتن و الظلم، حدیث: 7085) لہذا ہر مسلمان پرواجب ہے کہ وہ اہل کفر وشرک کے ملکوں میں رہائش اختیار کرنے سے اجتناب کرے۔
الا یہ کہ اشد ضرورت ہو یا مقصود دعوت الی اللہ ہو تو پھر یہ صورت مستثنیٰ ہے۔
کیونکہ اس میں خیر عظیم کا پہلو ہے۔
کہ آدمی مشرکوں کو اللہ کی توحید کی دعوت دے انہیں اللہ تعالیٰ کی شریعت کی تعلیم دے تو ایسا شخص محسن ہوگا۔
اورعلم وبصیرت کے باعث خطرات سے دور بھی ہوگا۔
درج بالا اقتباس سنن ابی داود شرح از الشیخ عمر فاروق سعیدی، حدیث/صفحہ نمبر: 2787 سے ماخوذ ہے۔