سنن ابي داود
كتاب الجهاد— کتاب: جہاد کے مسائل
باب مَا يُؤْمَرُ بِهِ مِنَ الْقِيَامِ عَلَى الدَّوَابِّ وَالْبَهَائِمِ باب: جانوروں اور چوپایوں کی خدمت اور خبرگیری کے حکم کا بیان۔
حَدَّثَنَا عَبْدُ اللَّهِ بْنُ مَسْلَمَةَ الْقَعْنَبِيُّ ، عَنْ مَالِكٍ ، عَنْ سُمَيٍّ مَوْلَى أَبِي بَكْرٍ ، عَنْ أَبِي صَالِحٍ السَّمَّانِ ، عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ ، أَنّ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ قَالَ : " بَيْنَمَا رَجُلٌ يَمْشِي بِطَرِيقٍ فَاشْتَدَّ عَلَيْهِ الْعَطَشُ فَوَجَدَ بِئْرًا فَنَزَلَ فِيهَا فَشَرِبَ ، ثُمَّ خَرَجَ فَإِذَا كَلْبٌ يَلْهَثُ يَأْكُلُ الثَّرَى مِنَ الْعَطَشِ ، فَقَالَ الرَّجُلُ : لَقَدْ بَلَغَ هَذَا الْكَلْبَ مِنَ الْعَطَشِ مِثْلُ الَّذِي كَانَ بَلَغَنِي ، فَنَزَلَ الْبِئْرَ فَمَلَأَ خُفَّهُ فَأَمْسَكَهُ بِفِيهِ حَتَّى رَقِيَ ، فَسَقَى الْكَلْبَ ، فَشَكَرَ اللَّهُ لَهُ فَغَفَرَ لَهُ ، فَقَالُوا : يَا رَسُولَ اللَّهِ وَإِنَّ لَنَا فِي الْبَهَائِمِ لَأَجْرًا ؟ فَقَالَ : فِي كُلِّ ذَاتِ كَبِدٍ رَطْبَةٍ أَجْرٌ " .
´ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ` رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : ” ایک آدمی کسی راستہ پہ جا رہا تھا کہ اسی دوران اسے سخت پیاس لگی ، ( راستے میں ) ایک کنواں ملا اس میں اتر کر اس نے پانی پیا ، پھر باہر نکلا تو دیکھا کہ ایک کتا ہانپ رہا ہے اور پیاس کی شدت سے کیچڑ چاٹ رہا ہے ، اس شخص نے دل میں کہا : اس کتے کا پیاس سے وہی حال ہے جو میرا حال تھا ، چنانچہ وہ ( پھر ) کنویں میں اترا اور اپنے موزوں کو پانی سے بھرا ، پھر منہ میں دبا کر اوپر چڑھا اور ( کنویں سے نکل کر باہر آ کر ) کتے کو پلایا تو اللہ تعالیٰ نے اس کا یہ عمل قبول فرما لیا اور اسے بخش دیا “ ، لوگوں نے کہا : اللہ کے رسول ! کیا ہمارے لیے چوپایوں میں بھی ثواب ہے ؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : ” ہر تر کلیجہ والے ( جاندار ) میں ثواب ہے “ ۔
سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ”ایک آدمی کسی راستے میں جا رہا تھا کہ اسے بہت پیاس لگی، اسے ایک کنواں ملا، وہ اس میں اترا، پانی پیا اور باہر نکلا تو اس نے ایک کتا دیکھا جو ہانپ رہا تھا اور پیاس کی وجہ سے گیلی مٹی چاٹ رہا تھا، اس آدمی نے سوچا کہ اس کتے کو بھی پیاس نے ستایا ہے، جیسے کہ مجھے ستایا تھا۔ پس وہ دوبارہ کنویں میں اترا، اپنے موزے کو پانی سے بھر کر اپنے منہ سے پکڑا اور اوپر چڑھ کر کتے کو پلایا، سو اللہ تعالیٰ نے اس کا یہ عمل قبول فرما لیا اور اسے بخش دیا۔“ صحابہ نے کہا: ”اے اللہ کے رسول! کیا ہمارے لیے جانوروں کی خدمت میں بھی ثواب ہے؟“ آپ ﷺ نے فرمایا: ”ہر گیلے جگر (جاندار) میں ثواب ہے۔“
تشریح، فوائد و مسائل
ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: " ایک آدمی کسی راستہ پہ جا رہا تھا کہ اسی دوران اسے سخت پیاس لگی، (راستے میں) ایک کنواں ملا اس میں اتر کر اس نے پانی پیا، پھر باہر نکلا تو دیکھا کہ ایک کتا ہانپ رہا ہے اور پیاس کی شدت سے کیچڑ چاٹ رہا ہے، اس شخص نے دل میں کہا: اس کتے کا پیاس سے وہی حال ہے جو میرا حال تھا، چنانچہ وہ (پھر) کنویں میں اترا اور اپنے موزوں کو پانی سے بھرا، پھر منہ میں دبا کر اوپر چڑھا اور (کنویں سے نکل کر باہر آ کر) کتے کو پلایا تو اللہ تعالیٰ نے اس کا یہ عمل قبول فرما۔۔۔۔ (مکمل حدیث اس نمبر پر پڑھیے۔) [سنن ابي داود/كتاب الجهاد /حدیث: 2550]
1۔
لوگوں کے لئے سرائوں اور ان کے راستوں میں پانی کا انتظام کرنا بہت بڑی نیکی کا کام ہے۔
2۔
انسان مسلمان ہو یا کافر اس کے ساتھ اور ایسے ہی جاندار مخلوق کے ساتھ احسان کرنا۔
بڑے اجر کی بات ہے۔
البتہ واجب القتل اور موذی جانور اس احسان سے مستثنیٰ ہیں۔
جیسے کہ خنزیر، سانپ، بچھو وغیرہ۔
(1)
صحیح بخاری میں اس طرح کا ایک واقعہ بنی اسرائیل کی ایک فاحشہ عورت کے متعلق بھی مروی ہے، اسے بھی اللہ تعالیٰ نے اس خدمت کی وجہ سے معاف کردیا۔
(صحیح البخاري، أحادیث الأنبیاء، حدیث: 3467)
ممکن ہے کہ متعدد واقعات ہوں۔
(2)
یہ اللہ تعالیٰ کی رحمت کا کرشمہ ہے کہ صرف پیاسے کتے کو پانی پلانے سے انسان مغفرت کا حق دار بن گیا، لہٰذا انسان کو چاہیے کہ وہ اچھے کام کو حقیر اور معمولی نہ خیال کرے۔
کیا معلوم کہ اللہ تعالیٰ کو وہ پسند آ جائے کہ اس کے بدلے مغفرت کا پروانہ مل جائے۔
بہرحال ہمیں حیوانات کے متعلق نرم گوشہ رکھنا چاہیے۔
ان پر رحم اور نرمی کرتے ہوئے ان سے کام لیا جائے۔
واللہ أعلم
جیسا کہ اس شخص نے ایک پیاسے کتے کو پانی پلایا اور اسی عمل کی وجہ سے بخشا گیا۔
مولانا فرماتے ہیں کہ یہ تو بظاہر عام ہے، ہر جانور کو شامل ہے بعض نے کہا مراد اس سے حلال چوپائے جانو رہیں۔
اور کتے اور سور وغیرہ میں ثواب نہیں کیوں کہ ان کے مار ڈالنے کا حکم ہے میں (مولانا وحید الزماں)
کہتا ہوں حدیث کو مطلق رکھنا بہتر ہے۔
کتے اور سور کو بھی یہ کیا ضروری ہے کہ پیاسا رکھ کر مارا جائے۔
پہلے اس کو پانی پلا دیں اور پھر مار ڈالیں۔
ابوعبدالملک نے کہا یہ حدیث بنی اسرائیل کے لوگوں سے متعلق ہے۔
ان کو کتوں کے مارنے کا حکم نہ تھا۔
(وحیدی)
حدیث میں لفظ في کل کبد رطبة عام ہے جس میں ہر جاندار داخل ہے اس لحاظ سے مولانا وحید الزماں ؒ کی تشریح خوب ہے۔
(1)
صحیح بخاری کی ایک دوسری روایت میں ہے: ’’اللہ تعالیٰ نے اس کی نیکی قبول کرتے ہوئے اسے جنت میں داخل فرما دیا۔
‘‘ (صحیح البخاري، الوضوء، حدیث: 173) (2)
اس حدیث سے معلوم ہوا کہ جاندار مخلوق پر شفقت و مہربانی کرنی چاہیے، خاص طور پر لوگوں سے بھلائی کرنے میں بہت فضیلت ہے کیونکہ جب پیاسے کتے کو پانی پلانا باعث مغفرت ہے تو انسانوں کی خدمت کرنے میں عظیم اجروثواب کی امید رکھنی چاہیے۔
اس سے پانی پلانے کی فضیلت کا بھی پتہ چلتا ہے کہ یہ عمل اللہ کے ہاں کس قدر قدرومنزلت کا باعث ہے۔
(فتح الباري: 53/5)
تاکہ آنے جانے والے اس میں سے پانی پئیں اور آرام اٹھائیں بشرطیکہ ضرر کا خوف نہ ہو، ورنہ کھودنے والا ضامن ہوگا اور یہ بھی ظاہر ہوا کہ ہر جاندار کو خواہ وہ انسان ہو یا حیوان، کافر ہو یا مسلمان سب کو پانی پلانا بہت بڑا کار ثواب ہے۔
حتی کہ کتا بھی حق رکھتا ہے کہ وہ پیاسا ہو تو اسے بھی پانی پلایا جائے۔
(1)
اس عنوان کا مقصد یہ نہیں کہ عین راستے کے درمیان میں کنواں کھود دیں بلکہ راستے میں اس کے دائیں بائیں ہو۔
اس وقت خدمتِ خلق کے لیے کچے کنویں راستوں کے کناروں پر بنائے جاتے تھے۔
ان میں اترنے کے لیے سیڑھیاں بھی ہوتی تھیں۔
(2)
اس سے معلوم ہوا کہ راستے میں کنواں بنایا جا سکتا ہے تاکہ آنے جانے والے مسافر اس سے پانی پئیں اور اپنی پیاس بجھائیں بشرطیکہ کسی کے لیے نقصان یا تکلیف کا باعث نہ ہو۔
(3)
اس حدیث سے یہ بھی ظاہر ہوا کہ ہر جاندار کو، خواہ وہ انسان ہو یا حیوان، مسلمان ہو یا کافر پانی پلانے کا اہتمام کرنا بہت ثواب کا کام ہے حتیٰ کہ کتا بھی حق رکھتا ہے کہ اگر وہ پیاسا ہو تو اسے بھی پانی پلایا جائے۔
بشرطیکہ وہ جانور موذی اور مضرت رساں نہ ہو۔