سنن ابي داود
كتاب الجهاد— کتاب: جہاد کے مسائل
باب فِي الرَّجُلِ يَمُوتُ بِسِلاَحِهِ باب: اپنے ہی ہتھیار سے زخمی ہو کر مر جانے والے شخص کا بیان۔
حَدَّثَنَا هِشَامُ بْنُ خَالِدٍ الدِّمَشْقِيُّ ، حَدَّثَنَا الْوَلِيدُ ، عَنْ مُعَاوِيَةَ بْنِ أَبِي سَلَّامٍ ، عَنْ أَبِيهِ ، عَنْ جَدِّهِ أَبِي سَلَّامٍ ، عَنْ رَجُلٍ مِنْ أَصْحَابِ النَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ قَالَ : أَغَرْنَا عَلَى حَيٍّ مِنْ جُهَيْنَةَ فَطَلَبَ رَجُلٌ مِنَ الْمُسْلِمِينَ رَجُلًا مِنْهُمْ فَضَرَبَهُ ، فَأَخْطَأَهُ وَأَصَابَ نَفْسَهُ بِالسَّيْفِ فَقَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ : " أَخُوكُمْ يَا مَعْشَرَ الْمُسْلِمِينَ فَابْتَدَرَهُ النَّاسُ فَوَجَدُوهُ قَدْ مَاتَ ، فَلَفَّهُ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ بِثِيَابِهِ وَدِمَائِهِ وَصَلَّى عَلَيْهِ وَدَفَنَهُ ، فَقَالُوا : يَا رَسُولَ اللَّهِ أَشَهِيدٌ هُوَ ؟ قَالَ : نَعَمْ وَأَنَا لَهُ شَهِيدٌ " .
´ابو سلام ایک صحابی سے روایت کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ` ہم نے جہینہ کے ایک قبیلہ پر شب خون مارا تو ایک مسلمان نے ایک آدمی کو مارنے کا قصد کیا ، اس نے اسے تلوار سے مارا لیکن تلوار نے خطا کی اور اچٹ کر اسی کو لگ گئی ، تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : ” مسلمانوں کی جماعت ! اپنے مسلمان بھائی کی خبر لو “ ، لوگ تیزی سے اس کی طرف دوڑے ، تو اسے مردہ پایا ، چنانچہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اسے اسی کے کپڑوں اور زخموں میں لپیٹا ، اس پر نماز جنازہ پڑھی اور اسے دفن کر دیا ، لوگوں نے پوچھا : اللہ کے رسول ! کیا وہ شہید ہے ؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : ” ہاں اور میں اس کا گواہ ہوں “ ۔
جناب ابو سلام رحمہ اللہ نبی کریم ﷺ کے ایک صحابی رضی اللہ عنہ سے روایت کرتے ہیں، انہوں نے بیان کیا کہ ہم نے جہینہ کے ایک قبیلے پر حملہ کیا۔ پس مسلمانوں میں سے ایک آدمی نے ان کے ایک آدمی پر وار کیا اور اسے مارنا چاہا مگر اس کا وار خطا گیا اور اس کی تلوار خود اسے ہی لگ گئی تو رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ”اے مسلمانو! تمہارا بھائی! (اس کی خبر لو)۔“ لوگ بھاگ کر اس کی طرف گئے تو دیکھا کہ وہ فوت ہو چکا ہے، رسول اللہ ﷺ نے اس کو اسی کے کپڑوں میں خون سمیت لپیٹ دیا، اس کی نماز جنازہ پڑھی اور اسے دفن کر دیا۔ لوگوں نے پوچھا: ”اے اللہ کے رسول! کیا وہ شہید ہے؟“ آپ ﷺ نے فرمایا: ”ہاں اور میں اس کے لیے گواہ ہوں۔“