حدیث نمبر: 2440
حَدَّثَنَا سُلَيْمَانُ بْنُ حَرْبٍ ، حَدَّثَنَا حَوْشَبُ بْنُ عُقَيْلٍ ، عَنْ مَهْدِيٍّ الْهَجَرِيِّ ، حَدَّثَنَا عِكْرِمَةُ ، قَالَ : كُنَّا عِنْدَ أَبِي هُرَيْرَةَ فِي بَيْتِهِ ، فَحَدَّثَنَا أَنَّ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ " نَهَى عَنْ صَوْمِ يَوْمِ عَرَفَةَ بِعَرَفَةَ " .
ڈاکٹر عبدالرحمٰن فریوائی

´ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ` رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے عرفات میں یوم عرفہ ( نویں ذی الحجہ ) کے روزے سے منع فرمایا ۔

وضاحت:
۱؎: یوم عرفہ (عرفہ کے دن) کا روزہ یعنی (۹) ذی الحجہ کے دن کا روزہ، اور سعودی عرب کے ٹائم ٹیبل اور حج کے دن کے اعلان کے مطابق عرفات میں حجاج کے اجتماع کے دن کا روزہ ہے، اور یہ امیر حج کے اعلان کے مطابق مکہ مکرمہ میں اس دن ذی الحجۃ کی (۹) تاریخ ہو گی، اختلاف مطالع کی وجہ سے تاریخوں کے فرق میں عام مسلمان مکہ کی تاریخ کا خیال رکھیں۔
حوالہ حدیث سنن ابي داود / كتاب الصيام / حدیث: 2440
درجۂ حدیث شیخ الألبانی: ضعيف , شیخ زبیر علی زئی: إسناده حسن, مشكوة المصابيح (2062), أخرجه ابن ماجه (1732 وسنده حسن) وصححه ابن خزيمة (2101 وسنده حسن) مھدي بن حرب العبدي وثقه ابن خزيمة والحاكم وغيرهما وأخطأ من جھله
تخریج حدیث « سنن ابن ماجہ/الصیام 40 (1732)، (تحفة الأشراف: 14253)، وقد أخرجہ: مسند احمد (2/304، 446) (ضعیف) (اس کے راوی ’’مہدیٰ الہجری ‘‘ لین الحدیث ہیں) »
اس موضوع سے متعلق مزید احادیث و آثار کے حوالے ملاحظہ کریں : سنن ابن ماجه: 1732 | بلوغ المرام: 566

تشریح، فوائد و مسائل

✍️ الشیخ عمر فاروق سعیدی
´عرفہ کے دن عرفات میں روزے کی ممانعت۔`
ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے عرفات میں یوم عرفہ (نویں ذی الحجہ) کے روزے سے منع فرمایا۔ [سنن ابي داود/كتاب الصيام /حدیث: 2440]
فوائد ومسائل:
(1) ذوالحجہ کی نویں تاریخ کو، جس دن وقوف عرفات ہوتا ہے، یوم عرفہ کہتے ہیں۔

(2) یہ حدیث ضعیف ہے۔
اس لیے اس سے ممانعت ثابت نہیں ہوتی۔
البتہ چونکہ حجاج کو عرفات کا وقوف اور اس اثنا میں دعا و مناجات میں مشغول رہنا ہوتا ہے، اس لیے ان کے لیے یہ عمل روزے کی نسبت اولیٰ ہے۔
غیر حاجی کے لیے اس روزے کی فضیلت ثابت ہے جو پیچھے بیان ہو چکی ہے۔
(حدیث:2425)
درج بالا اقتباس سنن ابی داود شرح از الشیخ عمر فاروق سعیدی، حدیث/صفحہ نمبر: 2440 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: سنن ابن ماجه / حدیث: 1732 کی شرح از مولانا عطا اللہ ساجد ✍️
´عرفہ کے دن کا روزہ۔`
عکرمہ کہتے ہیں کہ میں ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے ان کے گھر ملنے گیا تو ان سے عرفات میں عرفہ کے روزے کے سلسلے میں پوچھا؟ ابوہریرہ رضی اللہ عنہ نے کہا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے مقام عرفات میں عرفہ کے دن روزہ رکھنے سے منع فرمایا ہے۔ [سنن ابن ماجه/كتاب الصيام/حدیث: 1732]
اردو حاشہ:
فائدہ: مذکورہ حدیث میں یوم عرفہ کے دن روزہ رکھنے کی ممانعت ثابت ہو رہی ہے لیکن یہ حجاج کرام کے ساتھ خاص ہے کہ آپ نے حا جیوں کو اس دن کا روزہ رکھنے سے منع فرمایا ہے جیسے کہ خود رسول اللہ ﷺ نے حجۃ الوداع کے موقع پر عرفہ کے دن روزہ نہیں رکھا تھا۔ (صحیح البخاري، الصوم، باب صوم یوم عرفة، حدیث: 1988)
 نیز حجاج کو عرفات کا وقوف اور اس اثنا میں دعا و مناجات میں مشغول رہنا ہوتا ہے اس لئے یہ عمل روزے کی نسبت اولیٰ ہے غیر حاجی کے لئے اس روزے کی فضیلت گزشتہ احادیث سے ثابت ہے۔
درج بالا اقتباس سنن ابن ماجہ شرح از مولانا عطا الله ساجد، حدیث/صفحہ نمبر: 1732 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: بلوغ المرام / حدیث: 566 کی شرح از الشیخ صفی الرحمن مبارکپوری ✍️
´نفلی روزے اور جن دنوں میں روزہ رکھنا منع ہے`
سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے عرفات میں عرفہ کے دن کا روزہ رکھنے سے منع فرمایا ہے۔ اسے ترمذی کے علاوہ باقی پانچوں نے روایت کیا ہے۔ امام ابن خزیمہ رحمہ اللہ اور امام حاکم رحمہ اللہ علیہ نے اسے صحیح کہا ہے اور امام عقیلی رحمہ اللہ نے اسے منکر کہا ہے۔ [بلوغ المرام/حدیث: 566]
566 فوائد و مسائل:
➊ اسے امام عقیلی رحمہ اللہ نے منکر اس لیے کہا ہے کہ اس کے راوی حوشب بن عقیل نے یہ حدیث مہدی بن حرب ہجری سے روایت کی ہے۔ عقیلی نے کہا ہے کہ حوشب کی کسی نے بھی متابعت نہیں کی۔ اور اس سے بیان کرنے والا راوی بھی مختلف فیہ ہے۔ مگر یہ اعتراض کوئی حیثیت نہیں رکھتا کیونکہ حوشب کو اکثر محدثین رحمہ اللہ نے ثقہ کہا ہے اور حافظ ابن حجر رحمہ اللہ کا فیصلہ بھی تقریب التھذیب میں یہی ہے کہ وہ ثقہ ہے، البتہ مہدی ہجری کے بارے میں امام ابن معین نے کہا ہے کہ میں اسے جانتا۔ لیکن امام حاکم رحمہ اللہ نے اس کی حدیث کو صحیح کہا ہے اور حافظ ذہبی رحمہ اللہ نے تلخیص الستدرک میں ان کی تائید کی ہے۔ اور اسے امام ابن خزیمہ رحمہ اللہ نے صحیح کہا ہے اور ابن حبان رحمہ اللہ نے ثقات میں ذکر کیا ہے اور حافظ ابن حجر رحمہ اللہ نے مقبول کہا ہے۔ اور اس سے بیان کرنے والا راوی حوشب بن عبدل ہے جسے حافظ ابن حجر رحمہ اللہ نے تقریب التھذیب میں ثقہ کہا ہے۔
➋ یہ حدیث اس بات کی دلیل ہے کہ عرفات میں حاجی کو یوم عرفہ کا روزہ رکھنا حرام ہے۔ امام یحییٰ بن سعید انصاری کا یہی موقف ہے۔ اس کی تائید سنن نسائی، وغیرہ میں حضرت عقبہ بن عامر رضی اللہ عنہ کی حدیث سے ہوتی ہے: یوم عرفہ ہماری عید کا دن ہے۔ یعنی اہل عرفہ کے لیے یہ دن کا ہے۔ [سنن النسائي الحج، باب النهي عن صوم، يوم عرفة، حديث: 3007]
اس لیے انہیں اس دن روزہ رکھنے کی ممانعت ہے، البتہ جمہور کے نزدیک روزہ نہ رکھنا مستحب ہے۔
➌ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے بھی حجتہ الوداع کے موقع پر یوم عرفہ کا روزہ نہیں رکھا تھا۔ ٭
درج بالا اقتباس بلوغ المرام شرح از صفی الرحمن مبارکپوری، حدیث/صفحہ نمبر: 566 سے ماخوذ ہے۔