سنن ابوداود — حدیث نمبر 234
باب: جنبی بھول کر نماز پڑھانے کے لیے کھڑا ہو جائے تو کیا کرے؟
باب فِي الْجُنُبِ يُصَلِّي بِالْقَوْمِ وَهُوَ نَاسٍ
حَدَّثَنَا عُثْمَانُ بْنُ أَبِي شَيْبَةَ ، حَدَّثَنَا يَزِيدُ بْنُ هَارُونَ ، أَخْبَرَنَا حَمَّادُ بْنُ سَلَمَةَ ، بِإِسْنَادِهِ وَمَعْنَاهُ ، وَقَالَ فِي أَوَّلِهِ : فَكَبَّرَ ، وَقَالَ فِي آخِرِهِ : فَلَمَّا قَضَى الصَّلَاةَ ، قَالَ : إِنَّمَا أَنَا بَشَرٌ ، وَإِنِّي كُنْتُ جُنُبًا ، قَالَ أَبُو دَاوُد : رَوَاهُ الزُّهْرِيُّ، عَنْ أَبِي سَلَمَةَ بْنِ عَبْدِ الرَّحْمَنِ ، عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ ، قَالَ : فَلَمَّا قَامَ فِي مُصَلَّاهُ وَانْتَظَرْنَا أَنْ يُكَبِّرَ ، انْصَرَفَ ، ثُمَّ قَالَ : كَمَا أَنْتُمْ ، قَالَ أَبُو دَاوُد : وَرَوَاهُ أَيُّوبُ ، وَابْنُ عَوْنٍ ، وَهِشَامٌ ، عَنْ مُحَمَّدٍ مُرْسَلًا ، عَنِ النَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ ، قَالَ : فَكَبَّرَ ، ثُمَّ أَوْمَأَ بِيَدِهِ إِلَى الْقَوْمِ أَنِ اجْلِسُوا ، فَذَهَبَ فَاغْتَسَلَ ، وَكَذَلِكَ رَوَاهُ مَالِكٌ ، عَنْ إِسْمَاعِيلَ بْنِ أَبِي حَكِيمٍ ، عَنْ عَطَاءِ بْنِ يَسَارٍ ، أَنّ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ كَبَّرَ فِي صَلَاةٍ ، قَالَ أَبُو دَاوُد : وَكَذَلِكَ حَدَّثَنَاه مُسْلِمُ بْنُ إِبْرَاهِيمَ ، حَدَّثَنَا أَبَانُ ، عَنْ يَحْيَى ، عَنْ الرَّبِيعِ بْنِ مُحَمَّدٍ ، عَنِ النَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ ، أَنَّهُ كَبَّرَ .
´اس طریق سے بھی حماد بن سلمہ نے اسی مفہوم کی حدیث روایت کی ہے` اس کے شروع میں ہے : ” تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے تکبیر تحریمہ کہی “ ، اور آخر میں یہ ہے کہ ” جب آپ صلی اللہ علیہ وسلم نماز سے فارغ ہو گئے تو فرمایا : میں بھی انسان ہی ہوں ، میں جنبی تھا “ ۔ ابوداؤد کہتے ہیں : اسے زہری نے ابوسلمہ بن عبدالرحمٰن سے ، انہوں نے ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کیا ہے ، اس میں ہے : جب آپ مصلیٰ پر کھڑے ہو گئے اور ہم آپ کی تکبیر ( تحریمہ ) کا انتظار کرنے لگے ، تو آپ ( وہاں سے ) یہ فرماتے ہوئے پلٹے کہ ” تم جیسے ہو اسی حالت میں رہو “ ۔ ابوداؤد کہتے ہیں : ایوب ، ابن عون اور ہشام نے اسے محمد سے ، محمد بن سیرین نے نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم سے مرسلاً روایت کیا ہے ، اس میں ہے : آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے تکبیر ( تکبیر تحریمہ ) کہی ، پھر اپنے ہاتھ سے لوگوں کو اشارہ کیا کہ تم لوگ بیٹھ جاؤ ، پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم چلے گئے اور غسل فرمایا ۔ اور اسی طرح اسے مالک نے اسماعیل بن ابوحکیم سے ، انہوں نے عطاء بن یسار سے ( مرسلاً ) روایت کیا ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے نماز میں تکبیر ( تکبیر تحریمہ ) کہی ۔ ابوداؤد کہتے ہیں : اور اسی طرح اسے ہم سے مسلم بن ابراہیم نے بیان کیا ہے ، وہ کہتے ہیں کہ : ہم سے ابان نے بیان کیا ہے ، ابان یحییٰ سے ، اور یحییٰ ربیع بن محمد سے اور ربیع بن محمد نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم سے ( مرسلاً ) روایت کرتے ہیں کہ آپ نے تکبیر ( تکبیر تحریمہ ) کہی ۔
سیدنا حماد بن سلمہ رحمہ اللہ نے مذکورہ بالا سند سے اس کے ہم معنی بیان کیا۔ اور اس روایت کے شروع میں ہے کہ آپ ﷺ نے تکبیر کہی اور آخر میں ہے کہ جب نماز پوری کی تو فرمایا ”میں محض انسان ہوں اور میں جنابت سے تھا۔“ امام ابوداؤد رحمہ اللہ کہتے ہیں کہ اسے زہری رحمہ اللہ نے ابوسلمہ رحمہ اللہ سے، انہوں نے سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کیا تو کہا: جب آپ ﷺ اپنے مصلے پر کھڑے ہو گئے اور ہمیں انتظار ہوا کہ آپ ﷺ تکبیر کہیں تو آپ ﷺ وہاں سے چل دیے اور فرمایا ”جیسے ہو (ویسے ہی ٹھہرے رہو!)۔“ اور اسے ایوب رحمہ اللہ اور ابن عون رحمہ اللہ اور ہشام رحمہ اللہ (تینوں) نے محمد یعنی ابن سیرین رحمہ اللہ سے (مرسل طور پر) نبی کریم ﷺ سے روایت کیا ہے کہ آپ ﷺ نے تکبیر کہی، پھر اپنے ہاتھ سے لوگوں کی طرف اشارہ فرمایا ”بیٹھ جاؤ۔“ اور خود چلے گئے اور غسل کیا۔ اور اسی طرح مالک رحمہ اللہ نے اسماعیل بن ابی حکیم رحمہ اللہ سے، انہوں نے عطاء بن یسار رحمہ اللہ سے روایت کیا اور یہ کہا کہ رسول اللہ ﷺ نے ایک نماز میں تکبیر کہی۔ امام ابوداؤد رحمہ اللہ کہتے ہیں اور ایسے ہی مسلم بن ابراہیم رحمہ اللہ نے ہمیں اپنی سند سے بیان کیا کہ ہم سے ابان رحمہ اللہ نے بیان کیا، وہ یحییٰ رحمہ اللہ سے روایت کرتے ہیں، وہ ربیع بن محمد رحمہ اللہ سے، وہ نبی کریم ﷺ سے کہ آپ ﷺ نے تکبیر کہی۔
تشریح، فوائد و مسائل
«. . . أَخْبَرَنَا حَمَّادُ بْنُ سَلَمَةَ، بِإِسْنَادِهِ وَمَعْنَاهُ، وَقَالَ فِي أَوَّلِهِ: فَكَبَّرَ، وَقَالَ فِي آخِرِهِ: فَلَمَّا قَضَى الصَّلَاةَ، قَالَ: إِنَّمَا أَنَا بَشَرٌ، وَإِنِّي كُنْتُ جُنُبًا . . .»
". . . اس طریق سے بھی حماد بن سلمہ نے اسی مفہوم کی حدیث روایت کی ہے اس کے شروع میں ہے: "تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے تکبیر تحریمہ کہی"، اور آخر میں یہ ہے کہ "جب آپ صلی اللہ علیہ وسلم نماز سے فارغ ہو گئے تو فرمایا: میں بھی انسان ہی ہوں، میں جنبی تھا . . ." [سنن ابي داود/كِتَاب الطَّهَارَةِ/باب فِي الْجُنُبِ يُصَلِّي بِالْقَوْمِ وَهُوَ نَاسٍ: 234]
➊ یہ واقعہ دو طرح سے روایت ہوا ہے۔ پہلا حدیث ابوبکرہ رضی اللہ عنہ میں ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نماز میں داخل ہوئے اور تکبیر کہی، جیسے کہ امام ابوداود رحمہ اللہ نے چند شواہد پیش کیے ہیں۔ دوسرا روایت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ میں ہے کہ آپ نے تکبیر کہنے سے پہلے ہی اشارہ فرمایا: ان دونوں میں تطبیق ممکن ہے کہ «دخل فى صلاة» یا «كبر فى صلاة» کا معنی ارادہ فعل ہے یعنی «اراد ان يدخل فى صلاة» یا «اراد ان يكبر فى صلاة» مراد ہے۔ قاضی عیاض اور قرطبی نے ان روایات کے پیش نظر دو واقعات کا احتمال پیش کیا ہے جب کہ بخاری و مسلم میں حدیث ابوہریرہ منقول ہے۔ [صحيح بخاري حديث: 275۔ صحيح مسلم حديث: 605]