حدیث نمبر: 1951
حَدَّثَنَا أَحْمَدُ بْنُ حَنْبَلٍ ، حَدَّثَنَا عَبْدُ الرَّزَّاقِ ، أَخْبَرَنَا مَعْمَرٌ ، عَنْ حُمَيْدٍ الْأَعْرَجِ ، عَنْ مُحَمَّدِ بْنِ إِبْرَاهِيمَ التَّيْمِيِّ ، عَنْ عَبْدِ الرَّحْمَنِ بْنِ مُعَاذٍ ،عَنْ رَجُلٍ مِنْ أَصْحَابِ النَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ ، قَالَ : خَطَبَ النَّبِيُّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ النَّاسَ بِمِنًى وَنَزَّلَهُمْ مَنَازِلَهُمْ ، فَقَالَ : " لِيَنْزِلْ الْمُهَاجِرُونَ هَا هُنَا ، وَأَشَارَ إِلَى مَيْمَنَةِ الْقِبْلَةِ ، وَ الْأَنْصَارُ هَا هُنَا ، وَأَشَار إِلَى مَيْسَرَةِ الْقِبْلَةِ ، ثُمَّ لِيَنْزِلِ النَّاسُ حَوْلَهُمْ " .
ڈاکٹر عبدالرحمٰن فریوائی

´عبدالرحمٰن بن معاذ سے روایت ہے` وہ رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے ایک صحابی سے روایت کرتے ہیں ، وہ کہتے ہیں : نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے منیٰ میں لوگوں سے خطاب کیا ، اور انہیں ان کے ٹھکانوں میں اتارا ، آپ نے فرمایا : ” مہاجرین یہاں اتریں اور قبلہ کے دائیں جانب اشارہ کیا ، اور انصار یہاں اتریں ، اور قبلے کے بائیں جانب اشارہ کیا ، پھر باقی لوگ ان کے اردگرد اتریں “ ۔

حوالہ حدیث سنن ابي داود / كتاب المناسك / حدیث: 1951
درجۂ حدیث شیخ الألبانی: صحيح , شیخ زبیر علی زئی: إسناده صحيح
تخریج حدیث « تفرد بہ أبو داود، ( تحفة الأشراف: 15629)، وقد أخرجہ: مسند احمد (4/61) (صحیح) »
اس موضوع سے متعلق مزید احادیث و آثار کے حوالے ملاحظہ کریں : سنن ابي داود: 1957 | سنن نسائي: 2999 | مسند الحميدي: 875

تشریح، فوائد و مسائل

✍️ الشیخ عمر فاروق سعیدی
´منیٰ میں اترنے کا بیان۔`
عبدالرحمٰن بن معاذ سے روایت ہے وہ رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے ایک صحابی سے روایت کرتے ہیں، وہ کہتے ہیں: نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے منیٰ میں لوگوں سے خطاب کیا، اور انہیں ان کے ٹھکانوں میں اتارا، آپ نے فرمایا: مہاجرین یہاں اتریں اور قبلہ کے دائیں جانب اشارہ کیا، اور انصار یہاں اتریں، اور قبلے کے بائیں جانب اشارہ کیا، پھر باقی لوگ ان کے اردگرد اتریں۔‏‏‏‏ [سنن ابي داود/كتاب المناسك /حدیث: 1951]
1951. اردو حاشیہ: یہ مقامات منی کی مسجد خیف سے قبلہ کی طرف دائیں اوربائیں مراد ہیں۔جیسے کہ آئندہ حدیث نمبر 1957میں آرہا ہے۔
درج بالا اقتباس سنن ابی داود شرح از الشیخ عمر فاروق سعیدی، حدیث/صفحہ نمبر: 1951 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: سنن ابي داود / حدیث: 1957 کی شرح از الشیخ عمر فاروق سعیدی ✍️
´منیٰ کے خطبہ میں امام کیا بیان کرے؟`
عبدالرحمٰن بن معاذ تمیمی رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ ہمیں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے خطبہ دیا، ہم منیٰ میں تھے تو ہمارے کان کھول دئیے گئے آپ جو بھی فرماتے تھے ہم اسے سن لیتے تھے، ہم اپنے ٹھکانوں میں تھے، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے لوگوں کو ارکان حج سکھانا شروع کئے یہاں تک کہ جب آپ جمرات تک پہنچے تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنی شہادت کی دونوں انگلیوں کو رکھ کر اتنی چھوٹی چھوٹی کنکریاں ماریں جو انگلیوں کے درمیان آ سکتی تھیں پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے مہاجرین کو حکم دیا کہ وہ مسجد کے اگلے حصہ میں اتریں اور انصار کو حکم دیا کہ وہ لوگ مسجد کے پیچھے اتریں اس کے بعد سب لوگ اترے۔ [سنن ابي داود/كتاب المناسك /حدیث: 1957]
1957. اردو حاشیہ: ➊ یہ نبی ﷺ کا معجزہ تھا کہ دور کے لوگوں نے اپنی اپنی جگہ پر آپ کا خطبہ سن لیا
➋ شہادت کی انگلیاں رکھیں اس سے مراد یا تو یہ ہےکہ آپ نے آپنے کانوں میں رکھیں او ربلند آواز سے فرمایا۔ ابوداؤد کے ایک نسخہ سے اس معنی کی تائیدہوتی ہے اس میں «فی اذنیه)‎» کا اضافہ ہے۔ (نیل اوطار) یا ہو سکتا ہے کہ آپ نے انگوٹھوں کے درمیان اپنی انگلیاں رکھ کر اشار ہ فرمایا ہو کہ اس کی چھوٹی چھوٹی کنکریاں مارو۔ (بذل المجھول ]
درج بالا اقتباس سنن ابی داود شرح از الشیخ عمر فاروق سعیدی، حدیث/صفحہ نمبر: 1957 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: سنن نسائي / حدیث: 2999 کی شرح از حافظ محمد امین ✍️
´منیٰ کا بیان۔`
عبدالرحمٰن بن معاذ رضی الله عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ہمیں منیٰ میں خطبہ دیا، تو اللہ تعالیٰ نے ہمارے کان کھول دیے یہاں تک کہ آپ جو کچھ فرما رہے تھے ہم اپنی قیام گاہوں میں (بیٹھے) سن رہے تھے۔ تو نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم لوگوں کو حج کے طریقے سکھانے لگے یہاں تک کہ آپ جمروں کے پاس پہنچے تو انگلیوں سے چھوٹی چھوٹی کنکریاں ماریں اور مہاجرین کو حکم دیا کہ مسجد کے آگے کے حصے میں ٹھہریں اور انصار کو حکم دیا کہ مسجد کے پچھلے حصہ میں قیام پذیر ہوں۔ [سنن نسائي/كتاب مناسك الحج/حدیث: 2999]
اردو حاشہ: (1) کان کھول دیے یہ بھی رسول اللہﷺ کا معجزہ تھا کہ آپ کی آواز پورے منیٰ میں سنائی دے رہی تھی، حالانکہ منیٰ میں کئی مربع میل ہے۔
(2) کنکریوں کی بات آئی اس جملے کا دوسرا ترجمہ یہ ہوگا حتی کہ آپ جمروں کے قریب پہنچے اور آپ نے خذف والی کنکریوں سے جمرات کو رمی کیا۔ دونوں معنوں کی گنجائش ہے۔
(3) خذف کی کنکریاں یعنی چھوٹی چھوٹی جو کسی کو لگ بھی جائیں تو زخم ہو نہ چوٹ آئے۔ بچے ایسی کنکریوں کے ساتھ نشانہ بازی کی مشق کیا کرتے تھے۔ یہ دو انگلیوں کے درمیان پکڑ کر آسانی سے پھینکی جا سکتی تھیں۔
درج بالا اقتباس سنن نسائی ترجمہ و فوائد از الشیخ حافظ محمد امین حفظ اللہ، حدیث/صفحہ نمبر: 2999 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: مسند الحميدي / حدیث: 875 کی شرح از محمد ابراہیم بن بشیر ✍️
875- سیدنا معاذ رضی اللہ عنہ یا سیدنا ابن معاذ تیمی رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں، نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے منیٰ میں لوگوں کو ان کی پڑاؤ کی جگہ پر پڑاؤ کرنے کی ہدایت کی، تو مہاجر ین اور انصار نے اپنی مخصوص گھاٹیوں میں پڑاؤ کیا۔ راوی بیان کرتے ہیں: نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم لوگوں کو مناسک حج کی تعلیم دی۔ راوی کہتے ہیں: اللہ تعالیٰ نے ہماری سماعت کو کھول دیا تو ہم نے اپنے پڑاؤ کی جگہ پر رہتے ہوئے نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی آواز سن لی۔ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے ہمیں جو تعلیم دی اس میں یہ بات بھی تھی آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: جب تم جمرہ کی رمی کرو تو ایسی کنکر۔۔۔۔ (مکمل حدیث اس نمبر پر پڑھیے۔) [مسند الحمیدی/حدیث نمبر:875]
فائدہ:
کان کھول دیے۔ یہ بھی رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا معجزہ تھا کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی آواز پورے منٰی میں سنائی دے رہی تھی، حالانکہ منٰی کئی مربع میل ہے۔ خذف کی کنکریاں یعنی چھوٹی چھوٹی جو کسی کو لگ جائیں تو زخم نہ ہو، نہ چوٹ آئے۔ یہ دوانگلیوں کے درمیان پکڑ کر آسانی سے پھینکی جاسکتی تھیں۔
درج بالا اقتباس مسند الحمیدی شرح از محمد ابراهيم بن بشير، حدیث/صفحہ نمبر: 874 سے ماخوذ ہے۔