سنن ابي داود
أبواب قراءة القرآن وتحزيبه وترتيله— ابواب: قرات قرآن اس کے جز مقرر کرنے اور ترتیل سے پڑھنے کے مسائل
باب تَحْزِيبِ الْقُرْآنِ باب: قرآن کے حصے اور پارے مقرر کرنے کا بیان۔
حَدَّثَنَا يَحْيَى بْنُ مُوسَى الْبَلْخِيُّ ، وَهَارُونُ بْنُ عَبْدِ اللَّهِ ، قَالَا : أَخْبَرَنَا عَبْدُ اللَّهِ بْنُ يَزِيدَ ، أَخْبَرَنَا سَعِيدُ بْنُ أَبِي أَيُّوبَ ، حَدَّثَنِي عَيَّاشُ بْنُ عَبَّاسٍ الْقِتْبَانِيُّ ، عَنْ عِيسَى بْنِ هِلَالٍ الصَّدَفِيِّ ، عَنْ عَبْدِ اللَّهِ بْنِ عَمْرٍو ، قَالَ : أَتَى رَجُلٌ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ ، فَقَالَ : أَقْرِئْنِي يَا رَسُولَ اللَّهِ ، فَقَالَ : " اقْرَأْ ثَلَاثًا مِنْ ذَوَاتِ الرَّاءِ ، فَقَالَ : كَبِرَتْ سِنِّي ، وَاشْتَدَّ قَلْبِي ، وَغَلُظَ لِسَانِي ، قَالَ : " فَاقْرَأْ ثَلَاثًا مِنْ ذَوَاتِ حم " ، فَقَالَ مِثْلَ مَقَالَتِهِ ، فَقَالَ : " اقْرَأْ ثَلَاثًا مِنَ الْمُسَبِّحَاتِ " فَقَالَ مِثْلَ مَقَالَتِهِ ، فَقَالَ الرَّجُلُ : يَا رَسُولَ اللَّهِ ، أَقْرِئْنِي سُورَةً جَامِعَةً ، فَأَقْرَأَهُ النَّبِيُّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ إِذَا زُلْزِلَتِ الْأَرْضُ حَتَّى فَرَغَ مِنْهَا ، فَقَالَ الرَّجُلُ : وَالَّذِي بَعَثَكَ بِالْحَقِّ لَا أَزِيدُ عَلَيْهَا أَبَدًا ، ثُمَّ أَدْبَرَ الرَّجُلُ ، فَقَالَ النَّبِيُّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ : " أَفْلَحَ الرُّوَيْجِلُ ، مَرَّتَيْنِ " .
´عبداللہ بن عمرو رضی اللہ عنہما کہتے ہیں کہ` ایک شخص رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس آیا اور عرض کیا : اللہ کے رسول ! مجھے قرآن مجید پڑھائیے ، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : ” ان تین سورتوں کو پڑھو جن کے شروع میں «الر» ہے ۱؎ “ ، اس نے کہا : میں عمر رسیدہ ہو چکا ہوں ، میرا دل سخت اور زبان موٹی ہو گئی ہے ( اس لیے اس قدر نہیں پڑھ سکتا ) ، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : ” پھر «حم» والی تینوں سورتیں پڑھا کرو “ ، اس شخص نے پھر وہی پہلی بات دہرائی ، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : ” تو «مسبحات» میں سے تین سورتیں پڑھا کرو “ ، اس شخص نے پھر پہلی بات دہرا دی اور عرض کیا : اللہ کے رسول ! مجھے ایک جامع سورۃ سکھا دیجئیے ، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس کو «إذا زلزلت الأرض» سکھائی ، جب آپ صلی اللہ علیہ وسلم اس سے فارغ ہوئے تو اس شخص نے کہا : اس ذات کی قسم جس نے آپ کو رسول برحق بنا کر بھیجا ، میں کبھی اس پر زیادہ نہیں کروں گا ، جب آدمی واپس چلا گیا تو نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے دو مرتبہ فرمایا : «أفلح الرويجل» ( بوڑھا کامیاب ہو گیا ) ۔
سیدنا عبداللہ بن عمرو بن العاص رضی اللہ عنہما بیان کرتے ہیں کہ ایک شخص رسول اللہ ﷺ کی خدمت میں حاضر ہوا اور کہنے لگا: ”اے اللہ کے رسول! مجھے کچھ قرآن پڑھائیے۔“ آپ ﷺ نے فرمایا: ”تین سورتیں پڑھو جن کی ابتداء میں «الراء» ہے“ (یونس، ہود اور یوسف)۔ اس نے کہا: ”میری عمر بڑی ہو گئی ہے، دل سخت ہو گیا ہے (نسیان غالب ہے) اور زبان موٹی ہو گئی ہے (اس وجہ سے یہ بڑی بڑی سورتیں یاد نہیں کر سکتا)۔“ آپ ﷺ نے فرمایا: ”تو «حم» والی تین سورتیں پڑھ لو۔“ اس پر بھی اس نے اپنی پہلی بات ہی کہی۔ آپ ﷺ نے فرمایا: ”تو «المسبحات» والی تین سورتیں یاد کر لو“ (جن کے شروع میں «سبح» یا «يسبح» آتا ہے)۔ اس پر بھی اس نے اپنی وہی بات دہرائی اور کہنے لگا: ”اے اللہ کے رسول! مجھے کوئی جامع سورت پڑھا دیجئیے۔“ تو نبی کریم ﷺ نے اس کو سورۃ ﴿إِذَا زُلْزِلَتِ الْأَرْضُ زِلْزَالَهَا﴾ [سورة الزلزلة: 1] پڑھائی، آخر تک۔ تب وہ شخص کہنے لگا: ”قسم اس ذات کی جس نے آپ کو حق کے ساتھ بھیجا ہے! میں اس سے کبھی زیادہ نہ کروں گا۔“ پھر وہ پیٹھ پھیر کر چلا گیا تو نبی کریم ﷺ نے دو مرتبہ فرمایا: ”اس چھوٹے سے مرد نے نجات پائی۔“