سنن ابي داود
تفرح أبواب الجمعة— ابواب: جمعہ المبارک کے احکام ومسائل
باب الصَّلاَةِ بَعْدَ الْجُمُعَةِ باب: فریضہ جمعہ کے بعد کی نفلی نماز کا بیان۔
حَدَّثَنَا مُحَمَّدُ بْنُ عَبْدِ الْعَزِيزِ بْنِ أَبِي رِزْمَةَ الْمَرْوَزِيُّ ، أَخْبَرَنَا الْفَضْلُ بْنُ مُوسَى ، عَنْ عَبْدِ الْحَمِيدِ بْنِ جَعْفَرٍ ، عَنْ يَزِيدَ بْنِ أَبِي حَبِيبٍ ،عَنْ عَطَاءٍ ، عَنْ ابْنِ عُمَرَ ، قَالَ : " كَانَ إِذَا كَانَ بِمَكَّةَ فَصَلَّى الْجُمُعَةَ تَقَدَّمَ فَصَلَّى رَكْعَتَيْنِ ، ثُمَّ تَقَدَّمَ فَصَلَّى أَرْبَعًا ، وَإِذَا كَانَ بِالْمَدِينَةِ صَلَّى الْجُمُعَةَ ، ثُمَّ رَجَعَ إِلَى بَيْتِهِ فَصَلَّى رَكْعَتَيْنِ وَلَمْ يُصَلِّ فِي الْمَسْجِدِ ، فَقِيلَ لَهُ : فَقَالَ : كَانَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ يَفْعَلُ ذَلِكَ " .
´عطاء سے روایت ہے کہ` ابن عمر رضی اللہ عنہما جب مکہ میں ہوتے تو جمعہ پڑھنے کے بعد آگے بڑھ کر دو رکعتیں پڑھتے پھر آگے بڑھتے اور چار رکعتیں پڑھتے اور جب مدینے میں ہوتے تو جمعہ پڑھ کر اپنے گھر واپس آتے اور ( گھر میں ) دو رکعتیں ادا کرتے ، مسجد میں نہ پڑھتے ، ان سے اس کی وجہ پوچھی گئی تو انہوں نے کہا : رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ایسا کرتے تھے ۔
جناب عطاء، سیدنا ابن عمر رضی اللہ عنہما سے راوی ہیں کہ وہ جب مکے میں ہوتے اور جمعہ پڑھتے تو آگے بڑھ کر دو رکعتیں پڑھتے، پھر آگے بڑھتے اور چار رکعتیں پڑھتے، اور جب مدینے میں ہوتے اور جمعہ پڑھتے تو اس کے بعد گھر لوٹ جاتے اور دو رکعتیں ادا کرتے اور مسجد میں نہ پڑھتے، آپ سے اس کے متعلق پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ ”رسول اللہ ﷺ ایسے ہی کیا کرتے تھے۔“
تشریح، فوائد و مسائل
عطاء سے روایت ہے کہ ابن عمر رضی اللہ عنہما جب مکہ میں ہوتے تو جمعہ پڑھنے کے بعد آگے بڑھ کر دو رکعتیں پڑھتے پھر آگے بڑھتے اور چار رکعتیں پڑھتے اور جب مدینے میں ہوتے تو جمعہ پڑھ کر اپنے گھر واپس آتے اور (گھر میں) دو رکعتیں ادا کرتے، مسجد میں نہ پڑھتے، ان سے اس کی وجہ پوچھی گئی تو انہوں نے کہا: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ایسا کرتے تھے۔ [سنن ابي داود/تفرح أبواب الجمعة /حدیث: 1130]
➊ صحابہ کرام رضوان اللہ عنہم اجمعین دین کے امین تھے، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے متبع تھے، ان کے اعمال پر نظر رکھی جاتی تھی اور تفصیل و دلیل بھی پوچھی جاتی تھی۔ ان کے بعد علمائے امت اس امانت کے وارث ہیں، لوگ ان کے کردار کو دینی نظر سے دیکھتے اور دیکھنا پسند کرتے ہیں، تو چاہیے کہ طلبہ دین اور علمائے شریعت صحیح سنت نبوی صلی اللہ علیہ وسلم کو اپنا معمول بنائیں تاکہ لوگوں کو صحیح عملی نمونہ ملے اور اس کا اجر اللہ عزوجل ہی کے ہاں ملنے والا ہے۔
➋ عام مسلمانوں کے بھی ذمے ہے کہ مسائل و اعمال میں قرآن و سنت صحیحہ کی دلیل طلب کریں کیونکہ علماء کسی صورت بھی معصوم نہیں ہیں۔