سنن ابي داود
تفرح أبواب الجمعة— ابواب: جمعہ المبارک کے احکام ومسائل
باب اسْتِئْذَانِ الْمُحْدِثِ الإِمَامَ باب: جس کا وضو ٹوٹ جائے وہ امام سے باہر جانے کی اجازت لے۔
حَدَّثَنَا إِبْرَاهِيمُ بْنُ الْحَسَنِ الْمِصِّيصِيُّ ، حَدَّثَنَا حَجَّاجٌ ، حَدَّثَنَا ابْنُ جُرَيْجٍ ، أَخْبَرَنِي هِشَامُ بْنُ عُرْوَةَ ، عَنْ عُرْوَةَ ، عَنْ عَائِشَةَ ، قَالَتْ : قَالَ النَّبِيُّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ : " إِذَا أَحْدَثَ أَحَدُكُمْ فِي صَلَاتِهِ فَلْيَأْخُذْ بِأَنْفِهِ ثُمَّ لِيَنْصَرِفْ " . قَالَ أَبُو دَاوُد : رَوَاهُ حَمَّادُ بْنُ سَلَمَةَ ، وَأَبُو أُسَامَةَ ، عَنْ هِشَامٍ ، عَنْ أَبِيهِ ، عَنِ النَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ ، لَمْ يَذْكُرَا عَائِشَةَ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهَا .
´ام المؤمنین عائشہ رضی اللہ عنہا کہتی ہیں کہ` نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : ” جب حالت نماز میں تم میں سے کسی شخص کو حدث ہو جائے تو وہ اپنی ناک پکڑ کر چلا جائے ۱؎ “ ۔ ابوداؤد کہتے ہیں : اسے حماد بن سلمہ اور ابواسامہ نے ہشام سے ہشام نے اپنے والد عروہ سے اور عروہ نے نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم سے روایت کیا ہے ، ان دونوں نے ام المؤمنین عائشہ رضی اللہ عنہا کا ذکر نہیں کیا ہے ۔
ام المومنین سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا بیان کرتی ہیں کہ نبی کریم ﷺ نے فرمایا: ”تم میں سے جب کوئی اپنی نماز میں بے وضو ہو جائے، تو چاہیے کہ اپنی ناک پر ہاتھ رکھے اور چلا جائے۔“ امام ابوداؤد رحمہ اللہ فرماتے ہیں کہ اس روایت کو حماد بن سلمہ اور ابواسامہ نے «عن هشام، عن أبيه، عن النبي صلى الله عليه وسلم» کی سند سے روایت کیا ہے۔ انہوں نے سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا کا واسطہ ذکر نہیں کیا۔
تشریح، فوائد و مسائل
ام المؤمنین عائشہ رضی اللہ عنہا کہتی ہیں کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: "جب حالت نماز میں تم میں سے کسی شخص کو حدث ہو جائے تو وہ اپنی ناک پکڑ کر چلا جائے ۱؎۔" ابوداؤد کہتے ہیں: اسے حماد بن سلمہ اور ابواسامہ نے ہشام سے ہشام نے اپنے والد عروہ سے اور عروہ نے نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم سے روایت کیا ہے، ان دونوں نے ام المؤمنین عائشہ رضی اللہ عنہا کا ذکر نہیں کیا ہے۔ [سنن ابي داود/تفرح أبواب الجمعة /حدیث: 1114]
یعنی اس معاملے میں نماز اور خطبے کا معاملہ تقریبا ایک ہی ہے اور بے وضو ہو جانے کی صورت میں تقریباً ناک پر ہاتھ رکھ کر چلے جانا بیان عذر کی ایک علامت بتائی گئی ہے۔
ام المؤمنین عائشہ رضی اللہ عنہا کہتی ہیں کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: " جب کسی شخص کو نماز میں حدث ہو جائے، تو اپنی ناک پکڑ لے اور چلا جائے " ۱؎۔ [سنن ابن ماجه/كتاب إقامة الصلاة والسنة/حدیث: 1222]
فوائد و مسائل:
(1)
ناک پر ہاتھ رکھنے کا یہ فائدہ ہے۔
کہ دیکھنے والے یہ سمجھیں گے شاید نکسیر پھوٹی ہے۔
اس لئے نماز چھوڑ کرصف سے نکل گیا ہے۔
ورنہ صف سے نکلتے ہوئے شرم آئے گی۔
کیونکہ لوگ محسوس کریں گے کہ اس کی ہوا خارج ہوئی ہے۔
(2)
اس حدیث سے استدلال کیا جاسکتا ہے کہ خون کے نکلنے سے وضو ٹوٹ جاتا ہے۔
لیکن یہ استدلال قوی نہیں کیونکہ نکسیر والا آدمی خون بند کرنے کے لئے صف سے نکل کرجاتا ہے۔
کیونکہ سر پر پانی ڈالنے سے خون رک جائے گا۔
ضروری نہیں کہ وہ وضو کرے جیسا کہ زیادہ صحیح احادیث میں صراحت ہے۔
کہ جسم سے خون نکلنے سے وضو نہیں ٹوٹتا۔
امام مالک نے مؤطا میں حضرت عبد اللہ بن عباس رضی اللہ تعالیٰ عنہ، حضرت سعید بن مسیب اور حضرت سالم بن عبد اللہ رحمۃ اللہ علیہ سے نقل کیا ہے۔
کہ یہ حضرات نکسیر پھوٹنے پردوبارہ وضو نہیں کیا کرتے تھے۔
مؤطا کی ایک روایت میں حضرت سعید بن مسیب سے وضو کرنا منقول ہے۔
لیکن اس سے وضو لغوی یعنی منہ ہاتھ دھونا مراد لیا جاسکتا ہے کیونکہ حضرت سعد بن مسیب سے وضو نہ کرنا بھی مروی ہے۔ (مؤطا إمام مالك، الطھارۃ، باب ماجاء فی الرعاف وباب العمل فی الرعاف، حدیث 49، 48، 47)