نظر بد سے حفاظت قرآن و صحیح احادیث کی روشنی میں
یہ اقتباس شخبوط بن صالح بن عبدالھادی المری کی کتاب اپنے آپ پر دم کیسے کریں (نظربد، جادو، اور آسیب سے بچاو اور علاج) سے ماخوذ ہے۔ کتاب پی ڈی ایف میں ڈاونلوڈ کریں۔

نظر بد سے حفاظت:

مسلمان ذیل طریقہ کار سے نظر بد سے بچ سکتا ہے:

شرعی دعاؤں اور اذکار کی پابندی:

جن لوگوں سے نظر بد یا حسد یا جادو وغیرہ کا خوف ہو، ان کے شر سے بچنے کے لیے مشروع اذکار، دعاؤں اور وظائف کی پابندی کی جائے۔
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم حضرت حسن رضی اللہ عنہ اور حسین رضی اللہ عنہ کو یہ دعا پڑھ کر اللہ تعالیٰ کی پناہ میں دیا کرتے تھے:
﴿أَعُوذُ بِكَلِمَاتِ اللَّهِ التَّامَّةِ مِنْ كُلِّ شَيْطَانٍ وَهَامَّةٍ وَمِنْ كُلِّ عَيْنٍ لَامَّةٍ﴾
ہر شیطان اور زہریلے جانور سے اور ہر نظر بد سے اللہ تعالیٰ کے مکمل کلمات کے ساتھ پناہ مانگتا ہوں۔
[البخاري (3371)، أبو داؤد (4737)]
❀رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم فرمایا کرتے تھے:
یہ تمہارے باپ ابراہیم علیہ السلام کی دعا ہے۔ وہ حضرت اسماعیل علیہ السلام اور حضرت اسحاق علیہ السلام کو یہ دعا پڑھ کر پناہ میں دیا کرتے تھے۔

دوسری دعا:

﴿أَعُوذُ بِكَلِمَاتِ اللَّهِ التَّامَّاتِ مِنْ شَرِّ مَا خَلَقَ﴾
میں اللہ تعالیٰ کے مکمل کلمات کے ساتھ اس کی ہر مخلوق کے شر سے پناہ مانگتا ہوں۔
[صحيح مسلم (2708)]
﴿أَعُوذُ بِكَلِمَاتِ اللَّهِ التَّامَّةِ مِنْ كُلِّ شَيْطَانٍ وَهَامَّةٍ وَمِنْ كُلِّ عَيْنٍ لَامَّةٍ﴾
ہر شیطان اور زہریلے جانور سے اور ہر نظر بد سے اللہ تعالیٰ کے مکمل کلمات کے ساتھ پناہ مانگتا ہوں۔
[البخاري (3371)، أبو داؤد (4737)]
اس کے ساتھ ہی سابقہ ذکر کردہ دعائیں اور اذکار بھی پڑھے جائیں۔
جس کو اندیشہ ہو کہ اس کی نظر بد لگتی ہے، تو اسے چاہیے کہ جب اسے اپنی ذات میں یا مال میں یا اہل و عیال میں یا بہن بھائیوں کے پاس کوئی چیز اچھی لگے تو:
﴿مَا شَاءَ اللَّهُ لَا قُوَّةَ إِلَّا بِاللَّهِ اللَّهُمَّ بَارِكْ فِيهِمْ﴾
جو کچھ اللہ تعالیٰ نے چاہا، کوئی قوت بھی نہیں مگر اللہ کی توفیق سے۔ یا اللہ! ان میں برکت ڈال دے۔
کہہ کر ان کے لیے خیر و برکت کی دعا کرے۔
❀رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا فرمان ہے:
جب کسی انسان کو اپنے کسی بھائی کے پاس کوئی چیز اچھی لگے تو اسے چاہیے کہ اس کے لیے خیر و برکت کی دعا کرے۔
[أحمد (447/4)، صحيح ابن ماجة (3509)]
جس انسان کی نظر لگنے کا خوف ہو، اس سے اچھائی اور محاسن کو چھپایا جائے:
حضرت عثمان بن عفان رضی اللہ عنہ نے ایک خوبصورت بچہ دیکھا تو اس کے گھر والوں سے کہا:
اس کی ٹھوڑی پر کالا نشان لگا دو تا کہ اسے نظر بد نہ لگے۔
[السنة للبغوي (116/13)، زاد المعاد (173/4)]
حقیقت میں یہ خوبصورتی کو بدلنے کی ایک کوشش ہے جس میں خوبصورتی کو چھپایا جاتا ہے۔ لیکن یہ اعتقاد رکھ کر کالا نشان لگانا کہ کالا نشان نظر بد کو روک لے گا، تو یہ شرکیہ اعتقاد ہے۔ ایسا کرنا جائز نہیں۔
[التمهيد شرح كتاب التوحيد للشيخ صالح الفوزان 622]
کثرت کے ساتھ سورۃ الإخلاص، سورۃ الفلق اور سورۃ الناس، سورۃ الفاتحہ اور آیت الکرسی پڑھنا۔ ان سورتوں کے فضائل سے کوئی جاہل انسان بھی لاعلم نہیں۔ انسان سے تکلیف کے خاتمہ اور حفاظت کے لیے یہ نسخہ کیمیا ہیں۔
❀حضرت ابو سعید خدری رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں:
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم جنات اور نظر بد سے پناہ مانگا کرتے تھے۔ یہاں تک کہ معوذتین (سورۃ الفلق اور سورۃ الناس) نازل ہو گئیں۔ جب معوذتین نازل ہوئیں تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے باقی چیزوں کو چھوڑ کر ان کو اپنا معمول بنالیا۔
[صحيح الترمذي (2058)]
نظر بد لگانے والے سے بچ کر اور دور رہیں:
❀ علامہ قاضی عیاض رحمہ اللہ فرماتے ہیں:
بعض علماء کرام رحمہم اللہ نے فرمایا ہے: جب کسی انسان کے متعلق معلوم ہو جائے کہ اس کی نظر لگتی ہے تو اس سے بچ کر رہنا اور دور ہو جانا ضروری ہو جاتا ہے۔
مراد یہ ہے کہ انسان کوشش کرے اس سے دور رہے، اور اس کے ساتھ مجلس نہ لگائے۔
خفیہ طریقہ سے لوگوں کی مدد کرنا اور ان کی ضرورتیں پوری کرنا۔ پھر ان چیزوں کو لوگوں کے سامنے بیان نہ کیا جائے، خصوصاً ان لوگوں کے سامنے جن کی نظر بد لگتی ہو۔
حضرت معاذ بن جبل رضی اللہ عنہ سے روایت ہے:
❀رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
ضرورت پوری کرنے میں کامیابی حاصل کرنے کے لیے رازداری سے مدد حاصل کرو۔ اس لیے کہ جس انسان کے پاس بھی نعمت ہوتی ہے اس پر حسد کیا جاتا ہے۔
[صحيح الجامع (943)، الصحيحة (1453)]

یہ پوسٹ اپنے دوست احباب کیساتھ شئیر کریں

فیس بک
وٹس اپ
ٹویٹر ایکس
ای میل

موضوع سے متعلق دیگر تحریریں:

تبصرہ کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے