سوال:
کیا بیمار ہو کر فوت ہونے والا شہید ہے؟
جواب:
ہر بیماری میں فوت ہونے والا شہید نہیں، بلکہ مخصوص عوارض اور امراض ہیں، جن میں فوت ہونے والے کو شہادت کا درجہ دیا گیا ہے۔
سیدنا جابر بن عتیک رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
إن الله يعطي الأجر على قدر النية، ما ترون الشهادة؟
اللہ تعالیٰ نیت کے مطابق اجر دیتا ہے، آپ شہادت کسے سمجھتے ہیں؟
صحابہ کرام رضی اللہ عنہم نے عرض کیا: میدان جہاد میں اپنی جان کا نذرانہ پیش کرنا۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
میدان قتال کے علاوہ بھی سات اسباب شہادت ہیں:
1. مرض طاعون میں مبتلا ہو کر جان کی بازی ہار جانے والا،
2. ڈوب کر مرنے والا،
3. نمونیہ سے جاں بحق ہونے والا،
4. پیٹ کی بیماری سے جان کی بازی ہار جانے والا،
5. جل کر ہلاک ہونے والا،
6. دب کر دم توڑ دینے والا،
7. حمل سے فوت ہو جانے والی خاتون۔
(موطأ مالک: 1/233؛ سنن ابی داود: 3111؛ سنن النسائی: 1846، وسندہ حسن)
اس حدیث کو امام ابن حبان رحمہ اللہ (3189) نے صحیح اور امام حاکم رحمہ اللہ (1/503) نے اس کی سند کو صحیح کہا ہے۔ حافظ ذہبی رحمہ اللہ نے ان کی موافقت کی ہے۔