ماخوذ: فتاوی امن پوری از شیخ غلام مصطفی ظہیر امن پوری
سوال:
قبروں کا طواف کرنا کیسا ہے؟
جواب:
قبروں کا طواف ناجائز اور بدعت ہے، یہ قبروں کی غیر شرعی تعظیم ہے۔
❀ علامہ آلوسی رحمہ اللہ (1270ھ) لکھتے ہیں:
میں نے لوگوں کو بزرگوں کی قبروں پر جہالت پر مبنی کام کرتے دیکھا۔ وہ انہیں اونچا کرتے، چونے اور اینٹوں کے ساتھ پختہ بناتے، ان پر قندیلیں لٹکاتے، ان کی طرف منہ کر کے نماز پڑھتے، ان کا طواف کرتے، انہیں چومتے اور مخصوص اوقات میں ان کے پاس جمع ہوتے ہیں، وغیرہ۔ دلیل اس آیت سے لیتے ہیں، نیز اصحاب کہف کے قصہ سے لیتے ہیں جس میں ذکر ہے کہ بادشاہ ہر سال عید مناتا تھا اور اس نے انہیں لکڑی کے ایک تابوت میں رکھ دیا تھا۔۔۔ یہ سب کچھ اللہ و رسول کی مخالفت ہے اور ایسے دین کی ایجاد ہے جس کی اللہ تعالیٰ نے اجازت نہیں دی۔
(روح المعاني: 15/239)