حالت حیض میں جماع پر کیا کفارہ ہے؟
ماخوذ: فتاوی امن پوری از شیخ غلام مصطفی ظہیر امن پوری

سوال:

حالت حیض میں جماع پر کیا کفارہ ہے؟

جواب:

حیض میں جماع کر لے، تو اس پر ایک دینار (4 ماشہ 4 رتی / 4.374 گرام سونا) یا نصف دینار (2 ماشہ 2 رتی / 2.187 گرام سونا) کفارہ ہے۔
❀ سیدنا عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہما بیان کرتے ہیں:
’’فطری ایام میں بیوی سے جماع کرنے والے کے متعلق رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
يتصدق بدينار، أو بنصف دينار.
’’ایک یا آدھا دینار صدقہ کرے۔‘‘
(مسند الإمام أحمد: 229/1، 230، سنن أبى داود: 264، سنن النسائي: 290، سنن الترمذي: 136، سنن ابن ماجه: 640، وسنده صحيح)
اس حدیث کو امام احمد بن حنبل رحمہ اللہ (مسائل أبي داود لأحمد، ص: 177)، امام ابو داود رحمہ اللہ (268، تهذيب السنن لابن القيم: 173/1)، امام ابن جارود رحمہ اللہ (108)، امام حاکم رحمہ اللہ (171/1، 172)، حافظ ابن قطان رحمہ اللہ (بيان الوهم والإيهام: 227/5)، حافظ ذہبی رحمہ اللہ (تلخيص المستدرك: 172/1)، حافظ ابن دقیق العید رحمہ اللہ (التلخيص الحبير لابن حجر: 166/1)،حافظ ابن القیم رحمہ اللہ (تهذيب السنن: 173/1)، علامہ ابن ترکمانی حنفی رحمہ اللہ (الجوهر النقي: 314/1) اور حافظ ابن حجر رحمہ اللہ (التلخيص الحبير: 166/1) نے ”صحیح “قرار دیا ہے۔
یہ حدیث مرفوعا و موقوفا دونوں طرح سے ثابت ہے، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا فرمان بھی ہے اور سیدنا عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہما کا فتویٰ بھی۔ موقوف مرفوع کو تقویت دیتی ہے۔
اسلاف امت بھی ماہواری میں جماع کرنے والے پر کفارے کے قائل ہیں:
① سیدنا عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہما کا فتویٰ آپ ملاحظہ فرما چکے ہیں۔
② ، ③ امام احمد بن حنبل رحمہ اللہ اور امام اسحاق بن راہویہ رحمہ اللہ کا یہی مذہب ہے۔
(سنن الترمذي، تحت الحديث : 137)
④ عطا بن ابی رباح رحمہ اللہ فرماتے ہیں:
’’ایک دینار صدقہ کرے۔‘‘
(سنن الدارمي: 1154، وسندہ صحیح)
امام موصوف سے ایک روایت نصف دینار کے بارے میں بھی آتی ہے۔
(سنن الدارمي: 1157، وسندہ حسن)
بعض اہل علم کہتے ہیں کہ اس پر کوئی کفارہ نہیں، توبہ و استغفار لازم ہے۔ ان کی یہ بات صحیح حدیث اور فہم سلف کے خلاف ہونے کی وجہ سے مرجوح ہے۔

یہ پوسٹ اپنے دوست احباب کیساتھ شئیر کریں

فیس بک
وٹس اپ
ٹویٹر ایکس
ای میل

موضوع سے متعلق دیگر تحریریں:

تبصرہ کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے