انتہائی اختصار کے ساتھ کتاب و سنت کی روشنی میں پانی کے احکام پیشِ خدمت ہیں:
1: وہ پانی جو عام ہے ، پاک ہے اور پاک کرنے والا ہے اس کی کئی قسمیں ہیں:
➊ بارش کا پانی:
اللہ تعالیٰ نے ارشاد فرمایا:
” اور آسمان سے تم پر بارش برسا دی تاکہ تمہیں پاک کردے ۔ “ [الانفال: 11]
نیز فرمایا: ”اور ہم نےآسمان سے پاک پانی نازل کیا ۔ ” [الفرقان: 48]
رسول اللہ ﷺ بارش کو دیکھ کر دعا فرماتے: ”اے اللہ ! فائدہ دینے والی بارش برسا۔ “ [صحیح بخاری: 1032]
➋ برف کا پانی:
رسول اللہ ﷺ نے ایک صحابی کے جنازے پر دعا فرمائی:
اے اللہ …. اور اسے پانی ، برف اور اولوں سے دھو ڈال۔ [صحیح مسلم: 963 و ترقیم دارالسلام: 2232]
➌ اَولوں کاپانی:
دلیل برف کے پانی میں گزر چکی ہے ۔
➍ سمندروں (اور دریاؤں) کا پانی:
رسول اللہ ﷺ نے سمندر اور دریا کے پانی کے متعلق فرمایا:
”سمندر کا پانی پاک ہے اور اس کا مردار (مچھلی) حلال ہے ” [مؤطا امام مالک: 12، ابوداود: 83 و سندہ صحیح ]
امام ابن خزیمہ نے مذکورہ حدیث پر باب باندھا ہے کہ“ سمندر کے پانی سے وضو اور غسل کرنا صحیح ہے کیونکہ اس کاپانی پاک ہے اور اس کا مردار (مچھلی ) حلال ہے ” [ح 111]
اللہ ﷻ نے فرمایا: ”دو طرح کے سمندر ایک جیسے نہیں ہوسکتے جن میں ایک کا پانی میٹھا پیاس بجھانے والا اور پینے میں خوشگوار اور دوسرا کھاری ہو، سخت کڑوا۔ ” [فاطر: 12]
➎ نہروں کا پانی:
ایک لمبی حدیث جس کا ایک حصہ یہ ہے کہ“ اور اگر اس ( گھوڑے) کا گزر کسی نہر سے ہوا، اس نے وہاں پانی پیا، گویا اس کے مالک کا ارادہ پانی پلانے کا نہ تھا ، تب بھی نیکیاں لکھ دی جائیں گی…. ” [صحیح بخاری: 2371]
امام بخاری رحمہ اللہ نے اس پر باب قائم کیا ہے کہ“ نہروں سے انسانوں اور چوپایوں کا پانی پینا درست ہے“
➏ کنویں کا پانی:
اللہ ﷻ نے فرمایا: ”پھر جب وہ (موسیٰ علیہ السلام) مدین کے کنویں پر پہنچے تو دیکھا کہ بہت سے لوگ (اپنے جانوروں کو ) پانی پلا رہے ہیں۔ ” [القصص: 23]
ایک شخص نے کنویں سے پانی پیا پھر پیاسے کتے کو بھی پلایا ۔ [صحیح بخاری: 2363، صحیح مسلم: 2244]
➐ آبِ زمزم:
“ رسول اللہ ﷺ نے آب زمزم کا ڈول منگوایا ، اس سے پیا اور وضو کیا ” [زوائد مسند احمد 1/76 ح 564 و سندہ حسن]
سیدنا ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ
“ رسول اللہ ﷺ نے آب زمزم کھڑے ہو کر پیا ” [صحیح بخاری: 5617]
اسی پانی سے رسول اللہ ﷺ کا معراج والی رات سینہ مبارک چاک کرکے دھویا گیا ۔ [صحیح بخاری: 349]
اللہ ﷻ نے اس پانی میں بڑی برکات رکھی ہیں ۔ دیکھئے زاد المعاد [4/493۔ 494]
➑ چشموں کا پانی:
اللہ ﷻ نے فرمایا: “ جب موسیٰ نے اپنی قوم کے لئے پانی کی دعا کی تو ہم نے کہا کہ اپنی لاٹھی پتھر پر مارو چنانچہ اس پتھر سے بارہ چشمے پھوٹ پڑے اور (قومِ موسیٰ کے بارہ قبیلوں میں سے ) ہر قبیلے نے اپنا اپنا گھاٹ جان لیا ۔ ” [البقرۃ : 60]
نیز فرمایا: “ بے شک کچھ پتھر ایسے ہیں کہ ضرور پھوٹتی ہیں ان سے نہریں اور یقیناً ان میں سے (کچھ ایسے ہیں کہ ) جب وہ پھٹتے ہیں تو نکل پڑتا ہے ان سے پانی (چشمے کی صورت میں) [البقرۃ: 74]
➒ سیلاب کا پانی: اللہ ﷻ نے ارشاد فرمایا: “ کیا انہوں نے دیکھا نہیں کہ ہم پانی کو بنجر زمین کی طرف بہا لاتے ہیں جس سے ہم کھیتی پیدا کرتے ہیں تو اسی سے ان کے چوپائے بھی کھاتے ہیں اور وہ خود بھی کھاتے ہیں ” [السجدۃ: 27]
——————
2: وہ مستعمل پانی جو پاک ہے اور پاک کرنے والا ہے:
➊ وضو کے بعد برتن کا بچا ہوا پانی پینا:
“ سیدنا سائب بن یزیدؓ سے روایت ہے کہ میری خالہ مجھے رسول اللہ ﷺ کے پاس لے کر گئی اس نے کہا ؛ یا رسول اللہ ! میرا بھانجا بیماری کی وجہ سے بےچین ہے آپ نے میرے سر پر ہاتھ پھیرا اور میرے لئے برکت کی دعا کی پھر آپ نے وضو کیا میں نے آپ کے وضو سے بچا ہوا پانی پی لیا ۔ ” [صحیح بخاری: 190]
سیدنا ابوجحیفہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ ایک دن دوپہر کے وقت ہمارے ہاں تشریف لائے آپ کے پاس وضو کا پانی لایا گیا آپ نے وضو کیا پھر لوگ آپ کے وضو کا باقی ماندہ پانی پینے لگے اور بدن پر ملنے لگے…. [صحیح بخاری: 187]
➋ اس برتن کا پانی جس سے پہلے کوئی نہایا ہو:
رسول اللہ ﷺ نے سیدہ میمونہ کے غسل کے بچے ہوئے پانی سے غسل کیا۔ [مسلم: 323]
ازواج مطہرات میں سے کسی نے ٹپ (کے پانی ) سے غسل کیا پھر آپﷺ نے (بچے ہوئے پانی سے ) وضوکرنا چاہا تو انہوں نے رسول اللہ! میں تو جنبی تھی؟ آپ نے فرمایا: پانی جنبی (ناپاک) نہیں ہوتا ۔ [ابوداود: 68، ابن ماجہ: 370 امام ترمذی [65] نے حسن اور ابن حبان [1265] نے صحیح کہا ۔ ]
➌ میاں بیوی کا جنبی ہونے کی حالت میں اکٹھےایک برتن سے پانی لے کر غسل کرنا صحیح ہے ۔ [مسلم: 321]
تو جنابت کے علاوہ بالاولیٰ صحیح ہوا۔
➍ وہ پانی جس میں پاک چیز ملا دی گئی ہو:
سیدہ ام عطیہ نے کہا ہم رسول اللہ ﷺ کی بیٹی کو نہلا رہی تھیں تو آپﷺ نے فرمایا کہ ”اس کو تین ، پانچ یا سات بار یا اس سے (بھی) زیادہ مرتبہ پانی اور بیری کے پتوں سے غسل دو اور آخری بار (پانی میں ) کچھ کافور بھی ملا لو۔ ” [بخاری: 1258، 1259 ، مسلم : 939]
➎ مشرکوں کے برتنوں میں موجود پانی سے وضو اور غسل کرنا صحیح ہے ۔ [بخاری: 344 و مسلم : 682، صحیح ابن خزیمہ: 113 و سندہ صحیح]
لہٰذا ان کے برتنوں میں پانی پینا اور انہیں استعمال کرنا بھی جائز ہے ۔ واضح رہے کہ یہ صرف عذر کی صورت میں ایک رخصت ہے وگرنہ حتی الوسع کوشش کرنی چاہئے کہ یہود و نصاریٰ اور مشرکین کے برتنوں کو استعمال نہ کیا جائے ۔ رسول اللہ ﷺ سے اہلِ کتاب کے برتنوں کو استعمال کرنے کی بابت پوچھا گیا تو آپ ﷺ نے فرمایا: فلا تأكلوا فيها وإن لم تجدوا فاغسلوها ثم كلوا فيها تم ان (کے برتنوں) میں نہ کھاؤ، اور اگر تم (ان برتنوں کے علاوہ کوئی اور برتن) نہ پاؤ تو اسے دھو کر پھر اس میں کھا سکتے ہو ۔ [صحیح بخاری: 5488 و مسلم: 1930]
➏ حلال جانور کے چمڑے میں جب پانی ہو اور وہ چمڑا رنگ کیا گیا ہو تو اس میں موجود پانی پاک ہے اور پاک کرنے والا ہے چاہے اسے ذبح کیا گیا ہو یا بغیر ذبح کے مردار ہو جائے ۔
سیدنا ابن عباس رضی اللہ تعالیٰ عنہما سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے ایک مشکیزے (کے پانی) سے وضو کرنے کا ارادہ فرمایا تو آپ سے کہا گیا کہ چمڑا تو مردار کا ہے، آپ ﷺنے فرمایا: “ اس کو رنگنا (دباغت کرنا ) چمڑے کی نجاست کو زائل کردیتا ہے۔ ” [صحیح ابن خزیمہ: 114، و سندہ صحیح ]
فائدہ:
پاک گرم پانی پاک ہے اور پاک کرنے والا ہے ۔
➐ وہ پانی (یا سیال ) جس میں مکھی گرجائے تو وہ پانی (یا سیال) پاک ہے اور مکھی کو غوطہ دے کر باہر نکال کر پھینک دینا چاہئے ۔ [صحیح بخاری: 3320]
تمام حشرات الارض کیڑوں مکوڑوں کا یہی حکم ہے جن میں بہنے والا خون نہیں ہے خواہ وہ پانی میں مر بھی جائیں تو پانی ناپاک نہیں ہوتا ۔ [دیکھئے کتاب الطہور للامام ابی عبید القاسم بن سلام تحت ح 190]
3: وہ پانی جو خود پاک ہے مگر پاک کرنے والا نہیں ہے:
نبیذ:
یہ پانی اور کھجوروں سے بنائی جاتی ہے ۔ پانی بھی پاک ہے کھجوریں بھی پاک ہیں مگر جب ان دونوں کو اکٹھا کیا جائے تو نبیذ بن جاتی ہے ۔ جو خود تو پاک ہے اسے پیا جاسکتا ہے مگر وہ پاک کرنے والی نہیں ہے کیونکہ پانی اب اپنی اصل حالت میں باقی نہیں رہا۔
امام بخاری نے باب قائم کیا ہے کہ“ نبیذ کے ساتھ وضو جائز نہیں ہے ” [صحیح بخاری قبل ح 242]
امام عطاء دودھ اور نبیذ سے وضو کرنے کو ناپسند سمجھتے تھے اور فرماتے تھےکہ“ ان سے وضو کرنے کی بنسبت تیمّم مجھے زیادہ پسند ہے ” [ابوداود: 86 وھو صحیح ]
ابو خلدہ نے کہا کہ میں نے ابو العالیہ (تابعی) سے پوچھا کہ“ ایک آدمی جنبی ہوگیا اس کے پاس پانی نہیں مگر نبیذ ہے ، کیا وہ نبیذ سے غسل کرے؟ تو انہوں نے فرمایا: نہیں ” [ابوداود: 87 و سندہ صحیح]
قرآن مجید میں پانی کی عدم موجودگی میں تیمم کرنے کا ذکر ہے نہ کہ نبیذ سے وضو کرنے کا ۔
تنبیہ:
نشہ دینے والی نبیذ كُلُّ مُسْكِرٍ حَرَامٌ کی رو سے حرام ہے ۔
——————
4: وہ پانی جو ناپاک ہے:
➊ وہ پانی جو نجاست کی وجہ سے رنگ ، بو اور ذائقہ تبدیل کر چکا ہو ۔
➋ کتے کا جھوٹا پانی: سیدنا عبداللہ بن مغفل سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: “ اگر کتا کسی کے برتن میں پانی (وغیرہ) پی لے تو برتن کو سات بار دھو ڈالے اور پہلی بار مٹی سے مانجھے ” [مسلم: 279]
بعض روایتوں میں آخری بار مٹی سے مانجھنے کا ذکر آیا ہے لہٰذا دونوں طرح صحیح ہے ۔
جس برتن (میں کتے نے منہ مارا ہے اس ) میں اگر پانی (وغیرہ) ہو تو اسے بہا دینا چاہئے ۔ [مسلم: 279، صحیح ابن خزیمہ: 75 و تبویب]
اسی طرح وہ جانور جو نجس العین ہو اس کاجھوٹا بھی ناپاک ہے مثلاً خنزیر ۔ [صحیح ابن خزیمہ قبل ح 102]
تنبیہ:
اگر ناپاک پانی کپڑوں، جگہ یا بدن کو لگ جائے تو کپڑے، جگہ اور بدن ناپاک ہوجاتے ہیں ان کو پانی سے دھویا جائے تو پھر نماز پڑھی جائے۔
5: پانی سے استنجا کرنا
سیدنا انس بن مالک بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ جب قضائے حاجت کے لئے باہر جاتے تو میں اور ایک بچہ پانی کا ڈول اٹھاتے ، آپﷺ اسی سے استنجا کرتے ۔ ” [بخاری: 150، 152 ، مسلم: 270]
سیدنا ابوہریرہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ جب بیت الخلاء (استنجاء کرنے کے لئے ) گئے ، ایک برتن میں پانی لایا گیا، آپ نے استنجا کیا پھر ایک اور برتن میں پانی لایا گیا آپ نے استنجاکیا پھر ایک اور برتن میں پانی لایا گیا آپ نے (اس سے ) وضو کیا۔ [ابوداود: 45 و سندہ حسن]
معلوم ہوا کہ استنجاء کے لئے علیحدہ اور وضوکے لئے علیحدہ برتن استعمال کرنا چاہئے۔
چند اہم فوائد قابلِ ذکر ہیں:
➊ مٹی کے ڈھیلے سے بھی استنجا کرنا صحیح ہے ۔ [بخاری: 155]
➋ رسول اللہ ﷺ نے تین (ڈھیلوں) سے استنجاء کرنے کا حکم دیا۔ [مسلم: 262، ابوداود: 7 و سندہ صحیح]
(اس سے استدلال کرتے ہوئے ) پانی بھی تین مرتبہ استعمال کرنا چاہئے کیونکہ یہ بھی پاکی حاصل کرنے میں ڈھیلے کے قائم مقام ہے یا پھر جس طرح ڈھیلے طاق استعمال کئے جاتے ہیں تو اسی طرح پانی بھی طاق مرتبہ استعمال کرنا چاہئے ۔ واللہ اعلم
➌ امام ترمذی ؒ فرماتے ہیں کہ“ اگرچہ ڈھیلوں سے استنجاء کرنا جائز ہے تاہم (بعض علماء ) سفیان ثوری، ابن المبارک، شافعی ، احمد اور اسحاق (ابن راہویہ) کے نزدیک پانی سے استنجاء کرنا مستحب اور افضل ہے ۔ ” [ترمذی 1/11 ح 19 درسی ط: ایچ ایم سعید کراچی]
نیز فرماتے ہیں کہ“ صحابۂ کرام (رضوان اللہ علیہم اجمعین) اور بعد کے اکثر علماء کا یہی خیال ہے کہ صرف ڈھیلوں سے استنجاء کرنا جائز ہے اگرچہ ان کے بعد پانی استعمال نہ کریں بشرطیکہ پیشاب اور پاخانے کا اثر خوب زائل ہوجائے اور یہی قول سفیان ثوری ، عبداللہ بن مبارک ، شافعی ، احمد اور اسحاق بن راہویہ کا ہے ” [ترمذی 1/10 ح 15]
➍ استنجا کرنے کے لئے پانی ساتھ لے جانا چاہئے ۔ [بخاری: 151]
➎ عام نجاستوں کو صرف پانی سے پاک کیا جاتا ہے ۔ دیکھئے الصحیحۃ [1/299، 300]
➏ پیشاب پر پانی بہا دینے سے جگہ پاک ہوجاتی ہے ۔
ایک اعرابی نے مسجد کے کونے میں پیشاب کر دیا تو رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: “ پانی کا ڈول اس (پیشاب) پر بہا دو ۔ ” [بخاری: 219]
➐ بچہ اگر پیشاب کر دے۔
1۔ اگر دودھ پیتا بچہ کپڑوں پر پیشاب کردے تو اس پر پانی کے چھینٹے مار ے جائیں۔
سیدہ ام قیس بنت محصن اپنا چھوٹا بیٹا جو ابھی کھانا نہیں کھاتا تھا، رسول اللہ ﷺ کے پاس لائیں۔ آپﷺنے اس کو اپنی گود مبارک میں بٹھا لیا تو اس بچے نے آپﷺ کے کپڑوں پر پیشاب کردیا ۔ آپ ﷺ نے پانی منگوایا اور اس پر چھینٹے مارے، اس کو دھویا نہیں۔ [بخاری: 223، مسلم: 287]
2۔ اگر بچی کپڑوں پر پیشاب کردے تو اسے پانی سے دھویا جائے ۔
سیدہ لبابہ بنت حارث سے روایت ہے کہ (سیدنا) حسین بن علی رضی اللہ عنہما نے رسول اللہ ﷺ کی گود مبارک میں پیشاب کردیا۔ میں نے کہا: کوئی اور کپڑا پہن لیں اور تہبند مجھے دے دیں تا کہ میں دھو ڈالوں تو رسول اللہ ﷺ نے فرمایا کہ“ لڑکی کا پیشاب دھویا جاتا ہے اور لڑکے کے پیشاب پر چھینٹے مارے جاتے ہیں ” [ابوداود: 375، ابن ماجہ: 522، حسن]
➑ جب مرد یا عورت ناپاک ہوجائیں تو (غسل کے ذریعے سے ) پانی سے ہی طہارت حاصل کی جاتی ہے اور ہر طرح کی نجاست کو پانی سے ہی دور کیاجاتا ہے ۔
تنبیہ:
پانی کی عدم موجودگی میں یا کسی شرعی عذر کی وجہ سے اگر پانی استعمال نہ کرنا ہو تو پھر نجاست یا جنابت کو پاک کرنے کے لئے مٹی سے کام لیا جائے گا۔ [النسآء: 43]
➒ کھڑے پانی میں پیشاب کرنا منع ہے ۔ [بخاری: 238]
ایسے پانی (جس میں پیشاب کیا گیا ہو) سے نہ وضو کرنا صحیح ہے اور نہ اسے پینا ہی صحیح ہے ۔ [صحیح ابن خزیمہ: 94]
➓ کھڑے پانی میں جنبی آدمی کا نہانا منع ہے ۔ [مسلم: 283]
البتہ پانی الگ لے کر نہانا صحیح ہے ۔
⓫ اگر آدمی سو کر اٹھے تو ہاتھوں کو پانی (کے برتن ) میں داخل کرنے سے پہلے الگ پانی لے کر دھو لینا چاہئے کیونکہ اسے پتا نہیں کہ ہاتھوں نے رات کہاں گزاری ہے ۔ [بخاری: 1620، مسلم : 278]
⓬ پانی میں خود بخود مچھلی مر جائے تو وہ حلال ہے ۔
رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ”دریائی اور سمندری پانی پاک کرنے والا ہے اور اس کا مردار (مچھلی) حلال ہے ” [مؤطا امام مالک: 12، ابوداود: 83 و سندہ صحیح]
ہمارے استاد حافظ زبیر علی زئی حفظہ اللہ لکھتے ہیں کہ“ اس صحیح حدیث سے معلوم ہوا کہ پانی میں خودبخود مرنے والی مچھلی حلال ہے یہی مسلک سیدنا ابوبکر الصدیق اور جمہور علمائے اسلام کا ہے ۔ دیکھئے صحیح بخاری“ کتاب الذبائح و الصید باب قول اللہ تعالیٰ: أحل لکم صید البحر ” [قبل ح 5493] و فتح الباری ج 9 ص 618 و غیرہما، اس مسلک کے خلاف کوئی دلیل ثابت نہیں ہے ۔ ” [تسہیل الوصول الیٰ تخریج و تعلیق صلوٰۃ الرسول ص 42 حاشیہ: 3، نیز دیکھئے الصحیحۃ ح 480]
⓭ وضو کے پانی والے برتن کو ڈھانپنا چاہئے اور اس کے منہ کو باندھنا چاہئے۔ [مسند احمد 2/367 و سندہ صحیح ]
⓮ غسل بھی پانی ہی سے کیا جاتا ہے ۔
⓯ عیسائیوں کے گھر کے پانی سے وضوکرنا۔
سیدنا عمر نے نصرانیہ عورت کے گھر سے وضو کیا ۔ [بخاری قبل ح 193 تعلیقاً بالجزم تغلیق التعلیق علیٰ صحیح البخاری 2/131، 132 و فتح الباری 1/299]
تنبیہ:
اس کی سند منقطع و معلول ہونے کی وجہ سے ضعیف ہے ۔ /زع
⓰ ستو کھا کر اگر نماز پڑھنی ہو تو پانی سے کلی کرنی چاہئے ۔ [صحیح بخاری: 209]
⓱ دودھ پی کر بھی پانی سے کلی کرنی چاہئے ۔ [صحیح بخاری: 211]
امام ابن خزیمہ نے اس حدیث پر باب باندھا ہے کہ“ دودھ پی کر کلی کرنا مستحب ہے تاکہ چکناہٹ ختم ہوجائے اور یہ واجب نہیں ہے ” [صحیح ابن خزیمہ قبل ح 47]
⓲ اگر آدمی بے ہوش ہوجائے تو اس پر پانی کے چھینٹے مار ے جائیں ۔ [صحیح بخاری: 194]
⓳ روزہ پانی سے افطار کرنا بھی صحیح ہے ۔ [صحیح بخاری: 1956]
20: دودھ میں پانی ملا کر پینا جائز ہے ۔ [صحیح بخاری: 5612]
21: میٹھا پانی یعنی شربت پینا رسول اللہ ﷺ کا محبوب عمل تھا۔ [صحیح بخاری: 5611]
تفصیل کے لئے دیکھئے فتح الباری [10/92]
22: رات کا پڑا ہوا (باسی) پانی پینا بھی درست ہے ۔ [صحیح بخاری: 5621]
23: زائد پانی سے مسافر کو نہیں روکنا چاہئے۔
سیدنا ابوہریرہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے ارشاد فرمایا کہ“ تین آدمیوں کی طرف اللہ تعالیٰ (نظر رحمت سے) نہیں دیکھے گا نہ ان کو پاک کرےگا اور ان کے لئے دردناک عذاب ہے ۔ ایک وہ آدمی جس کے راستے میں پانی اضافی ہے (لیکن ) اس نے مسافر کو پانی (پینے یا استعمال کرنے ) سے روک دیا ….. ” [صحیح بخاری: 2358]
24: زائد پانی کو بیچنا ممنوع ہے ۔ سیدنا جابر بن عبداللہ سے روایت ہے کہ“ رسول اللہ ﷺ نے زائد پانی کو بیچنے سے منع فرمایا ” [صحیح مسلم: 1565]
25: جس کی زمین پانی کے قریب ہوگی وہ پہلے اپنی زمین کو سیراب کرےگا پھر دور زمین والے کا حق ہے ۔ [صحیح بخاری: 2361]
26: کھیت والے کو اپنی کھیت میں اتنا پانی روکنے کا حق حاصل ہے کہ پانی منڈیروں تک پہنچ جائے۔ [صحیح بخاری: 2361]
27: اگر کنواں کھودتے ہوئے منڈیر کے گرنے کی وجہ سے آدمی مرگیا تو اس کی چَٹی اور دیت کنویں کے مالک پر نہیں بلکہ یہ چٹی معاف ہے ۔ [صحیح بخاری: 2355]
28: بخار کو پانی سے ٹھنڈا کیا جاسکتا ہے ۔ [صحیح بخاری: 5725]
29: پانی اور بیری کے پتے چمڑے کو پاک کر دیتے ہیں ۔ [سنن ابی داود: 1426 و سندہ حسن]
30: گوشت پکاتے وقت پانی زیادہ ڈالنا چاہئے تاکہ سالن ہمسایوں کو بھی دیا جا سکے ۔ [صحیح مسلم: بعد ح 2625 و ترقیم دارالسلام: 6689]
31: یہ اونٹنیوں کا حق ہے کہ اونٹنیوں کا دودھ پانی کے (چشموں ، کنوؤں کے ) قریب نکالا جائے ۔ [صحیح بخاری: 2378]
تاکہ وہاں پر موجود مساکین وغیرہ کو دودھ دیا جا سکے ۔ [فتح الباری 5/63]
32: دم کر کے پانی پر پھونکنا۔
سیدنا ابوسعید خدری سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے پینے والی چیز میں پھونک مارنے سے منع کیا ، ایک آدمی نے کہا کہ اگر برتن میں تنکا دیکھوں تو؟ آپﷺ نے فرمایا کہ اس کو بہا دے ۔ ” [سنن الترمذی: 1887، وقال: ”حسن صحیح ”و سندہ صحیح، المؤطا 2/925 ح 1783]
33: حائضہ عورت کا جھوٹا پانی پاک ہے اور پاک کرنے والا ہے ۔ [صحیح ابن خزیمہ: 110]
34: اگر کھیتی آسمانی پانی سے پکی ہے تو اس میں عشر ہے اگر نہری یا ٹیوب ویل وغیرہ کے پانی سے سیراب ہوئی ہے تو اس میں نصف عشر ہے ۔
سالم بن عبداللہ بن عمر اپنے والد سے روایت کرتے ہیں، انہوں نے نبی کریم ﷺ سے بیان کیا ہے کہ آپ نے فرمایا: “ جو زمین آسمانی بارش اور چشموں سے سیراب ہوتی ہو یا رطوبت والی ہو اس میں دسواں حصہ زکوٰۃ ہے [عشر ہے ] اور جو زمین پانی کھینچ کر سیراب کی جاتی ہو اس میں بیسواں حصہ (نصف عشر ) ہے ۔ [صحیح بخاری: 1483]
دارالسلام کی مطبوعہ بلوغ المرام میں لکھا ہوا ہے کہ“ اس حدیث سے معلوم ہوا کہ زمین کو مختلف ذرائع و وسائل سے سیراب کرنے کی صورت میں زکوٰۃ (عشر) کی نوعیت بھی مختلف ہے۔ مثلاً جو زمین مشقت طلب ذریعے سے سیراب ہو جیسے اونٹ ، بیل یا آدمی پانی نکال کر یا لا کر سیراب کرتے ہوں تو اس زمین کی پیداوار پر نصف عشر (بیسواں) حصہ ہے ۔ اسی طرح اگر زمین کنویں کے پانی ، ٹیوب ویل کے پانی سے یا پانی خرید کر سیراب کی جاتی ہو جیسے نہر کا پانی ، ٹیوب ویل کا پانی خرید کر سیراب کی جاتی ہے تو ایسی صورت میں بھی نصف عشر (بیسواں) حصہ ہے آج کل آبیانہ دے کر زمین سیراب کی جاتی ہے ۔ یہ آبیانہ مشقت و محنت کا قائم مقام ہے لہٰذا موجودہ نظام کے تحت نہری پانی سے سیراب کی جانے والی زمینوں کی پیداوار میں بھی بیسواں حصہ ہے ۔ ” [بلوغ المرام 1/404۔ 405 اردو]
نہری پانی سے سیراب ہونے والی فصل پر بھی نصف عشر ہے ، یہی حق ہے اور میر ےاستاد حافظ شریف حفظہ اللہ بھی اسی کے قائل ہیں۔
——————
پانی پینے کے آداب:
➊ پانی پینے سے پہلے بسم اللہ پڑھی جائے ۔ [الاوسط للطبرانی 2/351]
➋ پانی دائیں ہاتھ سے پیا جائے ۔ [صحیح مسلم: 2020]
➌ پانی تین سانسوں میں پیا جائے ۔
سیدنا انس سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ پینے کی چیز (مشروب) تین سانسوں میں پیتے تھے ۔ [صحیح بخاری: 5631، و مسلم: 2028] یعنی پانی پیتے وقت تین بار سانس لیا جائے اور پھر سانس برتن سے منہ ہٹا کر لینا چاہئے کیونکہ رسول اللہ ﷺ نے برتن میں سانس لینے سے منع فرمایا ہے ۔ [صحیح بخاری: 5630، صحیح مسلم: 267]
➍ پانی بیٹھ کر پیا جائے۔
سیدنا انس سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے کھڑے ہو کرپانی پینے سے منع فرمایا ہے ۔ قتادہ نے کہا: ہم نے سیدنا انس سے پوچھا کہ کھڑے ہو کر کھانا کھانے کا کیا حکم ہے ؟ انہوں نے فرمایا: یہ تو سب سے بدتر یا سب سے زیادہ خبیث (عمل) ہے ۔
اور مسلم کی روایت میں ہے کہ نبی ﷺ نے کھڑے ہو کر پانی پینے سے سختی سے منع فرمایا ہے ۔ [صحیح مسلم: 2024]
سیدنا ابوہریرہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے ارشاد فرمایا کہ“ تم میں سے کوئی شخص ہرگز کھڑے ہو کر نہ پیئے اور جوبھول کر پی لے تو اسے چاہئے کہ قے کردے ۔ [صحیح مسلم: 2026]
علامہ نووی نے ان دونوں احادیث پر باب قائم کیا ہے کہ” کھڑے ہو کر پانی پینا مکروہ ہے ۔ “
اہم فائدہ:
یاد رہے کہ عام اور اکثر محدثین کی یہ عادت مبارکہ ہے کہ وہ اپنی کتاب صحیح مسلم میں خود ابواب بندی نہیں کی بلکہ مختلف علماء نے کی ہے جن میں علامہ نووی بھی ہیں۔ صحیح مسلم مع شرح النووی کا وہ متداول نسخہ جو مدارس دینیہ میں پڑھایا جاتا ہے ۔ اس میں ابواب اور عنوان علامہ نووی کے قائم کردہ ہیں اس بات کی صراحت درج ذیل علماء نے کی ہے:
➊ علامہ نووی [مقدمہ شرح صحیح مسلم للنووی 1/7 ط درسی]
➋ ڈاکٹر صبحی صالح [علوم الحدیث ص 155، اردو]
➌ محدث العصر شیخنا ارشاد الحق الاثری حفظہ اللہ [ہفت روزہ الاعتصام ج 58 شمارہ 30 ص 18]
➍ ہمارے استادِ محترم حافظ زبیر علی زئی حفظہ اللہ [نصر الباری ص 141]
تنبیہ:
کھڑے ہو کر پانی پینے سے منع والی روایات دوسرے دلائل کی رُو سے منسوخ ہیں یا کراہت وغیراَولیٰ پر محمول ہیں۔ /زع
36: بعض صورتوں میں کھڑے ہو کر پانی پینا جائز ہے ۔
➊ آبِ زمزم کھڑے ہو کر پینا
سیدنا ابن عباس رضی اللہ تعالیٰ عنہما سے روایت ہے کہ میں نے رسول اللہ ﷺ کو زمزم کا پانی پلایا تو آپﷺ نے اسے نوش فرمایا حالانکہ آپ (سواری پر ) کھڑے تھے۔ [صحیح بخاری: 1637، صحیح مسلم: 2027]
علامہ نووی نے اس پر باب قائم کیا ہے کہ آب زمزم کھڑے ہو کر پینا
مکہ سے مختلف اور دور دراز علاقوں میں زم زم لے کر جانا بالکل جائز ہے ۔ دیکھئے سنن الترمذی [993 و سندہ صحیح]
لیکن یہ زمزم دوسرے علاقوں میں لے جا کر کھڑے ہو کر یا قبلہ رخ ہو کر پینا قطعاً ثابت نہیں ہے ۔
➋ وضو کا بچا ہوا پانی کھڑے ہو کر پینا
نزال (بن سبرہ) سے روایت ہے ، فرماتے ہیں کہ سیدنا علی (مسجد کوفہ میں) بڑے چبوترے کے دروازے سے تشریف لائے اور کھڑے ہو کر پانی پیا، پھر فرمایا: “ بعض لوگ کھڑے ہو کر پانی پینے کو ناپسند سمجھتے ہیں حالانکہ بلاشبہ میں نے رسول اللہ ﷺ کو اسی طرح (پانی پیتے ہوئے) دیکھا ہے ، جس طرح تم نے مجھے دیکھا کہ میں نے کیا ۔ ” [صحیح بخاری: 5615]
یہ وضو کا بچا ہوا پانی تھا جس طرح کہ صحیح بخاری [5616] میں و ضاحت ہے۔
امام بخاری نے عام پانی پینا مراد لیا ہے خواہ وہ زمزم ہو یا عام پانی ۔
➌ اگر پانی کا برتن لٹکا ہوا ہے تو بھی کھڑے کھڑے پانی پینا جائز ہے۔
سیدہ ام ثابت کبشہ بنت ثابت، ہمشیرۂ حسان بن ثابت رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ میرے پاس تشریف لائے اور آپ نے کھڑے کھڑے ایک لٹکے ہوئے مشکیزے کے منہ سے پانی پیا پس میں اٹھی اور اس کےمنہ والے حصے کو میں نے (بطورِ تبرک رکھنے کے لئے ) کاٹ لیا۔ [سنن الترمذی: 1892 وقال: حسن صحیح ، و سندہ حسن]
➍ بغیر کسی مجبوری کے بعض دفعہ کھڑے کھڑے پانی پینا
سیدنا ابن عمررضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ ہم نبی کریم ﷺ کے زمانے میں چلتے پھرتے کھا لیتے اور کھڑے کھڑے پانی (بھی ) پی لیتے تھے۔ [سنن الترمذی: 1880، صحیح]
عمرو بن شعیب اپنے والد (شعیب) سے اور وہ اپنے دادا سے روایت کرتے ہیں کہ میں نے رسول اللہ ﷺ کو کھڑے اور بیٹھے (دونوں طرح پانی وغیرہ) پیتے ہوئے دیکھا ہے ۔ [سنن الترمذی: 1883 و سندہ حسن]
امام ترمذی نے ان حدیثوں پر باب باندھا ہے کہ ” کھڑے ہو کر پانی پینے میں رخصت ہے۔ “
علامہ نووی نے مذکورہ احادیث پر باب قائم کیا ہے کہ” کھڑے کھڑے پانی پینے کا جواز اور بیٹھ کر پینے کے افضل ہونے کا بیان “ [ریاض الصالحین 1/625 ط/ دارالسلام، اردو]
حافظ ابن حجر نے اس موقف (جن احادیث میں کھڑے ہو کر پانی پینے سے منع کیا گیا ہے ، ان کو کراہت تنزیہی پر محمول کیا جائے گا ) کو سب سے اچھا قرار دیا ہے ۔ [فتح الباری 10/86۔ 87]
حافظ صلاح الدین یوسف حفظہ اللہ لکھتے ہیں کہ“ ابتداء میں (ریاض الصالحین میں واردشدہ احادیث کی ترتیب پر از ناقل) ذکر کردہ احادیث سے اگرچہ کھڑے پانی پینے اور کھانے کا جواز ملتا ہے لیکن ان پر عمل بوقت ضرورت (یا مجبوری) ہی کیا جاسکتا ہے ورنہ اصل مسئلہ یہی ہے کہ جہاں تک ممکن ہو بیٹھ کر ہی کھایا پیا جائے ، یہی افضل عمل ہے ۔ آج کل دعوتوں میں کھڑے کھڑے کھانے کا رواج عام ہوگیا ہے ۔ لوگ کہتے ہیں کہ اس میں سہولت ہے کہ بیک وقت سارے لوگ فارغ ہوجاتے ہیں لیکن دوسری طرف اس کی قباحتوں کو ، جو اس ایک سہولت کے مقابلے میں بہت زیادہ ہیں، نہیں دیکھتے۔ اس میں ایک تو مغرب نقالی ہے جو حرام ہے ، دوسرے نبی کریم ﷺ نے کھڑے کھڑے ہو کر کھانے پینے سے سختی کے ساتھ منع فرمایا ہے تیسرے اس میں جو بھگڈر مچتی ہے وہ کسی باوقار اور شریف قو م کے شایانِ شان نہیں۔ چوتھے اس میں ڈھورڈنگروں کےساتھ مشابہت ہے، گویا اشرف المخلوقات انسانوں کو ڈھورڈنگروں کی طرح چارہ ڈال کر کھول دیا جاتا ہے ، پھر جو طوفانِ بدتمیزی برپا ہوتاہے، اس پر جانور بھی شاید شرماجاتے ہوں۔ پانچویں، انسان نما جانوروں کو باڑے یا اصطبل میں جمع کرنے کے لئے وقت پر آنے والوں کو نہایت اذیت ناک انتظار کی زحمت میں مبتلا رکھا جاتا ہے جس سے ان کا قیمتی وقت بھی ضائع ہوتا ہےا ور انتظار کی شدید مشقت بھی برداشت کرنا پڑتی ہے ۔ ششم اس انتظار کی گھڑیوں میں یا تو فلمی ریکارڈنگ سننے پر انسان مجبور ہوتا ہے یا بھانڈ میراثیوں کی جگتیں یا میوزک کی دھنیں سننے پر ۔ ہفتم یہ کہ اس طرح کھانا ضائع بھی بہت ہوتا ہے ، بہرحال دعوتوں میں کھڑے کھڑے کھانے کارواج یکسر غلط ہے اور مذکورہ سارے کام بھی شیطانی ہیں۔ اس لئے دعوتوں کا یہ انداز بالکل ناجائز اور حرام ہے ۔ اس کے جواز کی کوئی گنجائش نہیں ہے ۔ [ریاض الصالحین 1/627، اردو]
——————
پانی پینے کے بعد اللہ ﷻ کی حمد بیان کرنی چاہئے
رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: اللہ تعالیٰ ایسے شخص سے راضی ہوتا ہے جو کھانا کھانے یا مشروب [پانی وغیرہ] پینے کے بعد اللہ کی حمد بیان کرتا ہے ۔ [صحیح مسلم: 2734]
38: سونے اور چاندی کے برتن میں نہ پیا جائے ۔ [صحیح بخاری: 5633، صحیح مسلم: 2067]
39: اگر پانی میں تنکا پڑا ہو تو اسے پھونک مار کر نہ گرائیں بلکہ برتن ٹیڑھا کرکے اسے بہا دیں۔ [سنن الترمذی: 1887 و سندہ صحیح]
40: پانی پلانے کے آداب
پانی پلانا بڑا اچھا عمل ہے اور اس میں بہت ثواب ہے ۔
ایک آدمی نے پیاسے کتے کو پانی پلایا تھا، اس وجہ سے اللہ ﷻ نے اس کو معاف کردیا ۔ [صحیح بخاری: 2363]
جب جانوروں کو پانی پلانے کی اتنی فضیلت ہے تو پھر اشرف المخلوقات انسانوں کو پانی پلانے کی کیا فضیلت ہوگی؟
➊ پانی پہلے دائیں طرف والے آدمی کو پلائیں۔ [صحیح بخاری: 5619]
➋ پانی کابرتن دائیں ہاتھ سے دیا جائے اور دائیں ہاتھ سے ہی پکڑا جائے ۔ [صحیح مسلم: 2020]
➌ پانی پلانے والا سب سے آخر میں پیئے۔ [صحیح مسلم: 281]
➍ پانی پلانے والے کو یہ دعا دی جائے اللهم اطعم من أطعمني واسقِ من سقاني [صحیح مسلم: 2055]
بعض لوگ خاص دنوں میں پانی کی سبیلیں لگاتے ہیں یہ بدعت ہے، اس سے بچا جائے ۔
One Response
اللہ تعالی اس ویب سائٹوالو بھائیوں کو جزائے خیر عطافرمائے کہ جنھوں نے بڑی محنت سے اس مضمون کو کمپوز کیا اور اپنی قیمتی ویب سائٹ پر اس کو جگہ دی بارک اللہ فیکم
میں اپنی تمام تحریریں ان پیج میں دینے کے لئے تیار ہوں اگر آپ کو چاہیں تو رابطہ:ialhusainwy@gmail.com