191۔ کیا شیطان ہی نے عاد و ثمود کے لیے معصیت کو مزین کیا تھا ؟
جواب :
اللہ تعالیٰ نے فرمایا :
وَعَادًا وَثَمُودَ وَقَد تَّبَيَّنَ لَكُم مِّن مَّسَاكِنِهِمْ ۖ وَزَيَّنَ لَهُمُ الشَّيْطَانُ أَعْمَالَهُمْ فَصَدَّهُمْ عَنِ السَّبِيلِ وَكَانُوا مُسْتَبْصِرِينَ ﴿٣٨﴾
’’اور عاد اور ثمود کو (ہم نے ہلاک کیا) اور یقین ان کے رہنے کی کچھ جگہیں تمھارے سامنے آ چکی ہیں اور شیطان نے ان کے لیے ان کے کام مزین کر دیے، پس انھیں اصل راستے سے روک دیا، حالانکہ وہ بہت سمجھ دار تھے۔“ [العنكبوت: 38 ]
آیت مذکورہ میں اللہ تعالیٰ رسولوں کی تکذیب کرنے والی امتوں کے بارے خبر دیتے ہیں کہ کیسے اس نے انھیں ہلاک کیا اور ان پر کئی قسموں کے عذاب مسلط کیے اور ان سے انتقام لیتے ہوئے ان کا مواخذاه کیا۔ پس ہود علیہ السلام کی قوم عاد، یمن کے جنوب میں حضر موت کے قریب احقاف نامی بستی میں آباد تھی اور صالح علیہ السلام کی قوم ثمود، وادی قریٰ میں آباد تھی۔ عرب لوگ ان کے مسکن سے واقف ہیں۔ شیطان کے ان کے برے اعمال کو مزین کرنے ہی نے ان کو سیدھے راستے سے روکا تھا۔