مرکزی مواد پر جائیں
18 شعبان، 1447 ہجری

گھر بار اور اہل و عیال کی حفاظت کے طریقے صحیح احادیث کی روشنی میں

فونٹ سائز:
یہ اقتباس شخبوط بن صالح بن عبدالھادی المری کی کتاب اپنے آپ پر دم کیسے کریں (نظربد، جادو، اور آسیب سے بچاو اور علاج) سے ماخوذ ہے۔ کتاب پی ڈی ایف میں ڈاونلوڈ کریں۔
مضمون کے اہم نکات

بیوی کے پاس آنے سے پہلے کی دعا:

❀رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
جب تم میں سے کوئی شخص اپنی اہلیہ کے پاس جانے کا ارادہ کرے اور یہ دعا پڑھے:
بِسْمِ اللَّهِ اللَّهُمَّ جَنِّبْنَا الشَّيْطَانَ وَجَنِّبِ الشَّيْطَانَ مَا رَزَقْتَنَا
اللہ کے نام سے، اے اللہ! ہمیں شیطان سے بچا، اور جو بچہ آپ ہمیں عطا کریں اسے بھی شیطان سے بچا۔
اس جماع کے بعد ان کے درمیان جو بھی اولاد مقدر ہوئی، شیطان اسے کبھی تکلیف نہیں دے گا۔
[البخاري: 3371، مسلم: 1434]
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم حضرت حسن رضی اللہ عنہ اور حسین رضی اللہ عنہ کو ان الفاظ کے ساتھ اللہ کی پناہ میں دیتے:
أَعِيذُكُمَا بِكَلِمَاتِ اللَّهِ التَّامَّةِ مِنْ كُلِّ شَيْطَانٍ وَهَامَّةٍ وَمِنْ كُلِّ عَيْنٍ لَامَّةٍ
میں تم دونوں کو اللہ کے مکمل کلمات کی پناہ میں دیتا ہوں ہر شیطان اور زہریلے جانور سے اور ہر لگ جانے والی نظر سے۔
[البخاري: 3371]
❀رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا فرمان ہے کہ:
جب تم میں سے کوئی شخص اپنے بھائی یا اپنی ذات یا اپنے مال میں سے کوئی ایسی چیز دیکھے جو اسے اچھی لگے تو اس کے لیے برکت کی دعا کرنی چاہیے، کیونکہ نظر لگ جانا حق ہے۔
[أحمد: 4/447، صحيح ابن ماجه: 2828]
❀ اللہ سبحانہ وتعالیٰ فرماتے ہیں:
وَلَوْلَا إِذْ دَخَلْتَ جَنَّتَكَ قُلْتَ مَا شَاءَ اللَّهُ لَا قُوَّةَ إِلَّا بِاللَّهِ
[الكهف: 39]
اور جب تم اپنے باغ میں داخل ہوئے تو تم نے ماشاء اللہ لا قوة إلا بالله کیوں نہ کہا؟

حسب استطاعت جمائی کو روکنے کی کوشش:

❀رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا فرمان ہے کہ:
جب تم میں سے کسی شخص کو جمائی آئے تو وہ اپنے منہ پر ہاتھ رکھ لے، اس لیے کہ منہ کھلا رہنے سے شیطان داخل ہو جاتا ہے۔
[مسلم: 2995]

گوبر اور ہڈی سے استنجا کرنے کی ممانعت:

❀رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
تم گوبر اور ہڈی سے استنجا نہ کرو، بیشک یہ تمہارے جنات بھائیوں کی غذا ہے۔
[صيحيح أبى داؤد 29]
ایک دوسری روایت میں ہے: کوئی انسان ہڈی سے استنجا نہ کرے اور نہ ہی گوبر یا پکی ہوئی مٹی سے استنجا کرے۔
[صحيح الجامع: 582]

سوراخ میں پیشاب کرنے کی ممانعت:

❀رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
تم میں سے کوئی بھی کسی سوراخ میں پیشاب نہ کرے۔
حضرت قتادہ رضی اللہ عنہ سے پوچھا گیا: سوراخ میں پیشاب کرنے سے کیوں منع کیا گیا ہے؟ تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: اس لیے کہ وہ جنات کی رہائش گاہ ہیں۔
[مسند أحمد: 5/82، صحيح]
گھر کے سانپ کو نوٹس دینے سے قبل نہ مارا جائے:
❀رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
إن بالمدينة نفرا من الجن قد أسلموا، فمن رأى شيئا من هذه العوامر فليؤذنه ثلاثا، فإن بدا له بعد فليقتله، فإنه شيطان
بیشک مدینہ میں جنات کا ایک گروہ مسلمان ہو چکا ہے، پس جو گھریلو سانپوں میں سے کسی کو دیکھے تو اسے تین دن کی مہلت دے؛ اگر وہ اس کے بعد بھی سامنے آئے تو اسے مار ڈالے کیونکہ وہ شیطان ہے۔
[مسلم: 2236، صحيح الترمذي: 18، صحيح أبي داؤد: 29]
ایک صحابی نے ایسے ہی ایک سانپ کو مار ڈالا تھا جو کہ اس کی موت کا سبب بن گیا۔
[دیکھیں پورا قصہ: مسلم: 2236]
اس سے دو قسم کے سانپوں کا استثناء ہے: ایک دم کٹا، اور دوسرا دو دھاریوں والا؛ ان سانپوں کو مارنے کا حکم دیا گیا۔ صحیحین میں ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ ان جنات کو قتل کر دیا جائے جو گھروں میں ہوتے ہیں، سوائے دم کٹے اور دو دھاریوں والے کے۔
[البخاري: 3297، مسلم: 2233]

دم کٹا:

علماء اس کے متعلق لکھتے ہیں کہ یہ انتہائی چھوٹی دم والا ایک جانور سا ہے، جو کوئی اسے دیکھتا ہے وہ یہ گمان نہیں کر سکتا کہ اس کی دم بھی ہے۔

دو دھاریوں والا:

یہ ایک لمبا سانپ ہوتا ہے، اس کی پشت پر دو کالے رنگ کی دھاریاں ہوتی ہیں۔
ان کے علاوہ جتنی بھی قسم کے گھریلو سانپ ہوتے ہیں، انہیں تین دن تک تنگ کیا جائے۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ان گھروں میں کچھ گھریلو سانپ رہتے ہیں، پس اگر تم ان میں سے کسی کو دیکھو تو تین دن تک اسے تنگ کرو۔
[شرح صحیح مسلم از ابن عثیمین رحمہ اللہ: 4/269]
اگر وہ چلا جائے تو ٹھیک، ورنہ اسے قتل کر ڈالو کیونکہ وہ کافر ہے۔
جب بھی انہیں تنگ کیا جائے تو اپنی نظروں کو بچا کر رکھا جائے۔ تین بار تک ایسا کرے۔ اگر وہ نہ بھاگے تو آپ کو حق حاصل ہے کہ اسے مار ڈالیں۔
[ یہ بات میں نے ابن باز رحمہ اللہ سے ایک درس میں سنی ہے]
اس لیے کہ اگر وہ پھر واپس آجائے تو یہ اس امر کی دلیل ہے کہ وہ جن نہیں ہے۔ پس اسے مار ڈالا جائے۔ اور اگر وہ گھر سے نکل جائے اور واپس نہ آئے تو معاملہ ختم ہو گیا۔ اگر وہ جن ہی ہو اور ایک بار بھاگ کر پھر واپس آجائے تو اس نے خود اپنے خون کو رائگاں کر دیا، کیونکہ اسے تین بار تنگ کرنے تک بھی وہ گھر میں باقی رہا یا دوبارہ لوٹ کر گھر میں آیا۔
رہ گئے وہ سانپ جو گھروں میں نہیں ہوتے، انہیں تنگ کیے بغیر ہی قتل کر دیا جائے گا، حتیٰ کہ وہ سانپ جو مساجد میں پائے جائیں انہیں بھی مار ڈالا جائے گا۔
امام مالک رحمہ اللہ فرماتے ہیں: جو سانپ مساجد میں پائے جائیں، انہیں مار ڈالا جائے۔
[شرح صحیح مسلم از ابن عثیمین رحمہ اللہ: 4/269]

اونٹوں کے باڑے میں نماز کی ممانعت:

رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
اونٹوں کے باڑے میں نماز نہ پڑھا کرو، کیونکہ وہ شیاطین کے ٹھکانے ہوتے ہیں۔
[أحمد: 3/419، السلسلة الصحيحة: 5/299، أحمد: 4/352، صحيح الجامع: 7351]

شیاطین کے مکرو فریب سے بچنے کی دعا:

❀ حضرت عبدالرحمن بن خنبش رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں:
کسی وادی میں شیاطین رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی طرف آئے اور آپ پر چٹانوں کو گرانے لگے۔ ان میں سے بعض شیاطین کے پاس آگ کے شعلے تھے جن سے وہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو جلا نا چاہتے تھے۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو ان حالات میں خوف سا محسوس ہوا، تو اتنے میں جبریل علیہ السلام تشریف لائے اور فرمایا: اے محمد صلی اللہ علیہ وسلم! یہ دعا پڑھو:
أَعُوذُ بِكَلِمَاتِ اللَّهِ التَّامَّاتِ الَّتِي لَا يُجَاوِزُهُنَّ بَرٌّ وَلَا فَاجِرٌ مِنْ شَرِّ مَا خَلَقَ وَذَرَأَ وَبَرَأَ، وَمِنْ شَرِّ مَا يَنْزِلُ مِنَ السَّمَاءِ وَمِنْ شَرِّ مَا يَعْرُجُ فِيهَا، وَمِنْ شَرِّ مَا ذَرَأَ فِي الْأَرْضِ، وَمِنْ شَرِّ مَا يَخْرُجُ مِنْهَا، وَمِنْ شَرِّ فِتَنِ اللَّيْلِ وَالنَّهَارِ، وَمِنْ شَرِّ كُلِّ طَارِقٍ إِلَّا طَارِقًا يَطْرُقُ بِخَيْرٍ يَا رَحْمَٰنُ
میں اللہ کے ان مکمل کلمات کی پناہ مانگتا ہوں، جن سے کوئی نیک و بد آدمی تجاوز نہیں کر سکتا، اس چیز کے شر سے جسے اس نے پیدا فرمایا، پھیلایا اور وجود عطا کیا؛ اور اس چیز کے شر سے جو آسمان سے اترتی ہے، اور اس چیز کے شر سے جو آسمان پر چڑھتی ہے، اور اس چیز کے شر سے جسے اس نے زمین میں پھیلایا، اور اس چیز کے شر سے جو اس سے نکلتی ہے، اور رات اور دن کے فتنوں کے شر سے، اور رات کے وقت ہر آنے والے کے شر سے سوائے اس آنے والے کے جو خیر کے ساتھ آئے، اے نہایت رحم کرنے والے۔
[أحمد: 3/419، السلسلة الصحيحة: 5/299]
اس دعا کے پڑھنے سے شیاطین ناکام ہو گئے اور ان کی آگ بجھ گئی۔

اہم: ویب سائٹ یا موبائل ایپ پر کوئی خرابی نظر آئے تو براہِ کرم فوری طور پر واٹس اپ پر اطلاع دیں یا ای میل کریں۔