سوال
محترم حافظ صاحب!
میرے گھریلو حالات بہت خراب ہیں اور سسرال والوں کے ساتھ شدید جھگڑا چل رہا ہے۔ میں حق پر ہوں۔ آپ میرے لیے دعا فرمائیں اور کوئی مؤثر وظیفہ بھی بتائیں۔
جواب
الحمد لله، والصلاة والسلام علىٰ رسول الله، أما بعد!
اللہ تعالیٰ ہر طرح کی پریشانی کو دور فرمائے، بالخصوص آپ کے گھریلو حالات کو جلد از جلد بہتر بنائے اور آپ کے سسرال والوں کو بھی راہ راست پر لے آئے۔ میں آپ کے لیے اصلاحِ احوال کی دعا کرتا ہوں، اور إن شاء الله تعالى رات کو بھی خصوصی دعا کروں گا۔
آپ خود بھی یہ دعا کثرت سے پڑھتے رہا کریں:
{رَبَّنَا هَبْ لَنَا مِنْ أَزْوَاجِنَا وَذُرِّيَّاتِنَا قُرَّةَ أَعْيُنٍ وَاجْعَلْنَا لِلْمُتَّقِينَ إِمَامًا}
"اے ہمارے پروردگار! ہمیں ہماری بیویوں اور اولاد سے آنکھوں کی ٹھنڈک عطا فرما، اور ہمیں پرہیزگاروں کا امام بنا”
[الفرقان ۷۴، پ ۱۹]
جمعہ کے دن کی خاص گھڑی میں دعا کی تلقین
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
"جمعہ کے دن ایک گھڑی ایسی ہوتی ہے کہ مسلمان اگر اس وقت میں اللہ تعالیٰ سے کوئی جائز ضرورت مانگے تو اللہ تعالیٰ اس کی دعا کو قبول فرماتے ہیں اور وہ چیز عطا فرما دیتے ہیں جو اس نے طلب کی ہو۔”
لہٰذا آپ جمعہ کے دن اس مبارک گھڑی میں مذکورہ بالا دعا پڑھا کریں اور اس عمل کو باقاعدگی سے جاری رکھیں۔
اس گھڑی کے متعلق روایات:
❀ ایک روایت کے مطابق: امام کے منبر پر بیٹھنے کے وقت سے لے کر نماز جمعہ مکمل ہونے تک کا وقت ہے۔
❀ دوسری روایت کے مطابق: نماز عصر کے بعد سے لے کر غروبِ آفتاب تک کا وقت ہے۔
آپ ان دونوں اوقات میں اصلاحِ احوال کے لیے دعا کرتے رہیں۔ إن شاء الله تعالى آپ کی دعا قبول ہو گی اور آپ کی پریشانیاں دور ہو جائیں گی۔
۲۵/۸/۱۴۱۱ھ